مرکزی مواد پر جائیں

مکہ معاہدہ پر پیش رفت کا آغاز، یہ مسلم دنیا کے دفاع کا مضبوط حصار ہے

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے عربی اخبار الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ…

متن کی ترتیبات

متن کی ترتیبات

مکہ معاہدے پر عملی پیش رفت

مکہ معاہدے پر عملی پیش رفت اور پاکستان کا دفاعی کردار

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی اور خود مختاری کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ اس حوالے سے عرب اخبار الشرق الاوسط کو اپنے انٹرویو میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان موجودہ صورت حال میں سعودی عرب کے دفاع کے لئے تمام ضروری اقدامات کے لئے تیار ہے۔ سعودی عرب کو دفاعی مقاصد کے لئے فوجی اہلکار، عسکری صلاحیتیں، تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہے جن میں دفاعی معاونت، فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد مکہ دفاعی اتحاد کی ذمہ داریوں پر عملی پیش رفت کا آغاز ہوا ہے۔ پاکستان نے سعودی شہروں، ہوائی اڈوں اور شہری و اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں ایران کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا مقصد کشیدگی کم کرنے کا لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران ملاقات میں شرکت پاکستان کی مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کا اظہار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چاروں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لئے مذاکرات اور تعاوں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ دریں اثناء سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب آنے والے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیئے تاہم ان کا ملبہ علاقے کے دو مقامات پر گرا۔ سعودی سرکاری ٹی وی نے ان مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مقام صبوحہ گاؤں ہے جو مسجدالحرام سے تقریباً 35 کلو میٹر شمال مشرق میں واقع ہے جبکہ دوسرا مقام وادی المعمس ہے جو مسجدالحرام سے تقریباً 21 کلو میٹر مشرق میں واقع ہے۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق میزائل مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب داغے گئے جنہیں فضائی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کیا۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ مقدس مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ حوثیوں کے خطرناک جارحانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس تناظر میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مکہ معاہدے پر عملی پیش رفت کا آغاز خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال میں ایک اہم اور دوررس نتائج کی حامل پیش رفت ہے۔ بے شک سعودی عرب کا دفاع پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے پاکستان کوئی بھی ضروری اقدام اٹھانے کو تیار ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے عرب اخبار الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے اس غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا جنہوں نے سعودی عرب کے شہروں، ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات پر حملوں کی بھی مذمت کی ہے۔ دوسری جانب چاروں ممالک نے علاقائی امن کے لیے مذاکرات اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ امر واقع ہے کہ موجودہ حالات میں مکہ معاہدہ محض دو یا چند ممالک کے مابین دفاعی تعاون کی دستاویز نہیں بلکہ مسلم دنیا کے اجتماعی دفاع، خودمختاری اور سلامتی کے ایک مضبوط تصور کی بنیاد بن سکتا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی بنیاد مذہبی عقیدت، تاریخی وابستگی، باہمی اعتماد اور آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے جذبے پر استوار ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کی اقتصادی مشکلات کے دوران ہمیشہ معاونت کی اور پاکستان نے بھی سعودی مملکت کی سلامتی اور دفاع کے معاملے میں اپنی ذمہ داری کا احساس کیا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کے مابین محبت اور عقیدت کا رشتہ کسی سفارتی معاہدے کا محتاج نہیں۔ تاہم مکہ معاہدے کے ذریعے اس برادرانہ تعلق کو ایک منظم دفاعی تعاون میں تبدیل کرنے کی کوشش یقیناً غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے۔ اس سے پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور خلیجی ریاستوں کے مابین دفاعی اشتراک کی نئی راہیں بھی کھل سکتی ہیں۔
اس وقت مشرق وسطیٰ جس کشیدہ صورتحال سے گزر رہا ہے، اس میں کسی ایک ملک کی سلامتی کو لاحق خطرات پورے خطے کے امن کو متاثر کر سکتے ہیں۔ امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی، اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں، فلسطین میں جاری مظالم اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیوں نے مسلم دنیا کے لیے کئی نئے چیلنج پیدا کر دیے ہیں۔ ایسے حالات میں مسلم ممالک کا اپنی اجتماعی سلامتی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ مکہ معاہدہ اسی ضرورت کا ایک مؤثر جواب بن سکتا ہے۔ اس کے ذریعے یہ پیغام دیا جا سکتا ہے کہ مسلم ممالک اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور مقدس مقامات کے تحفظ کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کمزوری کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔
سعودی عرب پر باغی حوثیوں کے حملے اس پورے خطے کے امن کے لیے انتہائی تشویشناک ہیں۔ ان حملوں سے نہ صرف سعودی عرب کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں بلکہ مسلم دنیا کے مذہبی جذبات بھی مجروح ہوتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز بھی حوثیوں کی جانب سے مسجدالحرام کے قریب دو بیلسٹک میزائل داغے گئے جنہیں سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا ہی میں تباہ کر دیا۔ اگر یہ میزائل اپنے ہدف تک پہنچ جاتے تو اس کے نتائج کتنے تباہ کن ہو سکتے تھے، اس کا تصور بھی لرزا دینے والا ہے۔ حرمین شریفین بے شک پوری امت مسلمہ کا روحانی مرکز اور عقیدتوں کا محور ہیں اس لئے ان کے قریب کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی ناقابل قبول ہے۔ مقدس مقامات کو علاقائی کشمکش یا کسی فریق کے خلاف دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور خطرناک طرزعمل ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابل غور ہے کہ امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی کی آڑ میں سعودی سرزمین کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش پورے خطے کو ایک نئی اور زیادہ سنگین محاذ آرائی کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ سعودی عرب کو کسی دوسرے ملک کے ساتھ اختلافات یا تنازعے کی سزا دینے کا کوئی جواز نہیں۔ کسی ملک کی خودمختاری اور شہری آبادی پر حملوں کو کسی بھی سیاسی یا عسکری موقف کے ذریعے درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔ چونکہ حوثیوں کے ایسے اقدامات سے مسلم ممالک کے درمیان انتشار اور بداعتمادی پیدا ہونے کا اندیشہ ہے جس کا فائدہ صرف ان قوتوں کو پہنچے گا جو مسلم دنیا کو تقسیم اور کمزور دیکھنا چاہتی ہیں اس لیے ضروری ہے کہ خطے کے تمام فریق اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کا حل تلاش کریں۔
پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے لیے تعاون کا عزم ظاہر کیا ہے۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، عسکری تجربہ اور دفاعی مہارت مسلمہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف طویل جدوجہد اور قومی سرحدوں کے دفاع کے دوران پاکستانی افواج نے جو تجربہ حاصل کیا ہے، وہ دوست ممالک کے دفاعی تعاون میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان اسی قومی عزم کی ترجمانی کرتا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اس کے دفاع کے لیے اپنی صلاحیتوں کے مطابق تعاون جاری رکھے گا۔ بالخصوص حرمین شریفین کے تحفظ کے معاملے میں پاکستان کے عوام اور افواج کے جذبات یکساں ہیں۔ مقدس مقامات کی حرمت اور سلامتی ہر مسلمان کے لیے غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے تاہم مکہ معاہدے کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ اس کے دفاعی مقاصد اور عملی حکمت عملی کو واضح رکھا جائے۔ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف جارحانہ اتحاد کے بجائے دفاعی تعاون، علاقائی امن اور اجتماعی سلامتی کا ذریعہ بننا چاہیے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول پرامن بقائے باہمی اور تنازعات کا سفارتی حل ہے۔ اس لیے پاکستان کو اپنی دفاعی ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ مسلم ممالک کے درمیان مذاکرات اور مفاہمت کے لیے بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ترکیہ اور خلیجی ریاستوں کی شمولیت سے اس دفاعی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے، بشرطیکہ اس کا محور مشترکہ سلامتی اور کسی بھی جارحیت کی روک تھام ہو۔
یہ بھی ضروری ہے کہ مسلم دنیا اپنی دفاعی ضروریات کے لیے بیرونی طاقتوں پر انحصار کم کرے اور مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دے۔ جدید ٹیکنالوجی، فضائی دفاع، میزائل شکن نظام، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے، سائبر سکیورٹی اور عسکری تربیت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے اس معاہدے کو حقیقی معنوں میں مؤثر بنا سکتے ہیں۔ اگر پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر برادر مسلم ممالک اپنی صلاحیتوں کو یکجا کر لیں تو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مضبوط دفاعی حصار قائم کیا جا سکتا ہے۔
بلاشبہ مکہ معاہدہ مسلم دنیا کے لیے ایک امید افزا پیش رفت ہے۔ سعودی عرب کی سلامتی، حرمین شریفین کا تحفظ اور خطے میں امن و استحکام پاکستان کے لیے اہم قومی اور مذہبی تقاضے ہیں۔ حوثیوں کے حملوں سمیت کسی بھی جانب سے سعودی سرزمین اور مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی بھرپور مذمت ہونی چاہیے۔ پاکستان نے اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑے ہونے کا واضح پیغام دے دیا ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ مکہ معاہدے کو عملی دفاعی تعاون، مسلم اتحاد اور سفارتی حکمت عملی کے ذریعے ایک مؤثر نظام میں تبدیل کیا جائے۔ مسلم دنیا کو یہ احساس دلانا ہوگا کہ اس کی سلامتی اور مقدس مقامات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ یہی مکہ معاہدے کی اصل روح اور وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔

ایڈیٹوریل نوٹ: یہ مضمون درحقیقت ’روزنامہ نوائے وقت ‘، پاکستان پر شائع ہوا تھا اور اصل مصنف و اشاعت کے حوالے کے ساتھ ’اقبال فورم‘ کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضمون مصنف کی ذاتی آراء پر مشتمل ہے ضروری نہیں کہ یہ آراء اقبال فورم کے مؤقف کی ترجمانی کریں۔

مصنف کے بارے میں

اداریہ نوائے وقت

اداریہ نوائے وقت

اداریہ نوائے وقت اس پروفائل میں درج نام ہے۔ دستیاب معلومات میں ان کی زندگی، سرگرمیوں یا تصانیف کے بارے میں مزید تفصیل درج نہیں۔

پروفائل اور تمام تحریریں

اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں

اداریہ نوائے وقت. «مکہ معاہدہ پر پیش رفت کا آغاز، یہ مسلم دنیا کے دفاع کا مضبوط حصار ہے.» اقبال فورم، 14 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=55418.

حوالہ دینے کے انداز

اداریہ نوائے وقت. (14 نومبر 2026). مکہ معاہدہ پر پیش رفت کا آغاز، یہ مسلم دنیا کے دفاع کا مضبوط حصار ہے. اقبال فورم. https://iqbalforum.org/ur/?p=55418

متعلقہ تحقیق

تازہ ترین

تبصرے

تبصرہ کریں
1000حروف باقی
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔