مرکزی مواد پر جائیں

جاگتے رہو…جیو پاکستان!

پاکستانی کوششوں سے 26 اکتوبر کو تہران میں منعقدہ چہار ملکی سیکیورٹی اجلاس میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور ایران کے مابین باہمی سلامتی اور عسکری محاذ کی شدت کم کرنے پر…

متن کی ترتیبات

متن کی ترتیبات

چہار ملکی سیکیورٹی اجلاس

26 اکتوبر کو تہران میں چہار ملکی سیکیورٹی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب و ایران کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد باہمی سیکورٹی یقینی بنانا، عسکری محاذ کی شدت میں کمی لانا، غزہ اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کا سدِباب، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی اور باب المندب پر ناکہ بندی ختم کروانا اور ایران اور امریکہ میں دیرپا امن یقینی بنانے کے لئے لائحہ عمل بنانا تھا۔ اجلاس کے شرکاء کا اچھے ماحول میں تبادلہ خیال ہوا اور بہت سے موضوعات پر ہم آہنگی پائی گئی۔ یہ اجلاس فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کے نتیجے میں منعقد ہوا تھا۔ فیلڈ مارشل کا پچھلے چند روز میں تہران کا یہ دوسرا دورہ تھا جبکہ پہلے بھی وہ ایران کی جنگ بندی اور مفاہمتی یادداشت کے سلسلے میں تہران کے کئی دورے کر چکے ہیں۔ ان کی انتھک کاوشوں سے بطور ثالث، دفاعی پارٹنر اور امن کے داعی پاکستان کا دنیا میں مقام بہت بلند ہوا ہے۔ ہندوستان سے جنگ میں پاکستان نے جس تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا حساب چکایا، محض چار گھنٹوں کی جنگ میں اپنی اعلیٰ حکمتِ عملی سے پانچ گنا بڑے دشمن کو مفلوج کر دیا وہ جنگی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔ یقیناً ہندوستان کئی سالوں تک دوبارہ پاکستان سے جنگ کرنے کے لائق نہیں ہوگا۔ امریکہ کے مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی فراہم کرنے پر اس کی افواج کی نااہلی، حکمتِ عملی کے فقدان اور اسرائیل کے لیے خلیجی ممالک کی بَلی چڑھانے کی روش سے سب نالاں اور مایوس ہیں۔ اسی لیے سعودی عرب نے پاکستان سے 17 ستمبر 2025 کو ایک دفاعی معاہدہ کیا جس کا مقصد سعودی عرب کو بیرونی حملوں سے بچانا، عسکری اور دیگر معاملات پر تربیت فراہم کرنا تھا۔ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے اگست 2026 میں ایک اور دفاعی معاہدہ “مکہ معاہدے” کے نام سے کیا جس کا دیگر مقاصد کے علاوہ دہشت گردی پر بھی ایک دوسرے سے تعاون کرنا ہے۔ نیٹو کے آرٹیکل پانچ کی طرح جیسے ایک پر حملہ باقیوں پر حملہ تصور ہوگا، “مکہ معاہدے” کا آرٹیکل پانچ دہشت گردی کے حوالے سے یہی پیغام دیتا نظر آتا ہے۔ پاکستان عرصہ دراز سے ہندوستان کی جانب سے دہشت گردی کا شکار ہے جبکہ پچھلے چند سالوں سے افغانستان سے بھی اسے ہندوستانی اور اسرائیلی معاونت سے خطرناک دہشت گردی کا سامنا ہے۔ ایسے مشکل وقت میں “مکہ معاہدہ” سعودی عرب کے علاوہ پاکستان کے لیے بھی انتہائی خوش آئند ہے! سعودی عرب اور ترکیہ بھی اب ہر طرح سے پیارے پاکستان میں دہشت گردی کی لہر کا سامنا کرنے کے لیے ہمارے معاون ہوں گے انشاء اللّٰہ!

پاسدارانِ انقلاب کے انتہائی سخت گیر جرنل محسن رضائی نے اجلاس کے اختتام پر اپنے بیان میں بہت اُمید افزا خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ اجلاس مثبت سمت میں پہلا قدم ثابت ہوگا۔ پہلی دفعہ باقی شرکاء ممالک کو “ہم چاروں” سے تشبیہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کی سیکیورٹی کے حوالے سے سب متفق ہیں کہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لئے ہمیں کسی بیرونی طاقت کی ضرورت نہیں۔ اس پر بھی زور دیا کہ اسرائیل کو غزہ، جنوبی لبنان، جنوبی شام اور مغربی پٹی سے واپس جانا ہوگا۔ امریکی دھمکیوں کے باوجود خطے کی تین بڑی طاقتوں کا ایران آ کر مذاکرات کرنے سے ثابت ہے کہ دنیا کو اب امریکی دھمکیوں کی پرواہ نہیں، مزید اُمید ظاہر کی کہ اجلاس خطے میں ایک جامع، ٹھوس اور مضبوط بنیاد قائم کرنے کا باعث ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے جب کبھی ایسی کوشش کی گئی، بیرونی طاقتوں نے مداخلت کر کے معاملات الجھا دیے۔ اسی لیے ہر ملک نے اپنے اپنے اعلامیے کے بجائے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تاکہ یہ ہمارے باہمی اتحاد کا غماز ہو۔ اجلاس کے فوراً بعد ایرانی صدر اور ان کی ٹیم ماسکو روانہ ہوگئی۔ جس سے کیا یہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ ایران اپنا افزودہ یورینییم پہلے کی طرح روس کے حوالے کر دے گا؟ کیا روس سے امریکہ کا تیل لینے کے پیچھے مقصد صرف معاشی نہیں بلکہ ایران کے افزودہ یورینییم کی حوالگی کی ذمہ داری بھی ڈالنا ہے؟ کیا صدر ٹرمپ کی ایران کو حملے کی دھمکیاں “شیطن یاہو” کے اثر رسوخ اور دباؤ سے بچنے کی خاطر محض گیدڑ بھپکیاں تھیں؟ کیا امریکی افواج اپنی خیالی جنگی مشقوں کے نتیجے کی بنیاد پر (جس میں اسے ایران سے ہر بار شکست کا سامنا کرنا پڑا) ایران سے جنگ پر آ مادہ نہیں بعینی جیسے “شیطن یاہو” کے حکم پر انتخابات سے قبل اسرائیلی آرمی چیف نے ایران پر حملہ کرنے سے انکار کیا تھا۔ کیا آبنائے ہرمز پر امریکی اور ایرانی ناکہ بندی ختم کر دی جائے گی؟ کیا ایرانی منجمد اثاثے بحال کر دیے جائیں گے؟ کیا عالمی ایٹمی ادارے کے انسپکٹر ایرانی جوہری تنصیبات کا دوبارہ معائنہ کرنا شروع کر دیں گے؟۔ 28 فروری سے پہلے بھی ایران تین فیصد تک یورینیم کی افزودگی لانے پر آمادہ تھا اور آبنائے ہرمز پر اس کا کوئی کلیم نہ تھا۔ 2015 میں اوبامہ دور میں کیے گئے جے سی پی او اے معاہدے کو ٹرمپ نے2018 میں یکطرفہ معطل کر کے ایران کو دیوار سے لگایا۔ خطے کو غیر مستحکم کرنے، قیمتی جانوں کے ضیاں سے امریکہ کو کیا حاصل ہوا؟ معتدل مزاج، حلیم الطبع آیت اللہ علی خامنئی کے بعد امریکی گمان میں بھی نہ تھا کہ ایرانی قوم کیسے اپنے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنئی کے پیچھے کھڑی ہو جائے گی۔ ناقابلِ تصور کساد بازاری، خوفناک مہنگائی اور جانی و مالی نقصانات کے باوجود پوری قوم آمادۂ جنگ اور بدلہ لینے کے لیے یکسو ہے۔ صدر ٹرمپ دھونس دھاندلی سے چند حکمرانوں کو تو مرعوب کر سکتے ہیں لیکن ایسی قوم کو نہیں جسے اپنے نظریات کے سامنے جان و مال کی پرواہ نہ ہو اور وہ سختی سے بدلے کے مشن پر کاربند ہو۔

قوی گمان ہے کہ سعودی عرب نے ایران کو یقین دہانی کرائی ہوگی کہ اس کی فضا اور سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہ ہوگی، ایران نے بھی یمنی حملوں سے متعلق اپنا محدود اثر و رسوخ اور مؤقف واضح کیا ہوگا۔ جہاں تک ترکیہ اور پاکستان کا تعلق ہے انہوں نے یقیناً “مکہ معاہدے” کے حوالے سے سعودی عرب کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں بتائیں ہونگی۔ مزاکرات میں یہی وہ نقطۂ آغاز ہے جس پر محسن رضائی بتاتے ہیں کہ خطے میں امریکی فوجی انخلاء کے بعد مشترکہ دفاعی بندوبست کے کیا خدو خال ہونگے۔ اسرائیل کو بھی ادراک ہو گیا ہے کہ اسے اب خطے میں مزید کھل کھیلنے کے لیے جنگیں نہیں بلکہ نئے اتحادی ڈھونڈنا ہوں گے کیونکہ اسلامی دنیا کو جیسے امریکہ اور اسرائیل نے آپسی جنگوں میں الجھا کر، دونوں ہاتھوں سے لوٹا، بے دریغ استحصال کیا، اب ممکن نہیں ہوگا۔ اسرائیل کو اپنے مذموم مقاصد میں شکست فاش ہوچکی، اس کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے۔ ادھر امریکی عوام بھی آنے والی نئی حکومتوں کو اسرائیل کی جانب پہلے کی طرح جھکنے نہ دیں گے۔ امریکہ اور اسرائیل کی جنگ میں ایرانی قوم کی جدو جہد مثالی اور ان کی استقامت قابلِ تعریف ہے۔ البتہ خطے کو جنگ و جدل کی آگ میں غرق ہونے سے بچانے کی کاوش کا سہرا تو صرف پاکستان کے ہی سر جاتا ہے۔ جیو پاکستان! سدا جیو!

مصنف کے بارے میں

اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں

عظمیٰ گل. «جاگتے رہو…جیو پاکستان!.» اقبال فورم، 2 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=53672.

حوالہ دینے کے انداز

عظمیٰ گل. (2 نومبر 2026). جاگتے رہو…جیو پاکستان!. اقبال فورم. https://iqbalforum.org/ur/?p=53672

متعلقہ تحقیق

تازہ ترین

تبصرے

تبصرہ کریں
1000حروف باقی
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔