امریکہ میں وسط مدتی انتخابات
امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں کا کنٹرول حاصل کر کے ایران جنگ، مہنگائی، اور سخت امیگریشن پالیسیوں کے خلاف عوامی ردِعمل کی بدولت صدر…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کو نمایاں سبقت حاصل ہو چکی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس نے نہ صرف ایوانِ نمائندگان بلکہ سینیٹ کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔ اِن سطور کی تحریر تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کو 231 جبکہ ریپبلکنز کو 139 نشستوں پر برتری حاصل تھی۔ امریکی سینیٹ میں بھی ڈیمو کریٹس 54 نشستیں حاصل کر کے اپنی پوزیشن مستحکم کر چکے تھے۔ابتدائی نتائج کے مطابق سینیٹ میں ڈیمو کریٹس کی تعداد 54 جبکہ ریپبلکنز کی تعداد 44تھی۔ ایوان نمائندگان کی کْل 435 نشستیں ہیں اور اِس کا کنٹرول سنبھالنے کے لئے کسی بھی جماعت کو 218 نشستوں پر جبکہ امریکی سینیٹ میں سادہ اکثریت کے لئے 100میں سے 51 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔اِن وسط مدتی انتخابات کے نتائج نے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی عزائم اور پالیسیوں کو شدید دھچکا لگایا ہے۔ داخلی اور خارجی محاذ پر اُن کے کئی اقدامات ووٹرز کے ہاں پذیرائی حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔سیاہ فام آبادی کے حقوق، سخت گیر امیگریشن پالیسیاں،اسلاموفوبیا،ایران جنگ اور اِس کے نتیجے میں ملک بھر میں بڑھتی مہنگائی اور ”ٹیرف وار“ سمیت بعض دیگر عوامل شکست کا باعث بن گئے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں ایران کے ساتھ جاری تنازعے کے منفی کردار کو کھلے عام تسلیم کیا کرتے ہوئے کہا کہ ریپبلکن پارٹی کی توقع کے مطابق کامیابی نہ ملنے کی ایک اہم وجہ ایران تنازعہ اور اُس کے نتیجے میں معیشت پر پڑنے والے اثرات تھے۔اُنہوں نے اعتراف کیا کہ عام شہری پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مہنگائی کی صورت میں سامنے آنے والے قلیل مدتی معاشی نتائج کو بھگتنے کیلئے ذہنی طور پر تیار نہیں تھے۔ یہ اَمر اِس بات کا غماز ہے کہ عام امریکی ووٹر کیلئے روزمرہ کی معاشی آسودگی اور زندگی کی بنیادی لاگت نظریاتی یا جارحانہ خارجی پالیسیوں سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مدت کے ابھی دو سال باقی ہیں تاہم انتخابات کے نتائج نے واضح کردیا ہے کہ اُنہیں اقتدار کے بقیہ عرصے میں شدید داخلی سیاسی کشمکش اور پارلیمانی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوانِ نمائندگان کے ساتھ سینیٹ میں بھی اکثریت حاصل کرکے امریکی کانگریس کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے جس سے وائٹ ہاؤس کی قانون سازی، انتظامی فیصلوں اور پالیسی سازی پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت محدود ہو سکتی ہے۔ امریکی سیاسی نظام میں صدر کو وسیع انتظامی اختیارات حاصل ہیں لیکن اِن اختیارات کے استعمال پر کانگریس کی نگرانی اور آئینی حدود بھی موجود ہیں۔ اب ڈیمو کریٹس نہ صرف حکومتی قانون سازی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں بلکہ انتظامیہ کے اقدامات کی تحقیقات، حکومتی تقرریوں کی مخالفت اور پالیسیوں پر مؤثر نگرانی کا اختیار بھی استعمال کر سکیں گے،وائٹ ہاؤس کے لئے اب اپنی مرضی کے فیصلے کرنا اور اُنہیں بلامزاحمت نافذ کروانا پہلے جتنا آسان نہیں ہو گا۔ جمہوریت میں طاقت کا توازن ہی اصل طاقت ہوتا ہے اور امریکی عوام نے بیلٹ پیپر کے ذریعے اسی توازن کو تبدیل کر کے حکمران جماعت کو ایک واضح سیاسی پیغام دے دیا ہے۔ اِس سیاسی و انتخابی اتھل پتھل میں ایک قابلِ توجہ پہلو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انتخابی نتائج کے بعد اختیار کردہ رویہ بھی ہے۔اُنہوں نے نتائج قبول کرنے اور ڈیمو کریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔اگرچہ انتخابی مہم کے دوران وہ مخالف جماعت کے اقدامات کو ویٹو کرنے اور ڈیموکریٹس کی تجاویز کی بھرپور مخالفت کرنے کے اعلانات کرتے رہے تاہم نتائج سامنے آنے کے بعد اُنہوں نے مخالف جماعت کی کامیابی کو تسلیم کرتے ہوئے تعاون کا عندیہ دیا ہے۔ یہ اَمر اپنی جگہ اہم ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں صدر کی اپنی نشست داؤ پر نہیں ہوتی بلکہ کانگریس کے ایوانوں اور بعض ریاستی عہدوں کے لئے عوام فیصلہ کرتے ہیں اِس لئے اِسے صدر کی ذاتی انتخابی شکست قرار دینے کے بجائے اُن کی جماعت کی سیاسی ناکامی اور حکومتی پالیسیوں پر عوامی ردعمل سمجھنا زیادہ مناسب ہو گا۔ ٹرمپ نے بھی نتائج پر ردِعمل دیتے ہوئے یہ مؤقف اختیار کیا کہ اگر وہ خود انتخابی میدان میں ہوتے تو اُن کی جماعت کامیاب رہتی تاہم ڈیموکریٹس کی کامیابی کو سراہنے اور اُن کے ساتھ کام کرنے کی آمادگی کا اظہار کئے بغیر نہیں رہ سکے۔جمہوریت کا حسن یہی ہے کہ اِس میں اختلافِ رائے کو تسلیم کیا جائے، عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے اور سیاسی مفادات کو آئین و قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے۔ کسی بھی حکمران یا سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ عوام کے فیصلے کو اپنی خواہشات کے تابع بنانے کی کوشش کرے۔ اقتدار عارضی ذمہ داری ہے جبکہ ریاستی اداروں، آئین اور جمہوری نظام کا تسلسل مستقل اہمیت رکھتا ہے۔
امریکہ کے اِن انتخابات اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے پاکستان کے سیاسی منظرنامے کے لئے بھی سیکھنے کے بہت سے اسباق موجود ہیں۔ فرق صرف سیاسی نظام کا نہیں بلکہ سیاسی رویوں،اداروں کے احترام اور اختلافِ رائے برداشت کرنے کی صلاحیت کا بھی ہے۔ امریکہ میں صدر کے اختیارات کے باوجود کانگریس ایک خودمختار آئینی ادارے کے طور پر حکومتی فیصلوں کا جائزہ لیتی ہے، جبکہ اپوزیشن کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ حکومتی پالیسیوں کی مخالفت کرے، متبادل تجاویز پیش کرے اور عوامی مسائل کو ایوان میں اٹھائے۔ پاکستان میں بھی پارلیمان کو آئینی طور پر قانون سازی، حکومتی نگرانی اور عوامی نمائندگی کے بنیادی فرائض سونپے گئے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں سیاسی اختلاف اکثر ذاتی دشمنی،الزام تراشی اور اداروں کی رسہ کشی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ کبھی حکومت اپوزیشن کو سیاسی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کرتی ہے تو کبھی اپوزیشن احتجاج اور محاذ آرائی کو ہی تبدیلی کا راستہ سمجھنے لگتی ہے۔ اس طرزِ سیاست میں سب سے زیادہ نقصان ریاستی اداروں، معیشت اور عام شہریوں کا ہوتا ہے۔ سیاسی جماعتوں اور قیادت کو یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ ریاست اور نظامِ حکومت کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہوتے۔ انتخابات میں کامیابی کسی جماعت کو لامحدود اختیارات نہیں دیتی اور شکست کسی جماعت کو جمہوری عمل سے لاتعلق ہونے کا جواز فراہم نہیں کرتی۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ اختلافِ رائے کو برداشت کرے اور اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا مؤثر کردار ادا کرے، اِسی باہمی توازن سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔
پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو امریکی انتخابی عمل سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی روایتی ہٹ دھرمی،انتقامی سیاست اور محاذ آرائی کی روش تبدیل کرنا ہو گی۔یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل جمہوریت کے تسلسل، قانون کی حکمرانی، مضبوط پارلیمان اور آئینی اداروں کے احترام میں پوشیدہ ہے۔ بعض اوقات وقتی جوش اور جذباتی نعروں کے نام پر ملک کے بنیادی آئینی اور سیاسی نظام کو داؤ پر لگا دیا جاتا ہے، جس سے عوام کی بہتری کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔امریکہ میں بھی سیاسی جماعتوں کے درمیان شدید اختلافات، نظریاتی تقسیم اور انتخابی تلخی موجود ہے لیکن وہاں انتخابی نتائج کے بعد اقتدار کے آئینی ڈھانچے کو برقرار رکھتے ہوئے سیاسی عمل آگے بڑھتا ہے۔ ہمیں بھی یہی طرزِ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔ تبدیلی کا راستہ پارلیمان،انتخابات، قانون سازی اور آئینی اصلاحات سے ہوکر گزرتا ہے نہ کہ ریاستی نظام کو مفلوج کرنے اور اداروں کو کمزور کرنے سے، حکومت اور اپوزیشن دونوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ سیاسی اختلاف کسی ریاستی بحران کا مستقل جواز نہیں بن سکتا۔ اگر کسی پالیسی سے اختلاف ہے تو اس کا جواب بہتر پالیسی، دلیل، پارلیمانی بحث اور عوامی حمایت کے حصول میں تلاش کیا جانا چاہئے۔
مصنف کے بارے میں
اداریہ روزنامہ پاکستان
اداریہ
یہ اندراج روزنامہ پاکستان کے اداریے سے متعلق ہے۔ کسی انفرادی مصنف کے بارے میں سوانحی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
پروفائل اور تمام تحریریںاس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
اداریہ روزنامہ پاکستان. «امریکہ میں وسط مدتی انتخابات.» اقبال فورم، 5 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=54186.
تبصرے