مرکزی مواد پر جائیں

مشرقِ وسطیٰ کا بحران اور آٹھ ممالک کا مطالبہ

آٹھ ملکی (پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، مصر، فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ) استنبول اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں علاقائی تنازعات کے پائیدار حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات پر زور دیا…

متن کی ترتیبات

متن کی ترتیبات

مشرقِ وسطیٰ کا بحران

پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، مصر، فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام زیرِ التوا تنازعات کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔ استنبول میں ہونے والے اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں امریکا اور اسرائیل کے ایران کے ساتھ جاری تنازع، اسرائیل فلسطین کشمکش، غزہ میں دو ریاستی حل، یمن میں حوثی ملیشیا کے حملوں اور آبنائے ہرمز، باب المندب اور بحیرہ اسود میں بحری سلامتی سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ تنازعات کے سکیورٹی، معیشت اور تجارت پر مرتب ہونے والے اثرات سے نمٹنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے اسی طرز کے مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔یہ اعلامیہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ کا بحران علاقائی حدود سے نکل کر عالمی معیشت، توانائی کی رسد، بین الاقوامی تجارت اور بڑی طاقتوں کے تعلقات کو متاثر کرنے کی صلاحیت دکھا رہا ہے۔ تاہم، اصل اہمیت اس بات کی ہوگی کہ آٹھ ممالک اپنے سیاسی اثرورسوخ، معاشی وسائل اور سفارتی روابط کو بروئے کار لا کر کشیدگی کم کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔ موجودہ بحران کا سب سے تشویش ناک پہلو امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان فوجی تصادم ہے۔ اس تنازع کے اثرات صرف ان ممالک تک محدود نہیں رہ سکتے، کیونکہ خلیج فارس عالمی توانائی کی ترسیل کا بنیادی راستہ ہے۔ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی متاثر ہونے سے تیل اور گیس کی قیمتوں، عالمی منڈیوں اور درآمدات پر انحصار کرنے والی معیشتوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پاکستان جیسے ممالک کے لیے، جہاں توانائی کی درآمدات معیشت پر اضافی دباؤ ڈالتی ہیں، یہ صورتِ حال خاص طور پر اہم ہے۔استنبول اجلاس میں اس تنازع کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے اور مزید کشیدگی روکنے پر زور دیا گیا۔ اعلامیے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کی حمایت بھی کی گئی، جو پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی موقع ہے۔پاکستان کے لئے ثالثی کا مطلب کسی ایک فریق کی پالیسی کی تائید نہیں، بلکہ ایسے قابلِ قبول حل کی تلاش ہے جس میں جنگ بندی، شہریوں کا تحفظ اور مذاکرات کی بحالی ممکن ہو۔فلسطین کا مسئلہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی کوششوں کا مرکزی نقطہ ہے۔ غزہ میں تباہی، انسانی بحران، فلسطینیوں کی بے گھری اور مغربی کنارے میں آبادکاری کی سرگرمیوں نے اس تنازع کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ استنبول میں چار مسلم اکثریتی ممالک اور چار یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ نے دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ اس تصور کے تحت فلسطین کی ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل ریاست قائم ہونی چاہیے، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو اور جس کی بنیاد 4 جون 1967 کی سرحدیں اور متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادیں ہوں۔ اعلامیے میں غزہ کے لیے انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور تعمیرِ نو کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔ یہاں یورپی ممالک کا کردار اہم ہو سکتا ہے۔ فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے پاس اسرائیل کے ساتھ سفارتی روابط، معاشی تعلقات اور عالمی اداروں میں اثرورسوخ موجود ہے۔ اگر یہ ممالک فلسطینی ریاست کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی فراہمی کے مطالبات کو عملی سفارتی اقدامات سے جوڑیں تو مذاکرات کے لیے بہتر ماحول پیدا ہو سکتا ہے۔ تاہم، محض دو ریاستی حل کی حمایت کافی نہیں؛ اس کے لیے سیاسی دباؤ، مسلسل مذاکرات اور فریقین کی طرف سے قابلِ تصدیق اقدامات بھی ضروری ہوں گے۔یمن کا بحران بھی مشرقِ وسطیٰ کے امن سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ حوثی ملیشیا کے حملوں، سعودی عرب کو درپیش سلامتی کے خدشات اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو لاحق خطرات نے صورتِ حال کو مزید سنگین بنایا ہے۔آج علاقائی جنگوںکے اثرات خوراک، کھاد، توانائی اور اشیائے ضرورت کی عالمی ترسیل تک پہنچتے ہیں۔سعودی عرب اپنے معاشی وسائل اور خلیجی ممالک کے ساتھ روابط کے ذریعے امن کی کوششوں میں کردار ادا کر سکتا ہے، جبکہ مصر نہرِ سویز، بحیرہ احمر اور فلسطینی مسئلے کے حوالے سے اہم حیثیت رکھتا ہے۔ ترکیہ کے ایران، عرب دنیا، یورپ اور مغرب کے ساتھ روابط اسے ایک ممکنہ سفارتی رابطہ کار بناتے ہیں۔ پاکستان ان ممالک کے ساتھ مل کر اعتماد سازی اور سیاسی مذاکرات کو آگے بڑھا سکتا ہے۔اس اجلاس کی اصل طاقت مختلف نوعیت کے اثرورسوخ کو یکجا کرنے میں ہے۔ چار علاقائی ممالک، یعنی پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر، خطے کے سیاسی، مذہبی، جغرافیائی اور سلامتی کے معاملات میں براہِ راست مفادات رکھتے ہیں۔ دوسری طرف فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ یورپی سفارت کاری، تجارت اور عالمی اداروں میں اثرانداز ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا مشترکہ پلیٹ فارم علاقائی ممالک کے نقطہ نظر اور یورپی طاقتوں کے سفارتی وسائل کو ایک جگہ جمع کر سکتا ہے۔پاکستان کے لیے اس موقع کا تقاضا ہے کہ وہ ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے ساتھ رابطے مضبوط کرتے ہوئے یورپی ممالک کے ذریعے وسیع تر سفارتی مکالمے کی حمایت کرے۔ ساتھ ہی ایران اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات میں توازن، عالمی تجارت کے تحفظ اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کو ترجیح دینی چاہیے۔ اگر آٹھوں ممالک مشترکہ مؤقف کو مذاکرات کے واضح ایجنڈے اور قابلِ پیمائش نتائج میں تبدیل کر سکیں تو یہ کوشش علاقائی سفارت کاری کے لیے ایک اہم مثال بن سکتی ہے۔

مصنف کے بارے میں

اداریہ 92 نیوز

اداریہ 92 نیوز

فراہم کردہ ریکارڈ میں یہ اندراج 92 نیوز کے اداریے کے طور پر درج ہے۔ اس کے مصنف، شناخت یا پس منظر کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

پروفائل اور تمام تحریریں

اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں

اداریہ 92 نیوز. «مشرقِ وسطیٰ کا بحران اور آٹھ ممالک کا مطالبہ.» اقبال فورم، 26 اکتوبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=53034.

حوالہ دینے کے انداز

اداریہ 92 نیوز. (26 اکتوبر 2026). مشرقِ وسطیٰ کا بحران اور آٹھ ممالک کا مطالبہ. اقبال فورم. https://iqbalforum.org/ur/?p=53034

متعلقہ تحقیق

تازہ ترین

تبصرے

تبصرہ کریں
1000حروف باقی
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔