مرکزی مواد پر جائیں

امریکی انتخابات اور ڈیموکریٹس کی ذمہ داریاں

دوسری جنگ عظیم کے بعد پانچویں بار امریکی مڈ ٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس نے ایوان نمائندگان اور سینٹ دونوں میں کامیابی سمیٹتے ہوئے ری پبلیکنز کے مضبوط گڑھوں جیسے ٹیکساس اور کینساس…

متن کی ترتیبات

متن کی ترتیبات

ڈیموکریٹس کی ذمہ داریاں

یموکریٹس کی ذمہ داریاں: ایران جنگ اور عوامی فلاح

دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکہ کی تاریخ کا یہ پانچواں موقع ہے کہ کسی پارٹی نے مڈ ٹرم انتخابات میں ایوان نمائندگان اور سینٹ دونوں کو ایک ساتھ جیت لیاہو ۔ ڈیموکریٹس نے ان ریاستوں میں بھی کامیابی حاصل کی ہے جو روایتی طور پر ری پبلیکنز کی مضبوط گڑھ سمجھی جاتی ہیں جن میں کینساس ، کینٹکی،آوہائیو، آئیووا ، جنوبی کیرولینااورٹیکساس شامل ہیں۔ٹیکساس میں تو31سال کے بعد ری پبلیکنز کے اقتدار کا خاتمہ ہوا۔ جبکہ 16سال میں پہلی بار ڈیموکریٹس کے گورنرز کی تعداد 28ہوگئی ہے اور اسکے علاوہ کینساس میں تقریباً 100سال کے بعد کسی ڈیموکریٹ سینیٹر نے فتح حاصل کی ہے۔ڈیموکریٹ امیدوار عبدالسید پہلے مسلمان سینیٹر منتخب ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ جارجیا میں ڈیموکریٹ خاتون کیشالانس باٹمز نے بھی امریکی کی 200سالہ تاریخ میں پہلی سیام فام گورنر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔اسکے علاوہ 2نیٹیو امریکن (ریڈ انڈین) خواتین بھی پہلی بار سینٹ اور گورنر کے الیکشن میں کامیاب ہوئی ہیں۔اس الیکشن میں زیادہ تر امریکیوں نے ٹرمپ کی غزہ پالیسی، ایران کے ساتھ جنگ اور اسکے نتیجے میں پیدا ہونے والی مہنگائی کو شکست کی وجہ قرار دیا ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ ٹرمپ کی دوسری مدت میں بدعنوانی کا کھلا اور بے باک مظاہرہ بھی ناقابل قبول ہو چکا تھااور اب اس الیکشن کے بعد ڈیموکریٹس نے واضح طور پر اعلان کر دیا ہے کہ وہ ٹرمپ اور نیتن یاہو کی خاطرلڑی جانیوالی ایران جنگ برداشت نہیں کریں گے ۔یاد رہے کہ ٹرمپ کی شکست میں ڈیموکریٹک سوشلسٹوں کا اہم کردار رہا ہے جنہوں نے برنی سینڈرز کی قیادت میں 58انتخابی جلسے کیے ۔2024میں ٹرمپ کی واپسی کے بعد برنی سینڈرز نے اشرافیہ کی حکمرانی کے خلاف ملک گیر دوروں کا آغاز کیا جبکہ اس وقت ڈیموکریٹ پارٹی کے بہت سے راہنماٹرمپ کی دہشت کی وجہ سے سیاسی منظر نامے سے الگ تھلگ ہو چکے تھے۔برنی سینڈرز نے 85سالہ عمر ہونے کے باوجود58 جلسوں کے علاوہ انسان دوست اور سوشل ڈیموکریٹ امیدواران کی شناخت بھی کی جنہیں ان انتخابات میں بھرپورکامیابی حاصل ہوئی ۔ انہوں نے ان انتخابات میں150امیدواران کی حمایت کی اور اپنی جیب سے 16ملین ڈالرز کا عطیہ بھی دیا۔

اس الیکشن سے ایک بات واضح ہوگئی ہے کہ امریکہ کاموجودہ نظام ،وائٹ ہائوس سے نکل کر عوامی نمائندوں کے ہاتھوں میں آگیا ہے جس سے ٹرمپ کے دور کی دہشت میں کمی واقع ہوگی۔ اگر ٹرمپ کی صدارت کی باقی مدت کے دوران سپریم کورٹ میں کوئی نشست خالی ہوتی ہے تو ٹرمپ کسی نئے جج کی تقرری و توسیع نہیں کرا سکے گا اور نہ ہی امریکہ کے بجٹ کے حوالے سے کوئی کام کر سکے گا۔ٹرمپ کے پاس اب صرف صدارتی انتظامی احکامات رہ گئے ہیں جن میں سے بیشتر اب کھلے عام غیر قانونی ہو گئے ہیں اور جنہیں فوری طور پر عدالتوں میں چیلنج کیا جا سکے گا۔ٹرمپ کو پہلے دور صدارت میں 2دفعہ مواخذے کاسامنا کرنا پڑا لیکن وہ دونوں بار سینٹ میں دو تہائی اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے بچ گئے اور لگ رہا ہے کہ اس بار بھی ری پبلیکنز کی حمایت کے بغیر ٹرمپ کا مواخذہ نہیں کیا جا سکے گا۔ان نتائج سے ڈیموکریٹس کو ٹرمپ کی بدعنوانی اور قانون شکنی کی تحقیقات کرنے اوراس حوالے سے قانون سازی کرنے کا اختیاربھی مل جائے گا۔

ان تمام باتوں کے باوجود ٹرمپ اور کانگریس کے درمیان اگلے دو سال تک شدید ٹکرائو کا خطرہ منڈلاتا رہے گا جس میں صدارتی ویٹو اور عدالتی جنگوں کا بھی امکان ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ یوں ٹرمپ اپنی خارجہ پالیسیوں کو وقت نہ دے سکے گا اور وہ کانگریس کے طلبی نوٹسز کا مقابلہ کرنے میں اگلے دو سال گزار دے گا۔اس کے ساتھ ساتھ ڈیموکریٹس کو ایسی قا نون سازی اور حکومتی اقدامات کی نگرانی کیلئے زیادہ اختیارات حاصل ہو جائیں گے جس سے جزوی طور پر ٹرمپ کی بیرون ملک جنگیں اور ان کیلئے مالی وسائل فراہم کرنے کی صلاحیتیں محدود ہو جائیں گی۔لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ امریکی صدر کے پاس اب بھی ویٹو کا اختیار ہے جسکے ذریعے وہ کانگریس کے فیصلوں کو روک سکتا ہے۔یوں بیرونی ممالک میں امریکی فوجی کارروائیوں کی مخالفت ، ایران پر حملہ رکوانے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی کی مہمات کی مالی معاونت روکنے کیلئے ڈیموکریٹس اور ڈیموکریٹک سوشلسٹوں کوملکر سنجیدہ کوششیں کرنی ہوں گی۔

ایران کے ساتھ جنگ اور مہنگائی کے ساتھ ساتھ ٹرمپ نے عام آدمی کی غذائی امداد میں شدید کمی کرتے ہوئے فوڈ سٹیمپ کی مد میں 187ارب ڈالرز کی کٹوتی کی ہے جسے تبصرہ نگار ضرورت مند لوگوں کے منہ سے نوالہ چھینے کے مترادف قرار دیتے رہے ہیں۔اس کٹوتی کے مقابلے میں ٹرمپ نے محکمہ داخلی سلامتی اور امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ (ICE)کو 191ارب ڈالرزمہیا کیے تاکہ وہ انکے ملک بدری کے ایجنڈے کو تقویت دے سکیں ۔ سونے پر سہاگہ کہ اس دوران امریکی اشرافیہ کوبھی 1.4ٹریلین ڈالرز کی ٹیکس چھوٹ دی گئی ۔یہ وہ کہانی ہے جس سے لاکھوں لوگوں کی مدد کرنیوالے اہم فلاحی پروگراموں میں کٹوتیاں کی گئیں تاکہ امیروں کیلئے ٹیکس میں چھوٹ اور ملک بدری کے ظالمانہ ایجنڈے کی مالی معاونت کی جا سکے۔اب برنی سینڈرز اور ڈیموکریٹک سوشلسٹوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ڈیموکریٹس پر دبائو ڈالیں تاکہ عام امریکی شہریوں کو ہیلتھ انشورنس ، معیاری طبی سہولیات اور سستے گھروں کی تعمیرمیسر ہو۔لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ امریکہ میںدونوں پارٹیوں کے کانگریس کے ممبران ہمیشہ لابنگ اورملٹری انڈسٹریل کمپلیکس کے حصص کی خرید و فروخت کرتے ہوئے نظر آتے ہیں اور قانونی تحفظ میں لپٹی ایسی بدعنوانیاں کرتے رہتے ہیں جس نے امریکی کانگریس کو سرمایہ داروں اور طاقت ور طبقوں کے تابع کر دیا ہے۔ان حالات میںبرنی سینڈرز ہی اپنے حمایتیوں کے ساتھ ملکر امریکی فلاحی ریاست کے تصور کودیر پاء ارتقا پر مائل کرسکتے ہیں۔

ایڈیٹوریل نوٹ: یہ مضمون درحقیقت ’روزنامہ جنگ ‘، پاکستان پر شائع ہوا تھا اور اصل مصنف و اشاعت کے حوالے کے ساتھ ’اقبال فورم‘ کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضمون مصنف کی ذاتی آراء پر مشتمل ہے ضروری نہیں کہ یہ آراء اقبال فورم کے مؤقف کی ترجمانی کریں۔

مصنف کے بارے میں

ایوب ملک

ایوب ملک

دستیاب ریکارڈ میں ایوب ملک کے بارے میں کوئی سوانحی معلومات موجود نہیں ہیں۔ ان کی زندگی اور کام کے بارے میں مزید تفصیلات درج نہیں ہیں۔

پروفائل اور تمام تحریریں

اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں

ایوب ملک. «امریکی انتخابات اور ڈیموکریٹس کی ذمہ داریاں.» اقبال فورم، 13 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=55278.

حوالہ دینے کے انداز

ایوب ملک. (13 نومبر 2026). امریکی انتخابات اور ڈیموکریٹس کی ذمہ داریاں. اقبال فورم. https://iqbalforum.org/ur/?p=55278

متعلقہ تحقیق

تازہ ترین

تبصرے

تبصرہ کریں
1000حروف باقی
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔