ای سی او وزراء کونسل کا 30واں اجلاس
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 30ویں وزرائے کونسل اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد اعلامیے اور ای سی او ویژن 2035ء کا خیرمقدم کرتے ہوئے معاہدوں پر مؤثر…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
ای سی او وزراء کونسل کا 30واں اجلاس: ویژن 2035 اور علاقائی معاشی ترقی
وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی معاشی تعاون کو تیز کرنے کے لئے موجودہ معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ مشترکہ ویژن کو خطے کے عوام کے لئے حقیقی فوائد کے حامل عملی اقدامات میں تبدیل کیا جا سکے۔ اُنہوں نے اِن خیالات کا اظہار پیر کو ای سی او ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے اسلام آباد اعلامیے اور 2026ء سے 2035ء تک معاشی تعاون کے لئے طے کیے گئے سٹرٹیجک اہداف کی منظوری کا بھی خیرمقدم کیا۔اُنہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، علاقائی راہداریوں، توانائی، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد سے بھی ملاقات کی جس میں مسلم اُمہ کو درپیش پیچیدہ چیلنجوں سے نبٹنے کے لئے اسلامی تعاون تنظیم کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے علاوہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مذکورہ بالا کانفرنس سے اختتامی خطاب اور بعدازاں پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ مکہ دفاعی اتحاد کی سٹرٹیجک سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا آئندہ اجلاس رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد میں ہو گا جبکہ اِس اتحاد کا دائرہ کار صرف تین ممالک تک محدود رکھنے کا ارادہ نہیں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 2026ء اور 2027ء کے لئے ای سی او کی صدارت کا بنیادی مقصد علاقائی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ وسطی اور جنوبی ایشیاء کے درمیان روابط مضبوط بنانا ہے،پاکستان تنظیم کے چارٹر، خود مختاری،مساوات، باہمی احترام، عدم مداخلت اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کے اصولوں کے حصول کے لئے پُرعزم ہے۔ ای سی او ویژن 2035ء متعارف کرا دیا گیا ہے تاہم پانچ اہم ترجیحات پر پیشرفت کے لئے خطے میں امن اور استحکام ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ علاقائی روابط محض سڑکوں اور تجارتی راستوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون، معاہدوں کے احترام اور تنازعات کے پُراَمن حل سے بھی جُڑے ہیں، پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے کشیدگی میں کمی اور پائیدار اَمن کے قیام کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔ ایران اور امریکہ کے درمیان معاملات سیمتعلق سوال پر نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوششیں ترک نہیں کیں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے ذریعے معاملات کے حل کے لئے پُراُمید ہے۔ افغانستان کے حوالے سے اُنہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو افغان عوام سے کوئی مسئلہ نہیں بلکہ اُس کی تشویش دہشت گرد تنظیموں اور پاکستانی سرزمین پر اُن کے حملوں سے متعلق ہے۔ پاکستان کا بنیادی مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین کسی بھی ہمسایہ ملک،بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہو۔ افغانستان دہشت گرد عناصر کے خلاف عملی کارروائی کرتا ہے تو پاکستان تعاون، حمایت اور مدد کے لئے تیار ہے۔اُنہوں نے کہا کہ افغانستان ایک قدم آگے بڑھائے تو پاکستان دو قدم آگے بڑھنے کے لئے تیار ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او ممالک نے امریکہ کے ساتھ جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے سلسلے میں تہران کے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔ واشنگٹن ایرانی شرائط تسلیم کر لیتا ہے تو ایران دو روز کے اندر آبنائے ہرمز کھولنے پر تیار ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ثالثی کردار پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ وزرائے کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تہران کے علاقائی ممالک کے ساتھ کوئی بنیادی تنازعات نہیں اور وہ دوستانہ و تعمیری تعلقات کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے،تاہم کسی بھی علاقائی ملک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات کو دوسرے ملک کے خلاف حملوں کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ان کے مطابق علاقائی روابط، تجارت میں آسانی اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے اجتماعی استحکام کو تقویت ملے گی، بیرونی خطرات اور انحصار میں کمی آئے گی اور ایک مربوط و خودکفیل خطے کی تشکیل ممکن ہو گی۔ انہوں نے جدید، جامع اور مؤثر تجارتی معاہدے کو علاقائی تجارت کے فروغ اور اقتصادی استحکام کے لئے اہم قرار دیا۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 10 رُکن ممالک قدرتی وسائل، افرادی قوت، زرعی پیداوار، صنعتی صلاحیت اور جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار سے ایک دوسرے کی معاشی ضروریات پوری کرنے کی بھرپور استعداد رکھتے ہیں۔ 1985ء میں پاکستان، ایران اور ترکیہ نے اِس تنظیم کی بنیاد رکھی، بعد ازاں افغانستان اور وسطی ایشیاء کی پانچ ریاستوں کی شمولیت سے اِس کے ارکان کی تعداد 10 ہوگئی۔ ایران، آذربائیجان، قازقستان اور ترکمانستان تیل اور قدرتی گیس کے وسیع ذخائر رکھتے ہیں جبکہ قازقستان اور اْزبکستان سونے، یورینیم اور دیگر معدنی وسائل سے مالا مال ہیں۔ ترکیہ مضبوط صنعتی اور برآمدی معیشت کا حامل ہے،پاکستان زراعت، ٹیکسٹائل اور معدنیات کے شعبوں میں اہمیت رکھتا ہے،افغانستان وسطی اور جنوبی ایشیاء کے درمیان تجارتی راہداری بننے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ تاجکستان اور کرغزستان پن بجلی کے وسائل سے مالا مال ہیں۔ اِن ممالک کی معاشی صلاحیتوں کو یکجا کرکے توانائی، صنعت، خوراک، معدنیات اور تجارت کے شعبوں میں ایک مضبوط علاقائی منڈی تشکیل دی جا سکتی ہے تاہم سیاسی کشیدگی، باہمی عدم اعتماد، سرحدی تنازعات، افغانستان کی غیر یقینی صورتحال، دہشت گردی، ایران پر عائد پابندیاں اور عالمی طاقتوں کے اختلافات اِس تعاون کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں تناؤ، ایران اور امریکہ کی کشیدگی اور آبنائے ہْرمز کی صورت حال بھی علاقائی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو متاثر کر رہی ہے۔اِن حالات میں محض اجلاسوں اور اعلامیوں کے بجائے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ رُکن ممالک کو باہمی تنازعات کے حل کے لئے مستقل سفارتی نظام قائم کرنے، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور ایک دوسرے کی خودمختاری و سلامتی کا احترام یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ ترجیحی تجارتی معاہدوں پر عملدرآمد، کسٹمز کے طریقہ کار میں آسانی، مشترکہ بینکاری اور ادائیگیوں کے نظام کے علاوہ مقامی کرنسیوں میں تجارت کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔ ریلوے، شاہراہوں، بندرگاہوں، توانائی کی پائپ لائنوں اور بجلی کی ترسیل کے منصوبوں کے لئے مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ قائم کیا جا سکتا ہے۔پاکستان گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں کو بحیرہ عرب تک رسائی فراہم کر سکتا ہے جبکہ ترکیہ اور ایران مغربی منڈیوں سے رابطوں میں معاون بن سکتے ہیں۔ای سی او کے طے شدہ اہداف پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے منصوبوں کی تکمیل کی مدت، رکن ممالک کی ذمہ داریوں اور پیشرفت کی نگرانی کا مؤثر نظام بھی ضروری ہے جبکہ تعلیم، ٹیکنالوجی، سیاحت، زرعی تحقیق اور ماحولیاتی تحفظ میں تعاون کو بھی ترجیح دی جانی چاہئے۔پاکستان کی صدارت اور ای سی او ویژن 2035ء اِس ضمن میں اہم مواقع فراہم کرتے ہیں، رُکن ممالک اگر سیاسی اختلافات اور سلامتی کے مسائل پر قابو پا کر باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کو ترجیح دیں تو ای سی او ایک مؤثر اقتصادی و تجارتی بلاک بن کر خطے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ایڈیٹوریل نوٹ: یہ مضمون درحقیقت ’روزنامہ پاکستان ‘، پاکستان پر شائع ہوا تھا اور اصل مصنف و اشاعت کے حوالے کے ساتھ ’اقبال فورم‘ کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضمون مصنف کی ذاتی آراء پر مشتمل ہے ضروری نہیں کہ یہ آراء اقبال فورم کے مؤقف کی ترجمانی کریں۔
مصنف کے بارے میں
اداریہ روزنامہ پاکستان
اداریہ
یہ اندراج روزنامہ پاکستان کے اداریے سے متعلق ہے۔ کسی انفرادی مصنف کے بارے میں سوانحی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
پروفائل اور تمام تحریریںاس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
اداریہ روزنامہ پاکستان. «ای سی او وزراء کونسل کا 30واں اجلاس.» اقبال فورم، 18 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=56286.
تبصرے