مرکزی مواد پر جائیں

مشرقِ وسطیٰ کا آتش فشاں

امریکا اور ایران کے مابین جاری کشمکش اور عسکری نقل و حرکت نے مشرقِ وسطیٰ اور عالمِ اسلام کو ایک شدید ترین بحران کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ 1979ء کے…

متن کی ترتیبات

متن کی ترتیبات

ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشمکش

عالمی سیاست اور جیو پولیٹیکل نظام ایک ایسے پُر خطر اور غیر متوقع دور سے گزر رہا ہے جہاں ذرا سی غلط فہمی یا اشتعال انگیزی تباہ کن نتائج کی حامل ہو سکتی ہے۔ حالیہ عرصے میں ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشمکش، فوجی نقل و حرکت اور تزویراتی جنگ نے بالخصوص مشرقِ وسطیٰ اور بالعموم پورے عالم ِ اسلام کو ایک بڑے بحران کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ یہ محض دو ریاستوں کی باہمی چپقلش نہیں،بلکہ ایک ایسا بین الاقوامی واقعہ ہے جس کے اثرات عالمی معیشت، توانائی کی فراہمی، سرحدی سلامتی اور پاکستان جیسے ہمسایہ ممالک کی داخلی و خارجی صورتحال پر براہِ راست مرتب ہو رہی ہے۔
ایران اور امریکہ کے روابط کی تاریخی تلخی دہائیوں پر محیط ہے۔ 1979ء کے انقلابِ اسلامی کے بعد سے شروع ہونے والی کشمکش، ایٹمی پروگرام پر پابندیوں، اور علاقائی اثر و رسوخ کی جنگ کے ادوار سے گزرتی ہوئی اب ایک کھلے عسکری و سفارتی تصادم میں بدل چکی ہے۔
امریکہ کی جانب سے معاشی پابندیوں کی سخت ترین پالیسی اور مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی کو مضبوط بنانے کے اقدامات، جبکہ دوسری طرف ایران کا اپنے عسکری و تزویراتی دفاع کے لئے درپیش خطرات کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم—ان دو متضاد رویوں نے صورت حال کو اتنی شدت بخش دی ہے کہ سفارتکاری کے دروازے یکسر بند ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ خلیجِ فارس، آبنائے ہرمز اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بحری و فضائی گشت اور ایک دوسرے کے خلاف تند و تیز بیانات نے اس خدشے کو حقیقت میں بدل دیا ہے کہ خطہ کسی بھی وقت ایک وسیع تر جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔
ایران امریکہ تنازع کا سب سے پہلا اور براہِ راست اثر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر پڑا ہے۔ آبنائے ہرمز، جہاں سے دنیا کا تقریباً ایک چوتھائی خام تیل اور مائع قدرتی گیس (LNG) گزرتی ہے، اس وقت انتہائی غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے۔
جنگی خطرات کے باعث خام تیل کی فی بیرل قیمتیں تیزی سے اوپر جا رہی ہیں،اگر اس روٹ میں تجارت معطل ہوتی ہے تو عالمی سطح پر توانائی کا ایسا بحران جنم لے گا جس سے نبردآزما ہونا ترقی پذیر ممالک کیلئے ناممکن ہو جائے گا۔ بین الاقوامی بحری جہاز رانی کے اخراجات اور انشورنس پریمیئم میں خاطر خواہ اضافہ ہو چکا ہے، جس کا نتیجہ عالمی سطح پر اشیائے خورد ونوش اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں نکل رہا ہے۔
اس تصادم نے مشرقِ وسطیٰ کی نازک صورت حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ عرب ممالک ایک نئے امتحان سے گزر رہے ہیں۔ایک طرف امریکہ کے ساتھ ان کے دیرینہ تجارتی و دفاعی معاہدا ت ہیں، تو دوسری طرف خطے میں کسی بھی کھلی جنگ کی صورت میں ان کی اپنی سرزمین پر تباہی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
لبنان، شام، عراق اور یمن جیسے ممالک پہلے ہی مختلف بحرانوں کا شکار ہیں اور اس تصادم کے نتیجے میں وہاں جاری غیر یقینی کی فضا مزید گھمبیر ہو گئی ہے۔ مسلم ممالک پر یہ تاریخی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جذبات سے ہٹ کر دانش مندی اور تدبر کا مظاہرہ کریں، کیونکہ اس جنگ کا کوئی حقیقی فاتح نہیں ہوگا—تباہی صرف اور صرف اس خطے کے عوام کا مقدر بنے گی۔
پاکستان کے لئے یہ تنازع ایک انتہائی نازک سفارتی اور سلامتی کا امتحان بن کر ابھرا ہے۔ پاکستان ایک طرف ایران کے ساتھ طویل سرحد، مذہبی و ثقافتی رشتے اور برادرانہ تعلقات رکھتا ہے، جبکہ دوسری طرف امریکہ اور خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے گہرے اقتصادی و دفاعی روابط ہیں۔
پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج اپنی روایتی غیر جانبدارانہ اور امن پسند پالیسی پر قائم رہنا ہے۔ پاکستان کسی بھی صورت میں اس جنگ کا حصہ بننے یا کسی ایک فریق کا ساتھ دینے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ بلوچستان سرحدی پٹی پر سکیورٹی کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کو سرحدوں کی سخت نگرانی کرنا ہو گی تاکہ جنگ کے اثرات ملکی حدود میں داخل نہ ہوں۔عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان کی داخلی معیشت پر شدید ترین پڑے گا، جہاں پہلے ہی عام شہری مہنگائی سے متاثر ہے۔
اقوامِ متحدہ (UN) اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) سمیت عالمی برادری پر یہ لازمی فرض بنتا ہے کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آئیں۔ جنگیں کسی مسئلے کا دائمی حل نہیں ہوتیں بلکہ نئے بحرانوں کو جنم دیتی ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ ترکیہ، سعودی عرب، اور قطر جیسے ممالک کو مل کر ایک مشترکہ سفارتی بلاک بنانا چاہیے جو ایران اور امریکہ کے مابین فوری رابطے اور کشیدگی میں کمی (D-escalation) کا راستہ ہموار کرے۔
تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں لڑی جانے والی سابقہ جنگوں نے صرف ویرانی، بے گھری اور معاشی تباہی کو جنم دیا ہے۔ ایران اور امریکہ کا تصادم اگر ایک ہمہ گیر جنگ میں تبدیل ہو گیا تو اس کے سائے دہائیوں تک پوری دنیا پر قائم رہیں گے۔
وقت کا تقاضا ہے کہ طاقت کے غرور اور انتقامی سوچ کے بجائے عالمی قوانین، انسانی احترام اور سفارتی افہام و تفہیم کو مقدم رکھا جائے۔ پاکستان سمیت تمام امن پسند ممالک کو دنیا کو تباہی کی اس کھائی سے بچانے کے لئے اپنا مکمل اور موثر کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ امن ہی انسانیت کی بقاء کی واحد ضمانت ہے۔

مصنف کے بارے میں

اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں

حامد ولید. «مشرقِ وسطیٰ کا آتش فشاں.» اقبال فورم، 2 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=53673.

حوالہ دینے کے انداز

حامد ولید. (2 نومبر 2026). مشرقِ وسطیٰ کا آتش فشاں. اقبال فورم. https://iqbalforum.org/ur/?p=53673

متعلقہ تحقیق

تازہ ترین

تبصرے

تبصرہ کریں
1000حروف باقی
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔