مکہ معاہدہ‘ بدر مفاہمت!
ترک پارلیمنٹ کے ذریعے سامنے آنے والے 16 شقوں پر مشتمل مکہ معاہدے کا مقصد دوست ممالک کے تنازعات کو خونی تصادم میں بدلنے سے روکنا اور دشمن کی سازشوں کا توڑ…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
مکہ معاہدہ ‘ قیاس آرائیوں اور اندازوں‘ تخمینوں کی زد میں تھا‘ ترک پارلیمنٹ کا شکریہ کہ ترکیہ حکومت کو حتمی منظوری کے لئے عوامی نمائندوں کے حضور پیش کرنا پڑا‘ جس کی وساطت سے یہ دستاویز سامنے آئی‘ اب ہر کوئی سولہ(16) شقوں پر مشتمل اس معاہدے کو پڑھ سکتا ہے‘ اس کے دائرہ کار کو سمجھ اور طریقہ کار جان سکتا ہے۔اس معاہدے کا مقصد گولہ بارود‘ سنگ و آہن سے مقابلہ کرنا ہے تو دوسری طرف دشمن کی سازشوں کا توڑ کرنا اور دوستوں کے درمیان تنازعات کو خونی تصادم میں بدلنے سے روکنے کے لئے کوشش کرنا بھی ہے۔ معاہدہ بروقت ہوا ہے اور اس کے تینوں فریق اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لئے مستعد ہو چکے ہیں۔ فریق ممالک کے اعلیٰ نمائندوں کا دورہ ایران اس کا عملی اظہار ہے۔ پاکستان‘ ترکیہ ‘ ایران بہت پہلے سمجھ گئے تھے کہ امریکہ کی دوستی تحفظ کی ضمانت نہیں بجائے خود سکیورٹی رسک ہے۔ اس کی موجودگی خطرناکی کو اور بڑھا دیتی ہے‘ ہمارے عرب برادر اس حقیقت کو سمجھنے کے لئے تیار نہیں تھے‘ ایران کے خلاف امریکہ‘ اسرائیل حملے کے بعد ایران کی جوابی کارروائی نے انہیں عدم تحفظ کا احساس دلایا تب پاکستان سعودی عرب اور دیگر ریاستوں کو باور کروانے میں کامیاب رہا کہ امریکہ آپ کو اس جنگ میں جھونک کر خود نکل جائیگا۔ تمہیں کبھی نہ بجھنے والی آگ میں جھونک دے گا‘ اسرائیل معاہدے کے فریق کسی ایک ملک پر حملہ کر دیکھ لے کہ یہ کاغذی معاہدہ ہے یا ناقابل شکست آہنی دیوار۔ یہ فریق اپنی انا کو ایک طرف رکھ کر حوثی(انصار اللہ) کے ساتھ سعودی تنازع کے حل کے لئے ایران جا سکتے ہیں تو دشمن کے حملے پر سینہ سپر بھی ہو سکتے ہیں‘ دو بھائیوں کے درمیان اقتدار کی کشمکش‘ ایک ملک کی دو سیاسی جماعتوں کے درمیان تنازعہ ‘ دو دوست ملکوں کی مسابقت کے برے نتائج اور دشمن کے حملے میں بڑا فرق ہے اور ہر تنازعے کو حل کرنے اور نمٹنے کا ایک الگ طریقہ کار ہے۔ مکہ معاہدے کے فریق اس فرق کو سمجھ کر ہی سرگرم ہوئے ہیں۔ یقینا دنیا جلد ہی اس کے اثرات اور نتائج کو جاگتی آنکھوں سے دیکھ سکے گی۔ اکثر دفاعی ماہرین تجزیہ کار اور وقائع نگار تواتر سے کہہ رہے ہیں کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب کے لئے امریکہ کا فراہم کردہ تحفظ کا متبادل نہیں بلکہ اس کی معاونت کے لئے ایک اضافی منصوبہ ہے۔ ان ماہرین کے اندازوں کے برعکس پاکستان اور ترکیہ کی خطے میں موجودگی بجائے خود ’’ڈیٹرنس‘‘ قوت مزاحمت فراہم کرتی ہے۔ ایران اس معاہدے میں شامل نہیں ہو گا اگر وہ اس معاہدہ کا چوتھا رکن بن جائے تو صورت حال راتوں رات تبدیل ہو جائے گی تب امریکہ خطے سے اسی طرح بھاگ جائے جس طرح ویت نام یا افغانستان سے نکل بھاگا تھا۔ خیال کرتا ہوں کہ ایران‘ پاکستان‘ ترکیہ‘ انڈونیشیا ‘ قطر کے بدر معاہدے میں شرکت کرے گا یا‘ ترکیہ ‘ ایران‘ پاکستان کے پرانے معاہدے آر‘ سی ڈی کی طرز کا کوئی حل تجویز کرے گا۔ ان معاہدوں میں اجتماعی دفاع سے بھی زیادہ اہم دفاعی خود انحصاری کا منصوبہ ہے کہ سارے فریق دفاع کے لئے اپنے وسائل‘ مہارت ‘ علم کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف اپنی افواج کو ہم آہنگ کریں بلکہ دفاعی پیداوار میں دنیا کی جدید اور بہترین ہتھیاروں کے مقابلے کے لئے اپنی جنگی مشین تیار کریں۔ خود انحصاری ہی حقیقی تحفظ کی ضمانت ہو سکتی ہے مانگے یا خریدے گئے ہتھیار کسی وقت بھی ختم ہو سکتے ہیں اور بیچنے والا عین حالت جنگ میں دھوکہ بھی دے سکتا ہے۔ پاکستان نے 1965کی جنگ میں یہ سبق سیکھا کہ اس وقت ہمارے اسلحہ خانوں میں زیادہ تر امریکی اور کچھ دوسرے یورپی ملکوں کا اسلحہ ہوا کرتا تھا‘ جنگ کے دوران امریکہ نے گولہ بارود اور فاضل پرزہ جات پر پابندی عائد کر دی اس وقت چین ہمارے کام آیا‘اس نے اسلحہ دینے کی بجائے ٹیکسلا میں ہیوی مکینیکل کمپلیکس بنانے میں مدد دی جہاں ہم نے پہلے اپنی ضرورت کے لئے اور ضرورت کے مطابق گولہ بارود بنایا۔ اب وہاں توپیں ڈھلتی ہیں، ٹینک‘ بکتر بند گاڑیاں اور دیگر سازوسامان تیار کیا جاتا ہے۔ امریکہ ایک طرح سے پاکستان‘ پھر ایران‘ آخر میں ترکیہ کا محسن بھی ہے کہ اس کی کہہ مکرنی اور دھوکہ دہی کی عادت نے ان تینوں مسلم ریاستوں کو خود انحصاری کی راہ ڈال دیا۔ ایران نے انقلاب کے بعد یہ سفر شروع کیا۔ اسی وجہ سے آج وہ امریکہ‘ اسرائیل کے مشترکہ حملوں کا مقابلہ کرنے اور جواب دینے کے قابل ہوا ہے‘ اس حالیہ جنگ نے ہمارے عرب برادران کی آنکھیں بھی کھول دی ہیں‘ اب جبکہ نیٹو بکھر کر غیر موثر ہو رہا ہے‘ عین اسی وقت نیٹو کی طرز پر مسلمان ملکوں کے دفاعی معاہدوں کا آغاز ہوا چاہتا ہے۔ مکہ معاہدے کا مقصد جنگ کو بھڑکانا‘ بڑھانا اور وسیع کرنا ،فریق بننا نہیں ہے بلکہ جنگ کو روکنا‘ سفارتی کوششوں کو منظم کرنا‘ باہمی اختلافات کو بات چیت سے سلجھانا اور مشترکہ دشمنوں کے خلاف طاقت کا توازن بنائے رکھنا ہے۔ بدر مفاہمی یادداشت‘ اگرچہ یہ پہلی کاری یا کوشش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے‘ اس نے باقاعدہ معاہدے کی شکل اختیار نہیں کی پھر بھی اس کے بنیادی اراکین اور ان کے مقاصد پر نظر ڈالیں تو عالمی تناظر میں یہ کہیں زیادہ اہم وسیع تر امکانات کا حامل ہے۔ انڈونیشیا‘ پاکستان‘ ترکیہ اور قطر ۔ یہ مشترک دفاع کا معاہدہ نہیں بلکہ مشترکہ دفاعی پیداوار کا معاہدہ ہے‘ یہ معاہدہ ممبران کو دفاع کے معاملے میں خود انحصاری کے لئے ہے‘ اس میں دیگر مسلم ریاستوں کی شرکت کے امکانات بھی زیادہ ہیں۔ ایران‘ بنگلہ دیش‘ ملائشیا ‘ مالدیپ ‘ سوڈان ‘ مصر‘ صومالیہ‘ الجیریا‘ تیونس ‘ شام‘ دیگر بہت سے اسلامی ملک اس کا حصہ بننے کو ترجیح دیں گے۔ فی الوقت یہ سب کی ضرورت بھی ہے کہ وہ یورپ اور دوسری منڈیوں سے مہنگے ہتھیار خریدنے اور بوقت ضرورت ان ہتھیاروں کی عدم دستیابی کا زخم کھانے کی بجائے خود اپنے زیادہ جدید موثر سستے ہتھیار تیار کریں۔ مشرق وسطیٰ کی چھوٹی چھوٹی مگر دولت مند عرب مملکتیں ‘ امریکہ اور یورپ پر اپنی بے پناہ دولت نچھاور کرتے چلے آئے ہیں کہ وہ انہیں اپنی حفاظت میں لئے رکھیں گے لیکن وقت پڑنے پر وہ کبھی کام نہیں آئے اور صدیوں سے آزمودہ بہادر تنو مند‘ بے خوف وسط ایشیائی ریاستیں‘ قازقستان‘ ازبکستان ‘ تاجکستان ‘ ترکمانستان، کرغزستان سب سے بڑھ کر افغانستان‘ جو حال ہی میں روس‘ امریکہ دونوں سپر پاور اور ان کے اتحادیوں کا مدفن ہے:پھر اسرائیل کو گھیرے ہوئے مگر خوفزدہ شام‘ لبنان‘ اردن اور عراق بھی ایک ایک کر کے معاہدوں کی مضبوط لڑی میں پروئے جانے کے لئے دستیاب ہونگے۔ یورپ کے بکھرنے، امریکہ کے سکڑنے میں دو دہائیوں(20سال) سے زیادہ وقت نہیں ہے۔ امریکہ دنیا بھر میں پھیلے 80اڈوں اور دوسو کے قریب سہولتوں سے دستبردار ہو کر اپنی یونائیٹڈ سٹیٹس آف امریکہ کی پچاس ریاستوں کو متحد رکھ سکے تو غنیمت ہو گا‘ مگر زیادہ دیر تک ان پچاس ریاستوں کا اتحاد چلتا نظر نہیں آتا۔
مصنف کے بارے میں
سینیٹر(ر)طارق چوہدری
ریٹائرڈ سینیٹر
فراہم کردہ نام میں طارق چوہدری کو ریٹائرڈ سینیٹر کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے بارے میں کوئی سوانحی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
پروفائل اور تمام تحریریںاس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
سینیٹر(ر)طارق چوہدری. «مکہ معاہدہ‘ بدر مفاہمت!.» اقبال فورم، 29 اکتوبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=53347.
تبصرے