مرکزی مواد پر جائیں

آبنائے ہرمز اور عالمی سیاست

امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث دنیا کی اہم ترین معاشی شہ رگ آبنائے ہرمز بدستور دباؤ کا شکار ہے، جس سے عالمی تیل و گیس کی تجارت، بڑھتی ہوئی…

متن کی ترتیبات

متن کی ترتیبات

آبنائے ہرمز اور عالمی سیاست

آبنائے ہرمز اور عالمی سیاست: تیل کی ترسیل، معاشی خطرات اور پاکستان

مریکی مڈٹرم الیکشن ٹرمپ کی شکست کے بعد یہ امید بندھی تھی کہ شائد اس کشیدگی میں کمی آے اور عالمی معیشت جنگ سے پہلے کے معمول پر واپس آ جائے۔ لیکن تاحال عالمی معاشی شہ رگ آبنائے ہرمز بدستور دباؤ کا شکار ہے۔ ایران امریکہ جاری کشیدگی میں آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی معیشت پر مسلسل اثر انداز ہوتی رہی۔ خلیج فارس کو خلیج عمان اور بحیرہ عرب سے ملانے والا یہ سمندری راستہ بظاہر محدود جغرافیائی حیثیت رکھتا ہے، لیکن اسکی اہمیت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں پیدا ہونیوالی معمولی کشیدگی بھی عالمی منڈیوں، تیل کی قیمتوں، توانائی کی فراہمی اور بین الاقوامی تجارت کو ہلا کر رکھ سکتی ہے۔

بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے مطابق 2025ء میں روزانہ تقریباً دو کروڑ بیرل خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات اس آبنائے سے گزرتی تھیں، جو دنیا کی سمندری تیل تجارت کا تقریباً 25فیصد ہے۔ اس تیل کا لگ بھگ 80فیصد ایشیائی منڈیوں کی طرف جاتا ہے۔ قطر اور متحدہ عرب امارات کی مائع قدرتی گیس کی برآمدات کا بھی بڑا حصہ اسی راستے سے دنیا تک پہنچتا ہے۔ گویا یہ محض مشرق وسطیٰ کا مسئلہ نہیں بلکہ چین، بھارت، جاپان، جنوبی کوریا اور پاکستان سمیت ایشیا کی معاشی زندگی سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ آبنائے ہرمز کی اہمیت صرف تیل کی ترسیل تک محدود نہیں۔ قطر دنیا کے بڑے گیس برآمد کنندگان میں شامل ہے اور اسکی تقریباً تمام مائع قدرتی گیس اسی راستے سے عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ اگر اس گزرگاہ میں طویل تعطل پیدا ہو جائے تو تیل کیساتھ گیس کی قیمتیں بھی بڑھ سکتی ہیں، بجلی کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے اور صنعتوں کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے اثرات یورپ سے ایشیا تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

موجودہ صورت حال اس خطرے کی عملی تصویر پیش کر رہی ہے۔ 14 نومبر کو ایران کی بحریہ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ ایران کا مؤقف تھا کہ جہاز ممنوعہ راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ دوسری جانب 15 نومبر کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز صرف پانچ تجارتی جہاز آبنائے سے گزرے، جبکہ گزشتہ ہفتے کے اسی اختتام پر یہ تعداد 31 تھی۔امریکہ اور ایران کے مابین اس تنازعے کی جڑیں کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری پروگرام، اقتصادی پابندیوں، علاقائی اثرورسوخ اور سلامتی کے معاملات پر اختلافات موجود رہے ہیں۔ خلیج میں امریکی بحری بیڑوں کی موجودگی، اسرائیل کیساتھ تعلقات اور سعودی عرب و دیگر خلیجی ممالک کے تحفظات اس کشمکش کو مزید پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔

یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا کسی ایک ملک کو عالمی تجارت کی اہم ترین گزرگاہ پر یکطرفہ اختیار حاصل ہونا چاہئے؟ سمندر بین الاقوامی تجارت کے راستے ہیں، کسی ایک ریاست کی سیاسی خواہشات کے تابع نہیں ہونے چاہییں۔ ایران کے سلامتی کے تحفظات اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت بھی بین الاقوامی ذمہ داری ہے۔ اسی طرح بڑی طاقتوں کو بھی یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اپنے مفادات کے نام پر خطے کو مستقل عسکری محاذ بنا دیں۔ طاقت کا استعمال وقتی دباؤ تو پیدا کر سکتا ہے، مگر پائیدار امن پیدا نہیں کرتا۔ اس بحران میں چین، بھارت اور جاپان کے مفادات بھی غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ چین کی صنعتی معیشت، بھارت کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات اور جاپان و جنوبی کوریا کی درآمدی ضروریات اس راستے کے امن سے وابستہ ہیں۔ اسلئے یہ تصور درست نہیں کہ ایران اور امریکہ کی کشیدگی صرف دو ممالک کا معاملہ ہے۔ درحقیقت اس کے اثرات عالمی طاقتوں کے معاشی اور سفارتی تعلقات تک پھیلتے ہیں۔ پاکستان کیلئے یہ صورتحال خاص طور پر تشویش ناک ہے۔ ہماری معیشت پہلے ہی درآمدی توانائی، محدود زرمبادلہ، قرضوں اور مہنگائی کے دباؤ کا سامنا کر رہی ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف اسٹرٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کی اکتوبر 2026ء کی ایک تحقیق کے مطابق مالی سال 2025-26ء میں پاکستان کا پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کا بل تقریباً 16.86ارب ڈالر رہا۔ ہماری خام تیل، پیٹرولیم مصنوعات اور ایل این جی کی درآمدات کا بڑا حصہ خلیجی خطے سے وابستہ ہے۔ پاکستان کی ایل این جی کی درآمدات میں قطر اور متحدہ عرب امارات بنیادی سپلائر ہیں۔ اگر آبنائے ہرمز میں کشیدگی طویل ہو جائے تو پاکستان کو بیک وقت کئی معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھنے سے پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہو گا، ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھیں گے، بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہو گا اور صنعتی شعبے کی مسابقت متاثر ہو گی۔ زراعت میں ڈیزل، کھاد اور نقل و حمل کے اخراجات بڑھنے سے غذائی اشیا کی قیمتیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس طرح عالمی سیاست کا ایک فیصلہ پاکستان کے عام شہری کے گھریلو بجٹ تک پہنچ جائے گا۔پاکستان کیلئے اس بحران کا ایک سفارتی پہلو بھی ہے۔ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے، جبکہ سعودی عرب اور خلیجی ریاستیں ہمارے اہم معاشی اور برادرانہ شراکت دار ہیں۔ چین کیساتھ ہماری اسٹرٹیجک دوستی اور امریکہ کے ساتھ اقتصادی و سفارتی روابط بھی اہم ہیں۔ ایسے حالات میں پاکستان کو کسی ایک فریق کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے اصولی، متوازن اور فعال سفارت کاری اختیار کرنی چاہئے۔ جنگ کے بجائے مذاکرات، کشیدگی کے بجائے مفاہمت اور عالمی جہاز رانی کی آزادی کیلئے سفارتی کوششیں ہماری قومی پالیسی کا حصہ ہونی چاہئیں۔ آبنائے ہرمز کا بحران دراصل اکیسویں صدی کی عالمی سیاست کا ایک بڑا امتحان ہے۔ دنیا کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ بین الاقوامی سمندری راستے طاقت کے مظاہرے کیلئے استعمال ہونگے یا باہمی تجارت، تعاون اور انسانی خوشحالی کیلئے محفوظ رکھے جائیں گے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جنگیں جغرافیائی سرحدیں تو بدل سکتی ہیں، مگر ان کی معاشی قیمت نسلوں کو ادا کرنا پڑتی ہے۔ کیا عالمی راہنما اپنی آنیوالی نسلوں کا مستقبل مخدوش کرینگے یا محفوظ؟ وقت یہ فیصلہ کرے گا۔

ایڈیٹوریل نوٹ: یہ مضمون درحقیقت ’روزنامہ جنگ ‘، پاکستان پر شائع ہوا تھا اور اصل مصنف و اشاعت کے حوالے کے ساتھ ’اقبال فورم‘ کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضمون مصنف کی ذاتی آراء پر مشتمل ہے ضروری نہیں کہ یہ آراء اقبال فورم کے مؤقف کی ترجمانی کریں۔

مصنف کے بارے میں

اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں

پیر فاروق بہاو الحق شاہ. «آبنائے ہرمز اور عالمی سیاست.» اقبال فورم، 17 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=55766.

حوالہ دینے کے انداز

پیر فاروق بہاو الحق شاہ. (17 نومبر 2026). آبنائے ہرمز اور عالمی سیاست. اقبال فورم. https://iqbalforum.org/ur/?p=55766

متعلقہ تحقیق

تازہ ترین

تبصرے

تبصرہ کریں
1000حروف باقی
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔