مرکزی مواد پر جائیں

نیتن یاہو کی ناکامی ٹرمپ کی شکست؟

اسرائیلی سنٹرل الیکشن کمیٹی کے نتائج کے مطابق وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کا بلاک 120 رکنی کنیسٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، جبکہ گادی ایسنکوٹ کی قیادت میں اپوزیشن…

متن کی ترتیبات

متن کی ترتیبات

نیتن یاہو کی شکست

سرائیلی سنٹرل الیکشن کمیٹی کے مطابق وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کا بلاک 120ممبران کی کنیسٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہوئے صرف 53سیٹیں حاصل کر پایا۔ جبکہ اپوزیشن بلاک جس کی قیادت گادی ایسنکوٹ کر رہا ہے کو 48 سیٹیں ملی ہیں اور مجموعی طور پر اسرائیل کی عرب پارٹیاں 19سیٹیں حاصل کرکے کنگ میکر کی پوزیشن میں آگئی ہیں۔ یاد رہے غزہ اور ویسٹ بینک کے فلسطینی باشندے اسرائیل میں بطورِ ووٹر رجسٹرڈ نہیں ہوتے۔

فلسطین اور ایران سے متعلق ظالمانہ پالیسیوں کی وجہ سے ٹرمپ پوری دنیا میں اِس حد تک ناپسندیدہ شخصیت بن چکے ہیں کہ دنیا میں جس لیڈر کی حمایت کرتے ہیں اسکے عوام اسکا دھڑن تختہ کر دیتے ہیں۔ اپنے عوام میں اناپرستی، جارحیت پسندی اور خودنمائی کا امیج رکھنے والا نیتن یاہو شاید ہار تو پہلے بھی رہا تھا مگر انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کی کھلی حمایت نے اُس کی شکست پر مہر ثبت کر دی تھی۔ چند ماہ قبل مَیں اپنے کالم میں نیتن یاہو کی ظالمانہ پالیسیوں کیوجہ سے اسکی ناکامی کی پیشین گوئی کر چکا ہوں۔

اگرچہ یاہو اپوزیشن کے اراکین توڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ مگر اپوزیشن آگاہ ہے کہ اس سے جان چھڑانے کا یہ سنہری موقع ہے اسلیے 10نومبر کو کنیسٹ کے حلف اٹھانے پر نیا وزیرِاعظم ہی سامنے آئیگا جو ریپبلکن ٹرمپ کی بجائے امریکی ڈیموکریٹک پارٹی سے رابطے میں ہے۔

اسرائیلی وزیرِاعظم نے 27اکتوبر کو عام انتخابات سے چند روز قبل ایران پر حملہ کرنے کی سر توڑ کوشش کی۔ تاکہ ووٹروں کی ہمدردی حاصل کرکے وہ اپنی گردن کو شکست کے شکنجے سے بچا سکے۔ مگر اسرائیلی آرمی چیف نے جھوٹ کا ساتھ دینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ اب ایسے کوئی اشارے نہیں مل رہے کہ ایران پر حملہ کرکے اسرائیلی مفادات حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ اِسطرح نیتن یاہو کی یہ منفی حکمت عملی کام نہ آئی۔

حقیقت یہ ہے کہ اسرائیلی آرمی بھی نیتن یاہو کو پسند نہیں کرتی کیونکہ اُس کی سوچ اپنے ملک کی آبادی کی اکثریت کی سوچ سے بہت دور ہے۔ اسی لیے دیگر سیاسی لیڈر اور دانشور کسی صورت میں بھی نیتن یاہو کو مزید چار سال حکومت نہیں دینا چاہتے۔ وگرنہ اپنے گروہ کیلئے مخصوص پالیسیاں وضح کر کے اسکی پارٹی ہمیشہ کیلئے ملک پر قابض ہو جائے گی۔ ملکی سلامتی تو سارے چاہتے ہیں مگر روشن خیال طبقہ سیکورٹی کے نام پر معصوم اور بیگناہ فلسطینیوں کے قتل عام اور نسل کُشی کو جائز نہیں سمجھتا۔ اسی سوچ کی لہر نے ٹرمپ اور نیتن یاہو کو قابلِ نفرت شخصیات بنا دیا ہے۔

اسلئے نیتن یاہو سے چھٹکارے کو ملک کی اکثریت Now or Never والی صورت حال سمجھتی ہے۔ اس صورت حال کو ایک نئی معرکتہ الآرا کتاب ”اسرائیلی جمہوریت“ کے اسرائیلی مصنف پال گراس نے اگلے دن یوں سمیٹا ”عمارت جل رہی ہے اور یہ انتخابات آگ بجھانے کا واحد اور آخری موقع ہے“۔

امریکی صدر ٹرمپ کو دو وجوہات کی بِنا پر مکمل طور پر ادراک ہو چکا ہے کہ انکی پارٹی کو مِڈٹرم الیکشن میں شکستِ فاش ہو گی۔ پہلی وجہ یہ کہ تمام معتبر سروے بتا رہے ہیں کہ غزہ اور ایران سے متعلق نامعقول پالیسیوں اور مہنگائی کی وجہ سے 73فیصد امریکی باشندے ان سے سخت نالاں ہیں۔

اسلئے ووٹروں میں انکی ذاتی مقبولیت صرف ستائیس فیصد رہ گئی ہے۔ جس کی وجہ سے ٹرمپ ایڈمنسٹریشن بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر انتہائی اوچھی حرکتوں پر اتر آئی ہے۔ وضاحت کیلئے درجنوں میں سے صرف چند نمائندہ مثالوں پر غور کیجیے۔

پہلی مثال:ٹرمپ کابینہ کے وزیر صحت بہتر سالہ رابرٹ کینیڈی جونیئر جو صرف اڑھائی ماہ بعد 73 سال کے ہو جائینگے تین یونیورسٹیوں بشمول ہارورڈ یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ وہ قابل قدر نالج ، ذہانت اور زندگی کا تجربہ رکھتے ہیں۔ اِسلئے مشی گن اسٹیٹ میں اپنی ریپبلکن پارٹی کے سینٹ کیلئے امیدوار کی انتخابی مہم کے دوران انہوں نے مخالف ڈیموکریٹک امیدوار عبدل السید کے خلاف جو زبان استعمال کی اسکی وجہ کم علمی نہیں بلکہ100 فیصد بوکھلاہٹ ہے۔

چونکہ السید مصری نژاد امریکی ہیں اسلئے انکی مخالفت میں سارے عربوں کو نااہل اور نالائق کہہ کر دنیا کے تمام عربوں کے دل میں اپنی حکومت کیخلاف جذبات پیدا کر دیئے۔ جواباََتمام امریکی اخبارات نے نوبیل انعام یافتہ اور امریکی قومی ایوارڈ یافتہ درجنوں عربوں کے نام شائع کر کے رابرٹ کو جھوٹا ثابت کر دیا ہے۔

دوسری مثال:ٹرمپ کی وفاقی حکومت بوکھلاہٹ میں دخل اندازی کی اس حد تک چلی گئی ہے کہ الیکشن آفیسرز برملا کہہ رہے ہیں کہ تاریخ میں پہلی دفعہ ہم الیکشن اہلکاروں کو تربیت دے رہے ہیں کہ وہ وفاق کی دخل اندازی کیسے روکیں۔

تیسری مثال:ٹرمپ کے کہنے پر ریپبلکن پارٹی نے الاسکا کی ریاستی عدالت میں مضحکہ خیز درخواست دائر کی ہے کہ اگر ہمارا امیدوار تھوڑے مارجن سے ہارے تو ڈیموکریٹک امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک دیا جائے۔

چوتھی مثال: نیتن یاہو کی شکست دیکھ کر وفاقی اٹارنی جنرل ٹرمپ کی ایما پر اپنی پارٹی کو شکست سے بچانے کیلئے سیاسی مخالفین کیخلاف مقدمات قائم کرنے میں سرگرم ہو گئے ہیں۔

ٹرمپ کی یہ اُوٹ پٹانگ حرکتیں واضح نظر آتی شکست کی پیدا کردہ بوکھلاہٹ کیوجہ سے ہیں۔ ایوانِ نمائندگان (House) کی کل 435 سیٹوں میں سے تو ڈیموکریٹس کو بھاری اکثریت ملنے ہی والی ہے۔ سینٹ کی زیرِ انتخاب 35 سیٹوں میں سے 22ریپبلکن کے پاس تھیں۔انکی اکثریت ڈیموکریٹس کے ہاتھ لگنا واضح ہے۔ نتیجتاََ ٹرمپ کی Impeechment مواخذہ یقینی ہے۔ اس طرح جنگ و جدل کے دو شوقین نیتن یاہو اور ٹرمپ کے گھر چلے جانے سے پوری دنیا کو امن و سکون میسر ہو جائے گا !!

مصنف کے بارے میں

اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں

محمد نوید نواز. «نیتن یاہو کی ناکامی ٹرمپ کی شکست؟.» اقبال فورم، 3 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=53903.

حوالہ دینے کے انداز

محمد نوید نواز. (3 نومبر 2026). نیتن یاہو کی ناکامی ٹرمپ کی شکست؟. اقبال فورم. https://iqbalforum.org/ur/?p=53903

متعلقہ تحقیق

تازہ ترین

تبصرے

تبصرہ کریں
1000حروف باقی
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔