حالیہ اسرائیلی انتخابات
27 اکتوبر 2026ء کے اسرائیلی عام انتخابات میں کسی بھی اتحاد کو واضح اکثریت نہ ملنے کے بعد صیہونی صدر اسحاق ہرزوگ نے 48 نشستوں کے حامل گادی آئزن کوٹ کو نئی…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
حالیہ اسرائیلی انتخابات کے بعد حکومت سازی میں مشکلات اور سیاسی اختلافات
27 اکتوبر 2026ء کو اسرائیل میں عام انتخابات کے بعد نئی پارلیمنٹ نے حلف اٹھا لیا ہے، تاہم کسی بھی سیاسی اتحاد کو واضح اکثریت نہ ملنے کے باعث نئی حکومت کی تشکیل تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔ انتخابی نتائج کے مطابق نگراں وزیراعظم نیتن یاہو اپنا پارلیمانی اکثریتی اتحاد برقرار رکھنے میں ناکام رہے، جبکہ انکے سیاسی مخالف اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ بھی حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ نشستیں حاصل نہیں کر سکے۔ تاہم صہیونی صدر اسحاق ہرزوگ نے گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ انکی جماعت اور اتحادی جماعتوں کے پاس 120رکنی پارلیمنٹ میں 48نشستیں ہیں اور اُنہیں عرب جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے، جبکہ نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد کو 53 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ صہیونی صدر اسحاق ہرزوگ نے پارلیمانی ارکان کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر اتفاق رائے پیدا کرنے کی تلقین کی ہے تاکہ ملک کو دوبارہ انتخابات کی طرف جانے سے بچایا جا سکے۔ دوسری جانب نیتن یاہو نے قومی اتحادی حکومت بنانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے ایران کے جوہری پروگرام کو اسرائیل کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔نئی حلف برداری کے بعد نیتن یاہوکو کٹہرے میں لانے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے، اب دیکھتے ہیں نئی صیہونی حکومت یہ اقدام اُٹھاتی ہے یا نہیں۔ نئی پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس میں گادی آئزن کوٹ اور اتحادیوں نے کئی بل پیش کردیئے۔ اتحادی جماعتوں کا کہناہے کہ نیتن یاہو حکومت کے متنازع قوانین کو منسوخ کرنے کی تجاویز جمع کرائی ہیں۔ یہ قانون سازی نیتن یا ہونے اپنے تحفظ اور غیر قانونی اقدامات کی چھوٹ حاصل کرنے کیلئے کی تھی۔ بہرحال اسرائیل کی منقسم سیاسی صورت حال میں حکومت بنانا آسان کام نہیں ہوگا۔ عرب قیادت والی جماعتوں کی ممکنہ حمایت، مذہبی اور دائیں بازو کی جماعتوں کیساتھ اختلافات اور غزہ جنگ کے بعد پیدا ہونیوالی سیاسی تقسیم آئزن کوٹ کیلئے بڑے چیلنجز ہیں۔ نیتن یاہونے 7اکتوبر 2023ء طوفان الاقصٰی آپریشن کی تحقیقات کے حوالے سے ریاستی کمیشن قائم نہیں ہونے دیا تھا۔ آزادانہ انکوائری شروع کرنے کا مطالبہ ان بلوں میں شامل ہے جو نئی پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے ہیں۔ گزشتہ تین سال میں غزہ اور مغربی کنارے کے نہتے، معصوم اور بے گناہ فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کرنیوالے اس شخص کی گردن کے گرد پھندابھی سخت ہونے لگا ہے۔ اگر گادی آئزن کوٹ مخلوط حکومت بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو انکے اتحاد کے اعلانات کے مطابق اہم ترجیحات یہ ہونگی۔ NBC News کی 11 نومبر 2026ء کی رپورٹ کے مطابق، آئزن کوٹ نے نئی پارلیمان کی حلف برداری کے موقع پرنیتن یاہو حکومت کی کئی پالیسیوں کو واپس لینے اور تبدیل کرنیکا عزم ظاہر کیا ہے۔ اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس کے سربراہ یائیر گولان نے 10نومبر 2026 کو کہا کہ نئی حکومت کا پہلا فیصلہ 7اکتوبر کی سکیورٹی اور عسکری ناکامی کی تحقیقات کیلئے ایک سرکاری کمیٹی قائم کرنا ہوگا۔ٓواز دی وائس کے مطابق، آئزن کوٹ نے ملک کو درپیش سیکورٹی، سفارتی اور داخلی بحرانوں سے نمٹنے کیلئے ایک وسیع قومی ہنگامی حکومت بنانے اور عالمی تنہائی ختم کرنے کی بات بھی کی ہے۔ اپوزیشن اتحاد میں شامل رہنماؤں، بشمول بینی گینٹز نے انتخابی مہم کے دوران تمام شہریوں (بشمول قدامت پسند یہودیوں) کیلئے فوجی خدمات کی لازمی شمولیت اور مہنگائی پر قابو پانے کو اہم ترجیح قرار دیا ہے۔ اسرائیلی سیاسی دھڑوں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کسی کی بھی بنے، بنیادی علاقائی و سکیورٹی اہداف میں سخت گیر موقف برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے اہم رکن بینی گینٹز نے واضح کیا ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری پروگرام بحال کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی اور حماس و حزب اللہ کو عسکری صلاحیتیں دوبارہ حاصل کرنے سے روکا جائیگا۔ دوسری جانب نگراں وزیراعظم نیتن یاہو نے 10نومبر 2026ء کو ایرانی حکومت کے خاتمے کیلئے کام کرنے اور قومی اتحاد قائم کرنے پر زور دیا ہے۔ انتخابات میں عرب جماعتوں نے ریکارڈ 19نشستیں حاصل کی ہیں۔ عرب جماعتوں کا مطالبہ اسرائیل کے عرب شہریوں کیلئے مساوی شہری و قومی حقوق کا حصول ہے۔ تاہم آئزن کوٹ کے اتحاد کی بعض جماعتوں نے عرب جماعتوں کیساتھ ملکر حکومت بنانیکی مخالفت کی ہے، جبکہ نیتن یاہو نے ممکنہ اپوزیشن حکومت کو ملکی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔چونکہ آئزن کوٹ کے اتحاد کے پاس 48 اور نیتن یاہو کے بلاک کے پاس 53 نشستیں ہیں، اسلئے حکومت سازی کا عمل پیچیدہ ہے۔ اگر آئزن کوٹ مقررہ مدت (28 دن اور ممکنہ 14 دن کی توسیع) میں 61ارکان کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں، تو صدر نیتن یاہو کو حکومت بنانے کی دعوت دے سکتے ہیں، اور مزید تعطل کی صورت میں 2027ء کے اوائل میں دوبارہ انتخابات بھی ہو سکتے ہیں۔ صیہونی ریاست میں ہونیوالے حالیہ انتخابات کے بعد حکومت سازی کی کشمکش اور سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے، جس میں مختلف فریقین کے عزائم و موقف درج ذیل ہیں۔
نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور دائیں بازو کی قوم پرست جماعتوں کا اصرار ہے کہ عوام نے ایک مضبوط قومی اور دائیں بازو کی حکومت کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ ان کا ہدف ایک مستحکم حکومت تشکیل دینا، سلامتی کے معاملات کو سخت رکھنا اور مخالفین پر قابو پانا ہے۔ دوسری طرف نیتن یاہو نے ممکنہ اپوزیشن کی جانب سے عرب اور اسلام پسند جماعتوں کی حمایت سے حکومت بنانے کی کوششوں کو سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا ہے. ائیر گولان اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے نئی ممکنہ حکومتی یا سیاسی چالوں کے عزائم پر شدید تنقید کی ہے اور انتباہ جاری کیا ہے۔ اپوزیشن کی کوشش ہے کہ عرب اور دیگر ہم خیال جماعتوں کو ساتھ ملا کر حکومت سازی کی جائے یا موجودہ حکومتی ہندسیات کو چیلنج کیا جائے۔ انتخابات کے نتائج کے بعد سیاسی کشیدگی عروج پر ہے۔ اپوزیشن اور عرب جماعتوں نے نیتن یاہو پر نتائج متنازع بنانے کا الزام لگایا ہے، جبکہ لیکوڈ کا الزام ہے کہ عرب جماعتوں نے ووٹ خریدے یا بیرونی مداخلت ہوئی، جس کی تحقیقات داخلی سیکورٹی ادارے شن بیت کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔
حالیہ اسرائیلی انتخابات کے منقسم مینڈیٹ نے یہ بات واضح کردی ہے کہ اسرائیلی عوام کے اندر باہمی اختلافات اور تقسیم کی جڑیں گہری ہورہی ہیں، خاص طور پر 7 اکتوبر 2023ء ’’طوفان الاقصٰی‘‘ آپریشن کے بعد کی صورتِ حال نے تو اسرائیل کو دُنیا بھر میں تنہائی اور رُسوائی سے دوچار کردیا ہے۔ اِس صورتِ حال میں دیکھنا یہ ہے کہ گادی آئزن کوٹ عرب اتحادیوں کیساتھ ملکر مخلوط حکومت بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں یا پھر آئندہ سال اسرائیل میں نئے سِرے سے انتخابات کرانے ہوں گے۔
ایڈیٹوریل نوٹ: یہ مضمون درحقیقت ’روزنامہ جنگ ‘، پاکستان پر شائع ہوا تھا اور اصل مصنف و اشاعت کے حوالے کے ساتھ ’اقبال فورم‘ کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضمون مصنف کی ذاتی آراء پر مشتمل ہے ضروری نہیں کہ یہ آراء اقبال فورم کے مؤقف کی ترجمانی کریں۔
مصنف کے بارے میں
لیاقت بلوچ
لیاقت بلوچ ایک مصنف ہیں جن کی زندگی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں مزید معلومات درج نہیں ہیں۔ ان کی تصانیف، پس منظر اور رتبے سے متعلق معلومات بھی درج نہیں ہیں۔
پروفائل اور تمام تحریریںاس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
لیاقت بلوچ. «حالیہ اسرائیلی انتخابات.» اقبال فورم، 17 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=55767.
تبصرے