ٹرمپ کا سیاسی زوال
امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی سادہ اکثریت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی طاقت کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے، جس کے گہرے اثرات امریکی سیاست، مشرقِ وسطیٰ، عالمی معیشت…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
امریکہ کے وسط مدتی انتخابات نے امریکی سیاست کا رخ تبدیل کر دیا ہے۔ ان انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی طاقت کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔ اب انہیں وائٹ ہاؤس میں رہتے ہوئے ایک ایسی کانگریس کا سامنا کرنا ہوگا جہاں ان کی مخالف جماعت کو برتری حاصل ہے۔ اس تبدیلی کے اثرات صرف امریکی سیاست تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ایران، سعودی عرب، مشرقِ وسطیٰ اور عالمی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔
ڈیموکریٹس کی کامیابی کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اب ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں ٹرمپ کیلئے اپنی مرضی کے فیصلے منظور کروانا آسان نہیں ہوگا۔ امریکی ایوانِ نمائندگان کی کل 435 نشستیں ہیں، جہاں سادہ اکثریت کیلئے 218نشستیں درکار ہوتی ہیں، جبکہ دو تہائی اکثریت کیلئے 290 ووٹ ضروری ہیں۔ اسی طرح سینیٹ کی 100 نشستوں میں دو تہائی اکثریت کیلئے 67 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ ڈیموکریٹس کو سادہ اکثریت تو حاصل ہو گئی ہے، لیکن دو تہائی اکثریت نہ ملنے کی وجہ سے ٹرمپ کے پاس اب بھی صدارتی ویٹو کا اختیار موجود ہے۔ وہ کانگریس کے منظور کردہ کسی بل کو مسترد کر سکتے ہیں، تاہم اگر دونوں ایوان دو تہائی اکثریت سے دوبارہ بل منظور کر لیں تو صدر کا ویٹو غیر مؤثر ہو سکتا ہے۔ اس لیے ٹرمپ کے سیاسی اختیارات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے، لیکن ان کیلئے فیصلے کرنا یقیناً مشکل ہو گیا ہے۔
اس انتخابی نتیجے کا سب سے اہم اثر ایران اور امریکہ کے تعلقات پر پڑ سکتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ٹرمپ دوبارہ ایران پر حملہ کریں گے یا جنگ کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے؟ ایران کے خلاف کسی بڑی فوجی کارروائی کیلئے اب انہیں پہلے سے زیادہ سیاسی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ڈیموکریٹس کانگریس میں جنگی اخراجات، فوجی کارروائیوں کے جواز اور امریکی معیشت پر انکے اثرات کے حوالے سے سوالات اٹھائیں گے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور مشرقِ وسطیٰ میں طویل جنگ امریکی عوام کیلئے بھی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ میری رائے میں ٹرمپ ایران پر دباؤ برقرار رکھیں گے، لیکن ایک طویل جنگ شروع کرنے سے پہلے انہیں اس کے سیاسی اور معاشی نتائج پر ضرور غور کرنا ہوگا۔ ان کیلئے فوجی دھمکیوں اور مذاکرات کے درمیان توازن قائم رکھنا زیادہ مناسب ہوگا۔
دوسری طرف سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعلقات کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان دفاعی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے امکانات خطے میں ایک نئی صف بندی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ سعودی عرب اب اپنی سلامتی کیلئے صرف امریکہ پر انحصار نہیں کرنا چاہتا۔ پاکستان کی فوجی صلاحیت، ترکی کی دفاعی صنعت اور سعودی عرب کے معاشی وسائل مل کر ایک اہم علاقائی طاقت بن سکتے ہیں۔ ایران کے ساتھ کشیدگی اور امریکہ کی بدلتی ہوئی پالیسیوں کے تناظر میں اس تعاون کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ یہ اتحاد امریکہ کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کا متبادل نہیں، لیکن اس سے واضح ہوتا ہے کہ خلیجی ممالک اب اپنے دفاعی فیصلوں میں زیادہ خودمختاری چاہتے ہیں۔
ان انتخابات کا ایک دلچسپ پہلو ٹیکساس میں ریپبلکنز کو پہنچنے والا دھچکا بھی ہے۔ ٹیکساس طویل عرصے سے ریپبلکن پارٹی کا مضبوط سیاسی گڑھ سمجھا جاتا رہا ہے، لیکن وہاں ڈیموکریٹس کی کامیابی نے امریکی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ٹیکساس کی اہمیت صرف سیاسی نہیں بلکہ معاشی بھی ہے، کیونکہ ایلون مسک کی ٹیسلا اور اسپیس ایکس سمیت اہم کاروباری سرگرمیاں اسی ریاست میں ہیں۔ وفاقی حکومت کی پالیسیوں، سرکاری معاہدوں اور کاروباری مراعات سے بھی اسکے مفادات وابستہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مسک نے ریپبلکن امیدواروں کی کامیابی کیلئے غیر معمولی سرمایہ کاری کی۔ ان انتخابات میں اسکی سیاسی حمایت اور مالی وسائل کے باوجود ریپبلکنز کو مطلوبہ کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
ایلون مسک کی سرمایہ کاری کا حجم بھی غیر معمولی تھا۔ انتخابی مہمات میں اسکی جانب سے تقریباً 445 ملین ڈالر خرچ کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں، جو پاکستانی گنتی کے مطابق 44 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر بنتے ہیں۔ اس بھاری رقم کے باوجود انتخابی نتائج اسکی توقعات کے مطابق نہیں آئے۔ اس سے یہ حقیقت بھی سامنے آتی ہے کہ امریکی سیاست میں دولت اور سرمایہ کاری اہم ضرور ہے، لیکن عوامی رائے کو مکمل طور پر خریدنا ممکن نہیں۔ اب ڈیموکریٹس کو کانگریس میں برتری حاصل ہونے کے بعد مسک کے سرکاری معاہدوں، حکومتی معاملات میں کردار اور کاروباری مفادات پر بھی زیادہ نگرانی ہو سکتی ہے۔ امریکی انتخابات کے بڑھتے ہوئے اخراجات بھی قابلِ ذکر ہیں۔ 2022 کے وسط مدتی انتخابات پر تقریباً 8.9 ارب ڈالر خرچ ہوئے تھے، جبکہ 2026 کے انتخابات پر اخراجات کا تخمینہ تقریباً 11.9 ارب ڈالر ہے۔
مجموعی طور پر امریکی انتخابات نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں تو موجود ہیں، لیکن ان کی سیاسی طاقت پہلے جیسی نہیں رہی۔ اب ایران کے خلاف کسی نئی جنگ، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات، ایلون مسک کے کاروباری مفادات اور داخلی سیاسی معاملات پر انہیں زیادہ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑئیگا۔ اصل امتحان آنیوالے دو برس ہیں۔ اگر ٹرمپ نے اپنی خارجہ اور داخلی پالیسیوں میں لچک پیدا نہ کی تو ڈیموکریٹس کی مضبوط کانگریس ان کیلئے مسلسل سیاسی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
ایڈیٹوریل نوٹ: یہ مضمون درحقیقت ’روزنامہ جنگ ‘، پاکستان پر شائع ہوا تھا اور اصل مصنف و اشاعت کے حوالے کے ساتھ ’اقبال فورم‘ کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضمون مصنف کی ذاتی آراء پر مشتمل ہے ضروری نہیں کہ یہ آراء اقبال فورم کے مؤقف کی ترجمانی کریں۔
مصنف کے بارے میں
عثمان بھتی
عثمان بھتی ایک مصنف ہیں۔ ان کے بارے میں اضافی سوانحی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
پروفائل اور تمام تحریریںاس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
عثمان بھتی. «ٹرمپ کا سیاسی زوال.» اقبال فورم، 12 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=55189.
تبصرے