فیلڈ مارشل سے ایرانی وزیرِ خارجہ ترک اور برطانوی کمانڈروں کی ملاقاتیں
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات: ایران، ترکیہ اور برطانیہ کے نمائندوں سے سفارتی و دفاعی رابطے
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، بدلتی جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پائیدار امن و استحکام کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل روابط، باہمی اعتماد اور قریبی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رفعت دلکران نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ترک کمانڈر نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف اور دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دریں اثنا، برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں علاقائی سکیورٹی، دفاعی تعلقات اور فوجی تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان اور تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ برطانوی فوج کے سربراہ نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور علاقائی امن کے لیے خدمات کو سراہا۔ یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں اہمیت رکھتی ہیں جب مشرقِ وسطیٰ کی جنگ اور اس کے اثرات نے پورے خطے کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے۔ جنگ کی طوالت صرف متعلقہ ممالک ہی نہیں، توانائی کی فراہمی، تجارت، سرمایہ کاری اور عالمی معیشت کو بھی متاثر کرتی ہے۔ پاکستان کے لیے اس صورت حال میں مؤثر سفارتی روابط برقرار رکھنا اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں حصہ لینا قومی مفاد کا تقاضا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں سے پاکستان کے سفارتی کردار کو نمایاں کرنے میں مدد ملی ہے۔ ایران، ترکیہ اور برطانیہ کے اعلیٰ نمائندوں سے روابط اس لحاظ سے بھی قابلِ توجہ ہیں کہ ان ممالک کے علاقائی معاملات، دفاعی ترجیحات اور عالمی تعلقات کی نوعیت مختلف ہے۔ ان کے ساتھ مسلسل گفتگو پاکستان کو اپنا موقف واضح کرنے، دوسرے فریقوں کے معاملات سمجھنے اور مشترکہ مفادات کے لیے تعاون کی راہیں تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ پاکستان پر عالمی اعتماد کی مضبوطی کا عملی اظہار ان روابط کے تسلسل اور باہمی تعاون کے نتائج سے ہوگا۔ داخلی سطح پر وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان بھی معاشی استحکام کی کوششوں میں فیلڈ مارشل کے کردار کا برملا اعتراف کرتے ہیں۔ دفاعی سلامتی، داخلی امن اور معاشی اعتماد ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول اسی وقت مضبوط ہوتا ہے جب پالیسیوں میں تسلسل، اداروں میں ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہو۔ اس لیے سفارتی اور دفاعی پیش رفت کو معاشی مواقع میں بدلنے کے لیے مسلسل عملی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے کردار کا اعتراف بھی اسی وسیع تناظر میں اہم ہے۔ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت اسے علاقائی تجارت، رابطوں اور تعاون میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع دیتی ہے۔ ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے سفارت کاری، دفاعی تعاون اور معاشی حکمتِ عملی میں ربط ضروری ہے۔ حالیہ ملاقاتوں کی اہمیت بھی یہی ہے کہ ان سے حاصل ہونے والی مفاہمت کو دیرپا امن، مضبوط دفاع اور عوام کی معاشی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جائے۔
ایڈیٹوریل نوٹ: یہ مضمون درحقیقت ’روزنامہ نوائے وقت ‘، پاکستان پر شائع ہوا تھا اور اصل مصنف و اشاعت کے حوالے کے ساتھ ’اقبال فورم‘ کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضمون مصنف کی ذاتی آراء پر مشتمل ہے ضروری نہیں کہ یہ آراء اقبال فورم کے مؤقف کی ترجمانی کریں۔
مصنف کے بارے میں
اداریہ روزنامہ نوائے وقت
فراہم کردہ ریکارڈ میں یہ اندراج روزنامہ نوائے وقت کے اداریے کے طور پر درج ہے۔ دستیاب معلومات میں اس اداریے یا اس کے لکھنے والوں کے بارے میں مزید تفصیل نہیں دی گئی۔
پروفائل اور تمام تحریریںاس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
اداریہ روزنامہ نوائے وقت. «فیلڈ مارشل سے ایرانی وزیرِ خارجہ ترک اور برطانوی کمانڈروں کی ملاقاتیں.» اقبال فورم، 19 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=56091.
تبصرے