مرکزی مواد پر جائیں

عالمی سیاست، جنگ اور پاکستان

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی اور اسرائیل میں بن یامین نیتن یاہو کی کمزور ہوتی ہوئی سیاسی پوزیشن نے خطے کی صورتحال کو ایک نئے موڑ پر لا کھڑا…

متن کی ترتیبات

متن کی ترتیبات

عالمی سیاست، جنگ اور پاکستان

دنیا اس وقت ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں جنگ صرف میدانِ جنگ میں نہیں لڑی جا رہی بلکہ اس کے اثرات پارلیمانوں، انتخابات، معیشتوں اور عوامی رائے میں بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ امریکہ کے حالیہ وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں کامیابی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کیلئے ایک سیاسی پیغام ہے۔ دوسری طرف اسرائیل کے انتخابات نے بن یامین نیتن یاہو کیلئے اقتدار کا راستہ پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ان تبدیلیوں کو ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورت حال سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ اس عالمی منظرنامے میں پاکستان کیلئےخدشات بھی ہیں اور سفارتی امکانات بھی۔امریکہ میں ڈیموکریٹس کی کامیابی سے ٹرمپ انتظامیہ پر سیاسی دباؤ بڑھے گا۔ ایران جنگ، مہنگائی، ٹیرف پالیسی اور حکومتی معاملات پر عوامی بے چینی نے انتخابی نتائج میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جنوری 2027ءمیں نئی کانگریس کے فعال ہونے کے بعد ڈیموکریٹس حکومتی پالیسیوں کی نگرانی، تحقیقات اور قانون سازی کے ذریعے صدر کیلئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ تاہم اسے ٹرمپ کی صدارت کے خاتمے یا ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں پر فوری پابندی سمجھنا درست نہیں ہوگا۔ صدر کے فوجی اور خارجہ پالیسی کے اختیارات برقرار رہیں گے، البتہ انہیں زیادہ سیاسی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ نتیجہ ظاہر کرتا ہے کہ طویل جنگیں مخالف ملک کے ساتھ اپنے ملک کے عوام کو بھی متاثر کرتی ہیں۔اسرائیل کی صورت حال بھی اہم ہے۔ حالیہ انتخابات میں نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد کو 120 رکنی کنیسٹ میں 53نشستیں ملی ہیں جبکہ مخالف اتحاد 48 نشستوں کے ساتھ موجود ہے۔ عرب جماعتوں نے مجموعی طور پر 19نشستیں حاصل کی ہیں۔ حکومت بنانے کیلئے 61نشستیں درکار ہیں، اسلئے نیتن یاہو کیلئے اقتدار برقرار رکھنا آسان نہیں ہوگا۔ حکومت سازی کیلئےسیاسی سمجھوتے یا دوبارہ انتخابات کا راستہ نکل سکتا ہے۔ اہم سوال یہ ہے کہ کیا اسرائیل کی نئی سیاسی صورت حال خطے میں جنگی پالیسی تبدیل کرے گی یا داخلی دباؤ کے باوجود ایران کے خلاف سخت رویہ برقرار رہے گا؟ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا اہم ترین پہلو آبنائے ہرمز ہے۔ دنیا کی توانائی کی ترسیل کے لیے یہ گزرگاہ غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ اس میں طویل رکاوٹ تیل کی عالمی قیمتوں، سمندری تجارت اور دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق قطر اور پاکستان کی مشاورت اور ثالثی کے ذریعے آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق ایک تجویز پر کام ہوا ہے۔ ابتدائی سات روزہ منصوبے کو مختصر کرکے دو روز تک لانے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ ایران نے امریکی پابندیوں میں نرمی اور خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں کمی سمیت مطالبات رکھے ہیں۔ یہ ایران کا مؤقف ہے، اسے کسی حتمی معاہدے یا کشیدگی کے خاتمے کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔ تاہم سفارتکاری کے دروازے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔یہاں پاکستان کا کردار غیر معمولی اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ پاکستان ایک طرف ایران کا ہمسایہ ہے تو دوسری طرف سعودی عرب اور خلیجی ممالک کیساتھ اسکے گہرے معاشی، دفاعی اور سفارتی تعلقات ہیں۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات بھی اہم ہیں۔ ایسے ماحول میں اسلام آباد کیلئے تمام متعلقہ فریقوں کیساتھ رابطہ برقرار رکھنا قومی مفاد کا تقاضا ہے۔ پاکستان کی ثالثی کی کوششیں مثبت پیش رفت ہو سکتی ہیں، لیکن اس کی اصل کامیابی کسی اجلاس یا بیان سے نہیں بلکہ عملی امن کے قیام سے ناپی جائیگی۔ سفارتی اہمیت اسی وقت مستقل طاقت بنتی ہے جب اسکے پیچھے معاشی استحکام اور واضح خارجہ پالیسی موجود ہو۔پاکستان کیلئے اس بحران کا سب سے براہ راست اثر معیشت پر پڑ سکتا ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ کی اپریل 2026ءکی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 81فیصد ایندھن کے درآمدی ذرائع خلیج تعاون کونسل کے ممالک سے وابستہ ہیں جبکہ بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر کا 55فیصد حصہ بھی اسی خطے سے آتا ہے۔ یہ ترسیلات پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً نو فیصد کے برابر ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ خلیج میں جنگ یا عدم استحکام پاکستان کے لیے پیٹرول، بجلی، صنعت، مہنگائی، زرمبادلہ اور لاکھوں خاندانوں کی آمدن کا مسئلہ بن سکتا ہے۔ تیل کی قیمتیں بڑھنے یا خلیجی معیشتیں متاثر ہونے کی صورت میں پاکستان کو درآمدی بل اور ترسیلات زر دونوں کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اس صورت حال میں پاکستان کو توانائی کے متبادل ذرائع، مقامی پیداوار، شمسی توانائی اور تیل کی درآمدات میں تنوع پر توجہ دینا ہوگی۔ خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کے روزگار اور ترسیلات کے تسلسل کو بھی سفارتی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔ حکومت کو کسی عالمی جھٹکے کے بعد ردعمل دینے کے بجائے پہلے سے معاشی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ پاکستان کی کمزوری یہ ہے کہ ہم اکثر بحران آنے کے بعد فیصلے کرتے ہیں، حالانکہ کامیاب ریاستیں بحران سے پہلے تیاری کرتی ہیں۔امریکہ کے انتخابی نتائج، اسرائیل کی غیر واضح حکومت سازی اور ایران کے ساتھ مذاکرات کی کوششیں فوری طور پر مشرق وسطیٰ میں امن کی ضمانت نہیں۔ ٹرمپ کے پاس فیصلوں کے اختیارات ہیں، نیتن یاہو حکومت بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں اور ایران بھی اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کا اشارہ نہیں دے رہا۔ پاکستان کو کسی ایک سیاسی نتیجے پر اپنی حکمت عملی قائم کرنے کے بجائے امریکہ، ایران، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کیساتھ متوازن تعلقات رکھنے ہوں گے۔اصل سوال یہ نہیں کہ عالمی سیاست میں کون جیت رہا ہے اور کون ہار رہا ہے بلکہ یہ ہے کہ پاکستان اس بدلتی دنیا میں اپنی جگہ کیسے بناتا ہے۔ اگر ہم نے سفارت کاری کو معاشی حکمت عملی سے جوڑ لیا، توانائی کے خطرات کم کیے اور قومی مفادات پر اتفاق پیدا کر لیا تو موجودہ بحران پاکستان کے لیے سفارتی موقع بن سکتا ہے۔ بصورت دیگر اس کی معاشی قیمت عام پاکستانی کو ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔ عالمی طاقتوں کے فیصلے ہمارے اختیار میں نہیں، مگر ان کے اثرات سے خود کو محفوظ رکھنے کی تیاری ضرور ہمارے اختیار میں ہے۔

مصنف کے بارے میں

اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں

اعظم ملک. «عالمی سیاست، جنگ اور پاکستان.» اقبال فورم، 6 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=54383.

حوالہ دینے کے انداز

اعظم ملک. (6 نومبر 2026). عالمی سیاست، جنگ اور پاکستان. اقبال فورم. https://iqbalforum.org/ur/?p=54383

متعلقہ تحقیق

تازہ ترین

تبصرے

تبصرہ کریں
1000حروف باقی
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔