دوبوڑھے، تاریخ کا کٹہرا
مقالہ نگار نیتن یاہو اور امریکی انتظامیہ کی اس سوچ پر سوال اٹھاتا ہے کہ عسکری برتری یا دباؤ کے ذریعے دائمی امن قائم کیا جا سکتا ہے، اور ایران سمیت خطے…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
نیتن یاہوکی قیادت کے بارے میں بنیادی سوال یہ ہے کہ کیافوجی برتری دیرپاسیاسی امن پیداکرسکتی ہے؟اسرائیل کوسات اکتوبرکے حملوں کے بعداپنے شہریوں کے تحفظ اور یرغمالیوں کی واپسی کاحق حاصل تھا لیکن ریاستی سلامتی کاحق لامحدود نہیں؛اس پربین الاقوامی انسانی قانون کی پابندیاں لاگوہوتی ہیں۔فوجی کارروائی کی قانونی حیثیت کاتعین صرف اس کے اعلان کردہ مقصدسے نہیں،بلکہ ہدف کے انتخاب،متوقع شہری نقصان، احتیاطی تدابیراورحملے کے تناسب سے بھی ہوتا ہے۔ کسی مسلح گروہ کی موجودگی پوری آبادی کو اجتماعی سز دینے کاجوازنہیں بن سکتی۔
غزہ میں تباہی کے باوجودسیاسی مسئلہ حل نہیں ہوا۔اکتوبر2025ء میں ٹرمپ کے غزہ منصوبے سے پیداہونے والی امیدکے باوجوداکتوبر 2026ء تک تعمیر نوکاعمل شدیدرکاوٹوں کا شکاررہا۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت کی شرائط اورغزہ میں انتظامی اختیارکے تنازع نے بحالی کے متعدد منصوبوں کوآگے بڑھنے سے روکے رکھا۔ یہ صورتِحال ایک تلخ حقیقت کی نشاندہی کرتی ہے:اگر جنگ کا اختتام کسی قابلِ قبول سیاسی تصفیے پرنہ ہوتوعسکری کامیابی بھی مستقل امن کی ضمانت نہیں بن سکتی۔ایک قوم کومستقل خوف میں رکھنا، دوسری قوم کومستقل بے یقینی میں مبتلاکرنااوردونوں کے بچوں کونفرت کے ورثے کے حوالے کردینا کسی بھی دانشمند قیادت کی کامیابی نہیں ہوسکتی۔نیتن یاہوکی پالیسیوں پرتنقیداسرائیلی شہریوں کیاجتماعی کردارپرفیصلہ صادر کرنا نہیں۔ اسرائیل کے اندربھی جنگ،یرغمالیوں، حکومت اور مستقبل کے بارے میں اختلافات موجود ہیں ۔انسانیت کا تقاضاہے کہ حکومتوں کے فیصلوں کااحتساب کیا جائے، مگرقوموں اورنسلوں کو اجتماعی مجرم نہ بنایاجائے۔
ایران کے ساتھ تنازع نے اس بحران کوایک نئے اورزیادہ خطرناک مرحلے میں داخل کیا۔ 28 فروری 2026ء کوامریکا اوراسرائیل نے ایران پرحملے شروع کیے،جس کے بعد ایران نے جوابی کارروائیاں کیں اورلبنان سمیت خطے کے دوسرے حصوں میں لڑائی پھیلتی گئی۔مارچ میں ہیومن رائٹس واچ نے خبردارکیاکہ مختلف فریقوں کے اعلی حکام کی دھمکی آمیز زبان،شہری بنیادی ڈھانچے کونشانہ بنانے کے اشارے اوربین الاقوامی قانون سے بے اعتنائی خطے کے قانونی وانسانی تحفظ کے نظام کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔
ایران کی حکومت کی پالیسیوں،اس کے جوہری پروگرام اورعلاقائی کردارپرتنقید کے لئے دلائل موجودہوسکتے ہیں۔اسی طرح اسرائیل اور امریکا اپنے حفاظتی خدشات پیش کرتے ہیں ۔ لیکن اختلافات کا وجودجنگ کے ہرطریقے کوجائزنہیں بنادیتا۔کسی ملک کے جوہری پروگرام کے بارے میں خدشات کاجواب مذاکرات،نگرانی،تصدیق اورواضح معاہدوں سے تلاش کرنابھی ممکن ہے۔ جنگ کے دوران ایران میں شہری علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کوپہنچنے والے نقصان کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ستمبر 2026ء میں تہران کے گنجان آبادعلاقوں پر امریکی واسرائیلی حملوں کی تحقیقات کامطالبہ کیا،جن میں شہری ہلاکتوں اورزخمیوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔تنظیم نے کہاکہ ان واقعات کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ آیاان میں جنگی جرائم کاارتکاب ہوا۔
اسی جنگ میں ایرانی جوابی حملوں سے دوسرے ممالک اورشہریوں کوبھی خطرات لاحق ہوئے۔ شہریوں پرحملے،خواہ کسی بھی فریق کی جانب سے ہوں، قابلِ مذمت ہیں۔انسانیت کے اصول کسی ایک پرچم،مذہب یاسیاسی اتحادکے لئے مخصوص نہیں ہوتے۔یہاں اصل سوال یہ ہے کہ کیا کسی ریاست کواپنی سلامتی کے نام پرایسے اقدامات کرنے کاحق حاصل ہے جن سے پوراخطہ ایک وسیع جنگ میں دھکیل دیاجائے؟ اوراگرکسی فریق کے اقدامات دوسرے ممالک کوجواب دینے پرمجبورکرتے ہیں توکیااس کے رہنماان تمام ممکنہ نتائج کی ذمہ داری سے خودکوالگ کرسکتے ہیں؟
ایران کی مزاحمت کومحض ایک عسکری واقعہ سمجھنا بھی غلط ہوگا۔اس میں خودمختاری،علاقائی طاقت کے توازن،پابندیوں،جوہری تنازع اور مغربی پالیسیوں پردہائیوں سے جاری اختلافات شامل ہیں۔تاہم کسی ریاست کاحقِ دفاع بھی شہریوں اور ہمسایہ ممالک کو غیرمحدود نقصان پہنچانے کاجوازنہیں بن سکتا۔ٹرمپ کی سیاست میں دباؤ،سخت بیانات ،تیز رفتار اعلانات اور ذاتی سیاسی قوت کااظہار نمایاں رہاہے۔لیکن عالمی سیاست کسی کاروباری سودے کی طرح نہیں جس میں فریقین کومحض زیادہ سے زیادہ قیمت اداکرنے پرمجبور کرکے مطلوبہ نتیجہ حاصل کر لیاجائے۔جنگ کے فیصلے بازارکے اعدادوشمار، انتخابی مقبولیت یا ٹیلیوژن کی سرخیوں تک محدودنہیں رہتے۔ان کے اثرات تیل کی قیمتوں، سمندری تجارت، خوراک، بیمہ،نقل وحمل، صنعتی پیداواراورعام شہریوں کے گھریلو اخراجات تک پہنچتے ہیں۔آبنائے ہرمزاس کی نمایاں مثال ہے۔ یہ عالمی توانائی کی تجارت کے اہم ترین راستوں میں شمارہوتی ہے۔ اس کے گرد جنگی خطرات بڑھنے سے صرف ایران یاامریکا متاثرنہیں ہوتے ؛ ایشیا، یورپ اورافریقہ کے ممالک بھی توانائی کی فراہمی اورقیمتوں کے دباؤ کاسامناکرتے ہیں۔
سات اکتوبر2026ء کورائٹرزنے رپورٹ کیاکہ آبنائے ہرمزمیں جہازوں کی آمدورفت دوماہ سے زیادہ عرصے کی کم ترین سطح پرآگئی تھی۔ایک دن پہلے کی رپورٹ کے مطابق تیل بردارجہازوں پرحملے جنگ شروع ہونے کے بعدایک ہفتے میں بلندترین سطح تک پہنچ گئے تھے۔ اس کامطلب یہ ہے کہ جنگ کانقصان میدانِ جنگ کی حدودسے باہرنکل چکا ہے۔کسی دوردرازملک میں ایندھن مہنگاہو،کسی غریب گھرانے کابجٹ بگڑجائے یاکسی ترقی پذیرریاست کوخوراک اورتوانائی کی درآمد کے لئے زیادہ رقم خرچ کرناپڑے تواس بحران کا بوجھ ان لوگوں پر بھی پڑتاہے جن کاجنگ کے فیصلوں میں کوئی کردارنہیں۔یہی وجہ ہے کہ جنگ کو صرف میزائلوں کی تعدادیاتباہ شدہ فوجی تنصیبات کے ذریعے نہیں ناپا جا سکتا۔ اس کی حقیقی قیمت اس مزدورکے خالی بٹوے،اس کسان کی مہنگی کھاد،اس ماں کی مہنگی خوراک اوراس بچے کے چھن جانے والے تعلیمی مستقبل میں بھی لکھی جاتی ہے۔
اقوامِ متحدہ پرتنقیدبجاہے،لیکن اس کی ناکامی کی نوعیت کوسمجھناضروری ہے۔اقوامِ متحدہ کے پاس نہ کوئی ایسی عالمی حکومت ہے جو ہرریاست پریکساں حکم چلاسکے،نہ ہی سلامتی کونسل کے فیصلوں کوہرحال میں نافذ کرنے کی مکمل قوت۔سلامتی کونسل میں ویٹوکا اختیاربڑی طاقتوں کوایسے فیصلوں کوروکنے کی صلاحیت دیتاہے جوان کے مفادات سے متصادم ہوں۔ اس ساختی کمزوری کے باعث عالمی ادارہ بعض بحرانوں میں فیصلہ کن کارروائی کرنے سے قاصررہتاہے۔لیکن یہ کہنابھی درست نہیں کہ اقوامِ متحدہ نے کچھ کیاہی نہیں۔اس کے امدادی ادارے،انسانی حقوق کے ماہرین اور مختلف بین الاقوامی تنظیمیں متاثرہ آبادیوں کی مدد، انسانی صورتِ حال کی دستاویزبندی اورقانون کی پابندی کے مطالبے میں اہم کردار اداکرتے رہے ہیں۔
اصل تضادیہ ہے کہ دنیانے عالمی ادارے تو قائم کرلیے،مگران اداروں کوطاقتورریاستوں کے سامنے غیرجانبدارانہ احتساب کے لئے درکار اختیار پوری طرح نہیں دیا۔جب ایک طاقتورریاست کے اقدامات پرسوال اٹھتے ہیں تواس کے اتحادی سیاسی تحفظ فراہم کرسکتے ہیں۔جب کسی کمزور ریاست پرالزام لگتا ہے توپابندیاں،سفارتی دبایا فوجی کارروائی زیادہ تیزی سے سامنے آسکتی ہے۔ اس عدم توازن سے بین الاقوامی قانون پراعتماد کمزور ہوتاہے۔قانون کی اصل آزمائش یہ نہیں کہ وہ کمزورکوکیسے روکتاہے؛اصل آزمائش یہ ہے کہ وہ طاقتورکوکس حدتک جواب دہ بناتاہے۔
جنگ کے زمانے میں میڈیاصرف واقعات کی خبرنہیں دیتا؛وہ اس اندازکوبھی تشکیل دیتاہے جس میں دنیاان واقعات کوسمجھتی ہے۔ تصاویر،عینی شاہدین کے بیانات،سیٹلائٹ مناظر ،سرکاری پریس کانفرنسیں اور تحقیقاتی رپورٹیں عالمی رائے عامہ پراثراندازہوتی ہیں۔آج غزہ کی تباہی، ایران میں شہری نقصانا ت،لبنان میں بے گھری اورآبنائے ہرمزکے بحران کے بارے میں اطلاعات دنیابھرمیں گردش کررہی ہیں۔بین الاقوامی میڈیا اورانسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹوں نے ایسے سوالات کونمایاں کیاہے جنہیں صرف سرکاری بیانات کے ذریعے نظراندازنہیں کیاجاسکتا۔لیکن میڈیا کے بارے میں بھی احتیاط لازم ہے۔ہر وائرل تصویرکی تصدیق نہیں ہوتی، ہر غیرمصدقہ عددحتمی نہیں ہوتااورہرسیاسی دعوی تحقیق کے بعد درست ثابت نہیں ہوتا۔
مصنف کے بارے میں
اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
سمیع اللہ ملک. «دوبوڑھے، تاریخ کا کٹہرا.» اقبال فورم، 6 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=54387.
تبصرے