ٹرمپ، یاہو کرو مل کے آہ و زاریاں!
امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی کو شدید اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، جہاں ایران کے ساتھ جنگ اور معاشی دباؤ کی…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
ٹرمپ اور نیتن یاہو کی سیاسی داستان؛ انتخابی شکست، اندرونی اختلافات اور اقتدار کا بحران
امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد اقتدار میں موجود ریپبلکن پارٹی اس وقت خاصی مشکلات سے دوچار ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھیوں میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے اور کابینہ کے بعض ارکان کی ناراضی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ریپبلکن پارٹی کے اندر یہ احساس شدت اختیار کر رہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں نے پارٹی کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔امریکہ میں بنیادی طور پر دو بڑی سیاسی جماعتیں، ڈیموکریٹک اور ریپبلکن، اقتدار کی دوڑ میں شریک رہی ہیں۔ دونوں جماعتوں نے طویل عرصے تک باری باری حکومت کی ہے۔ اب ریپبلکن پارٹی کے اندر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکی عوام کے مفادات کا خیال رکھنے کے بجائے زیادہ تر اسرائیل کے مفادات کو ترجیح دی۔ امریکہ میں مہنگائی اور زندگی گزارنے کے اخراجات میں اضافے نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔ ایران کے ساتھ جنگ نے بھی معاشی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ ان حالات میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ٹرمپ کی وجہ سے ریپبلکن پارٹی شدید عوامی دبائو کا شکار ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ میں اعلیٰ عہدیداروں کی رخصتی اور فوجی قیادت کی برطرفیوں کا سلسلہ بھی جاری رہا ہے۔ وائٹ ہائوس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ 27 اگست 2026ء کو اپنا عہدہ چھوڑ چکی ہیں۔ اس سے قبل اٹارنی جنرل پام بونڈی کو اپریل 2026ء میں صدر ٹرمپ نے برطرف کر دیا تھا۔ وزیر خارجہ مارکو روبیو کے استعفے کی خبریں بھی گردش کرتی رہی ہیں، تاہم انہوں نے انتظامیہ چھوڑنے کی تردید کی ہے۔فوجی قیادت میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں۔ صدر ٹرمپ نے وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کی سفارشات پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو برائون جونیئر، امریکی بحریہ کی سربراہ ایڈمرل لیزا فرانچیٹی اور فضائیہ کے نائب سربراہ جنرل جیمز سلائف کو برطرف کیا۔ کوسٹ گارڈ کی سربراہ ایڈمرل لنڈا فیگن کو بھی عہدے سے ہٹایا گیا۔ بعدازاں آرمی چیف جنرل رینڈی جارج، جنرل ڈیوڈ ہوڈنے اور میجر جنرل ولیم گرین جونیئر سمیت دوسرے اعلیٰ فوجی افسران کو بھی عہدوں سے فارغ کیا گیا۔ ان اقدامات نے ٹرمپ انتظامیہ کے اندر جاری تبدیلیوں کو مزید نمایاں کیا۔
دوسری طرف امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس بھی ایران کے ساتھ جنگ کے معاملے پر صدر ٹرمپ سے اختلاف رکھتے رہے ہیں۔ جے ڈی وینس کی اہلیہ اوشا وینس جنوبی افریقہ کی میں رہتی ہیں لیکن ان کے والدین تامل ناڈو بھارت سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایران کے ساتھ کشیدگی کے دوران وینس کا مؤقف یہی رہا کہ امریکہ کو ایسی جنگ میں نہیں الجھنا چاہیے جس کا اسے کوئی فائدہ نہ ہو۔ انتخابی شکست کے بعد بھی ایران جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکی مداخلت کے حوالے سے ریپبلکن پارٹی کے اندر سوالات اٹھ رہے ہیں۔اس مؤقف کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ امریکہ کو ایران، اسرائیل، غزہ اور حماس کے تنازعات میں الجھنے کے بجائے اپنے معاشی مفادات پر توجہ دینی چاہیے۔ امریکہ دنیا کی سپر پاور ہے۔ اسے دنیا کے ساتھ تجارت کرنی چاہیے، اپنی مصنوعات فروخت کرنی چاہئیں اور اپنی معاشی طاقت بڑھانی چاہیے۔ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ امریکہ جگہ جگہ اپنی فوجی چھائونیاں قائم کرے اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات میں ایک فریق بن کر شریک ہوتا رہے۔
اگر ریپبلکن پارٹی نے یہی پالیسی اختیار کی ہوتی تو شاید آج اسے یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔اس صورت حال کا سیاسی نقصان جے ڈی وینس کو بھی پہنچ سکتا ہے، کیونکہ وہ نائب صدر ہیں اور آئندہ صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ امیدواروں میں شمار ہوتے ہیں۔ اب وہ پارٹی کے اندر بڑھتے ہوئے اختلافات پر قابو پا سکیں گے یا نہیں، یہ بعد کی بات ہے، لیکن فی الحال اختلافات کے آثار صرف پارٹی کے اندر ہی نہیں بلکہ انتظامیہ اور اس کے باہر بھی نمایاں ہیں۔وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو جس انداز میں شکست ہوئی ہے، وہ اس کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا ہے۔ پارٹی کے اندر پیدا ہونے والی صورت حال کو دیکھتے ہوئے یہ اندیشہ بھی ظاہر کیا جا سکتا ہے کہ کہیں صدر ٹرمپ ریپبلکن پارٹی کے لیے گورباچوف ثابت نہ ہو جائیں۔
امریکی سینیٹ کی مجموعی نشستیں 100 ہیں۔ تازہ انتخابی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس اور ان کے اتحادی آزاد ارکان نے 54 نشستیں حاصل کر لی ہیں، جبکہ ریپبلکن پارٹی کے پاس 44 نشستیں ہیں اور دو نشستوں کے نتائج باقی ہیں۔ ایوانِ نمائندگان میں بھی ڈیموکریٹس اکثریت حاصل کر چکے ہیں۔ یہاں مجموعی نشستیں 435 ہیں اور اکثریت کے لیے 218 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔ ڈیموکریٹس 257 سے زیادہ نشستیں جیت چکے ہیں۔ گورنروں کے انتخابات میں بھی انہیں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
صدر ٹرمپ کی خواہش رہی ہے کہ وہ تیسری مرتبہ بھی امریکہ کے صدر بنیں، حالانکہ امریکی آئین کے مطابق کوئی شخص دو مرتبہ سے زیادہ صدر منتخب نہیں ہو سکتا۔ ٹرمپ چونکہ مسلسل دو مرتبہ صدر نہیں بنے اور ان کے دونوں ادوار کے درمیان چار سال کا وقفہ آیا، اس لیے تیسری مدت کے امکانات پر بھی بحث ہوتی رہی ہے۔ لیکن آئینی پابندی اس وقفے سے ختم نہیں ہوتی۔ اب جبکہ کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس اکثریت حاصل کر چکے ہیں، کسی آئینی ترمیم کے امکانات مزید محدود ہو گئے ہیں۔موجودہ صورت حال میں صدر ٹرمپ کو اپنی باقی دو سالہ مدت میں شدید سیاسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کانگریس میں ان کے قانون سازی کے منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں۔ اگر ڈیموکریٹس نے ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کی تو سیاسی کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔ البتہ صدر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔ اگر صدر کو آئینی طریقے سے عہدے سے ہٹایا جاتا ہے تو نائب صدر جے ڈی وینس صدارت سنبھال سکتے ہیں۔ان حالات میں صدر ٹرمپ کی سیاسی مشکلات کم ہونے کے بجائے بڑھتی دکھائی دیتی ہیں۔امریکہ کی موجودہ سیاسی صورت حال دیکھ کر بعض لوگوں کو سوویت یونین کے آخری صدر میخائل گورباچوف کا دور یاد آ رہا ہے۔ گورباچوف کے اقتدار کے دوران سوویت یونین کا شیرازہ بکھر گیا اور 1991ء میں اس کی جگہ 15 آزاد ریاستیں وجود میں آئیں۔
روس اور ایران کے بڑھتے ہوئے رابطوں نے بھی صورت حال کو حساس بنا دیا ہے۔ روسی کے صدر پیوٹن اور ایرانی وزیر خارجہ محسن رضاعی کے رابطوں کے بعد بعض حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ روس نے ایران کو ممکنہ امریکی حملے کے جواب میں سخت کارروائی کا مشورہ دیا ہے۔ حتیٰ کہ جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے بھی اطلاعات ہیں۔صدر ٹرمپ کی موجودہ سیاسی حالت کو دیکھتے ہوئے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ایک زخمی سانپ بل کھا رہا ہو۔ انتخابی شکست، پارٹی کے اندر اختلافات اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مشکلات نے ان کے لیے پریشانیاں پیدا کر دی ہیں۔
ادھر اسرائیل میں بھی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی سیاسی مشکلات کچھ کم نہیں ہیں۔ حالیہ انتخابات میں نیتن یاہو کے حامی اتحاد کو 120 رکنی پارلیمنٹ، کنیسٹ، میں 53 نشستیں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ حکومت بنانے کے لیے 61 نشستیں ضروری ہیں۔ گویا انہیں مزید آٹھ نشستوں کی ضرورت ہے۔نیتن یاہو کے حامی اتحاد میں شامل سات نشستوں والی یونائیٹڈ توراہ جوڈازم پارٹی نے بھی حکومت سازی کے معاملے پر ان کی حمایت سے انکار کیا ہے۔ اس طرح نیتن یاہو کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
دوسری طرف سابق اسرائیلی فوجی سربراہ جنرل گادی آئزن کوٹ، جن کے بیٹے غزہ کی جنگ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے لڑتے ہوئے مارے گئے تھے، نیتن یاہو کے بڑے سیاسی حریف بن کر ابھرے ہیں۔ آئزن کوٹ نیتن یاہو کی جنگی کابینہ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔ ان کے مخالف سیاسی اتحاد کی 48 اور عرب جماعتوں کی 19 نشستیں ملا کر مجموعی تعداد 67 بنتی ہے، جو 120 رکنی پارلیمنٹ میں حکومت سازی کے لیے درکار اکثریت سے زیادہ ہے۔تازہ صورتحال میں آئزن کوٹ کو 67 ارکان کی حمایت حاصل ہو چکی ہے، جبکہ نیتن یاہو کے حق میں 46 ارکان سامنے آئے ہیں۔ صدر اسحاق ہرزوگ نے آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کی باضابطہ ذمہ داری سونپ دی ہے۔ انہیں 28 دن دیے گئے ہیں۔
واشنگٹن میں ٹرمپ اور تل ابیب میں نیتن یاہو دونوں کی سیاسی مشکلات بڑھتی دکھائی دے رہی ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کے بڑے حامی اور اتحادی رہے ہیں۔ دونوں نے ایک دوسرے کی پالیسیوں کی حمایت کی اور مشرقِ وسطیٰ میں ایک دوسرے کے مفادات کو آگے بڑھانے کی کوشش کی۔ اب دونوں کے سیاسی مستقبل پر سوالیہ نشان لگ رہے ہیں۔
ایسے میں پنجابی کا ایک محاورہ یاد آتا ہے:’’تیرا لیف گیا، میرا کھیس گیا، دونوںاجڑے بھین بھرا۔‘‘گویا دونوں ایک دوسرے کو اپنی اپنی بربادی کی داستان سنا رہے ہوں۔شاعر نے بھی کیا خوب کہا تھا: ’’آئو عندلیب، مل کے کریں آہ و زاریاں‘‘اب ٹرمپ اور نیتن یاہو بھی ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اہ و زاریاں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
دوسری طرف صدر ٹرمپ کا یہ شکوہ بھی سامنے آیا ہے کہ امریکی عوام نے ان کی قدر نہیں کی، جبکہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت بہت زیادہ ہے۔ ان کے بقول اسرائیل میں ان کی مقبولیت 95 فیصد تک ہے۔اس پر میرے ایک دوست نے نہایت خوبصورت پنجابی تبصرہ کیا۔ کہنے لگے:’’جیہڑا ایتھے بھیڑا، اوہ لاہور وی بھیڑا۔‘‘یعنی جو یہاں اچھا نہیں، وہ لاہور جا کر بھی اچھا نہیں ہو جائے گا! اور یوں ٹرمپ اور نیتن یاہو کی سیاسی داستان کا حاصل یہی نکلتا ہے: ’’ٹرمپ، یاہو کرو مل کے آہ و زاریاں!‘‘
ایڈیٹوریل نوٹ: یہ مضمون درحقیقت ’روزنامہ نوائے وقت ‘، پاکستان پر شائع ہوا تھا اور اصل مصنف و اشاعت کے حوالے کے ساتھ ’اقبال فورم‘ کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضمون مصنف کی ذاتی آراء پر مشتمل ہے ضروری نہیں کہ یہ آراء اقبال فورم کے مؤقف کی ترجمانی کریں۔
مصنف کے بارے میں
مطلوب وڑائچ
مطلوب وڑائچ ایک مصنف ہیں۔ ان کی زندگی اور ادبی کام کے بارے میں مزید معلومات درج نہیں ہیں۔
پروفائل اور تمام تحریریںاس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
مطلوب وڑائچ. «ٹرمپ، یاہو کرو مل کے آہ و زاریاں!.» اقبال فورم، 10 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=54971.
تبصرے