تہران میں چار مسلم ممالک کی بیٹھک، خوش آئند
تہران میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور ایران کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کو امتِ مسلمہ کے اتحاد، علاقائی امن اور باہمی اعتماد کے لیے ایک انتہائی حوصلہ افزا پیش رفت قرار…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
تہران میں چار بڑے مسلم ممالک کا اہم اجلاس اتحادِ امت، خطے میں امن و سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ تہران میں ہونے والی یہ اہم نشست امتِ مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کے خواہاں حلقوں کے لیے خوشی اور امید کا پیغام ہے۔ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، باہمی اعتماد اور مشترکہ حکمتِ عملی کے فروغ کے لیے ایسی کوششیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ محسن رضائی کی جانب سے اس اجلاس کے حوالے سے مثبت خیالات اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے پیش رفت کی امید قابلِ تحسین ہے۔ امید ہے کہ چاروں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور اتحاد کو مزید تقویت ملے گی اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری کوششیں کامیابی سے ہم کنار ہوں گی۔
اسلامی ممالک کا آپس میں بیٹھنا اور سفارتی سطح پر تعاون بڑھانا نہ صرف مسلم امہ بلکہ عالمی امن کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے۔ ایسی بیٹھکیں مسلم ممالک کے مابین غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اتحاد کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ امت مسلمہ کو درپیش عصری مسائل، جیسے معاشی چیلنجز، اسلامو فوبیا، اور علاقائی سلامتی پر یکجا ہو کر آواز اٹھانا آسان ہو جاتا ہے۔ تہران جیسے اہم پلیٹ فارم پر ملاقاتیں مسلم ممالک کے درمیان دوطرفہ اور کثیر الجہتی تجارت کو بڑھانے کی راہ ہموار کرتی ہیں۔ جب اہم مسلم ممالک ایک جگہ جمع ہو کر متفقہ موقف اپناتے ہیں، تو عالمی سطح پر انکا سفارتی وزن اور اثر و رسوخ بڑھ جاتا ہے۔
مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر مشترکہ مسائل کے حل، امتِ مسلمہ کے مفادات کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا تقاضا ہے کہ اسلامی ممالک باہمی مشاورت، اعتماد اور تعاون کو فروغ دیں اور اپنے اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنیکی کوشش کریں۔ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی نہ صرف خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے بلکہ اس سے عالمِ اسلام کے مشترکہ مفادات کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔امیدہے کہ یہ مثبت پیش رفت، مکہ معاہدے کو آگے بڑھانے اور مسلم دنیا میں اتحاد و یکجہتی کی مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ امتِ مسلمہ کے روشن مستقبل کے لیے اسلامی ممالک کو مشترکہ اہداف کے حصول اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اور مسلسل کوششیں جاری رکھنا چاہئیں۔
ایران میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے اعلیٰ سطح کے وفود سے ایرانی حکام کی ملاقات کے بعد شائع کیے گئے ایک مختصر مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شرکا نے چاروں علاقائی ممالک کے درمیان تعاون، بشمول خطے میں امن اور سکیورٹی، کو مزید مضبوظ بنانے کیلئے ڈائیلاگ (مکالمے) کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے نمائندوں کا ایرانی دارالحکومت تہران کا دورہ ’موجودہ بحران کے فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ان کوششوں کا مقصد مذاکرات اور سفارتی حل کی حوصلہ افزائی کرنا اور ریاستِ قطر اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔ اجلاس کے خاتمے کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ’اس اجلاس میں اہم اور مؤثر اسلامی ممالک کے نمائندوں کی شرکت خطے میں اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔‘انھوں نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ ’ایک ساتھ کھڑے ہوں اور مشترکہ و مربوط مؤقف اختیار کریں۔‘ ’مسلمان ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور انھیں مسلم ممالک کو نشانہ بنانے والی دھمکیوں اور اقدامات کے مقابلے میں متحد ہو کر ایک صف میں کھڑا ہونا چاہیے۔‘ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم دنیا کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد اور یکجہتی ناگزیر ہے۔
مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششوں اور امریکا ایران مذاکرات میں پیشرفت کی امید کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیتموں میں دوسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کیلئے ایران میں چار ملکی بیٹھک کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی۔برینٹ خام تیل کی قیمت جو گزشتہ ہفتے 117 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی تھی اب دوسرے روز بھی کمی کے بعد 114.85 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت گزشتہ ہفتے 103 ڈالر پر پہنچ گئی تھی وہ بھی اب کم ہو کر 100.87 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔تہران میں سعودی عرب، ترکیہ، ایران اور پاکستان کے حکام کی جنگ کے خاتمے کیلئے ملاقاتوں کے باعث تیل کی قیمتوں پر دباؤ دیکھا گیا۔ سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حوثی حملوں اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں پر ایرانی حملوں کی اطلاعات نے خام تیل کی رسد متاثر ہونے کے خدشات برقرار رکھے ہیں، جس سے قیمتوں میں مزید کمی محدود رہی۔ مغربی ایشیا میں نئی سفارتی کوششوں سے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ممکنہ پیش رفت کی امید پیدا ہوئی ہے جس کے باعث کئی ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں کمی سامنے آرہی ہے۔
مصنف کے بارے میں
ریاض احمدچودھری
اقبال فورم پر ریاض احمدچودھری کی ایک تحریر شائع ہو چکی ہے، جن کا محور سیاست ہے۔
- سیاست
اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
ریاض احمدچودھری. «تہران میں چار مسلم ممالک کی بیٹھک، خوش آئند.» اقبال فورم، 29 اکتوبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=53345.
تبصرے