مرکزی مواد پر جائیں

امریکی انتخابات :جنگی جنون پر امن کی خواہش کی فتح

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ میں متوقع عسکری کامیابی کے برعکس ایران نے غیر معمولی مزاحمت دکھاتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں 26 امریکی فوجی…

متن کی ترتیبات

متن کی ترتیبات

جنگی جنون پر امن کی خواہش کی فتح

مشرقِ وسطیٰ ایک بار پھر تاریخ کے ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں طاقت کے نشے میں مبتلا قیادتوں کے جنگی عزائم اور عوام کی امن کی خواہش ایک دوسرے کے مقابل آ چکے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف جس جنگ کا آغاز کیا، اس کے پس منظر میں یہ تصور غالب تھا کہ جدید ترین فضائی طاقت، میزائل ٹیکنالوجی اور عسکری برتری کے ذریعے ایران کو جلد گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا جائے گا۔ لیکن جنگ کا میدان وہ نتائج نہیں دے سکا جن کی توقع واشنگٹن اور تل ابیب نے کی تھی۔ ایران نے غیر معمولی مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی اور اسرائیلی عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔ایسوسی ایٹڈ پریس کی 31 اکتوبر کی سیٹلائٹ تصاویر پر مبنی تحقیق کے مطابق ایران یا اس سے منسلک قوتوں نے مشرقِ وسطیٰ میں 26 امریکی فوجی تنصیبات پر 115 سے زیادہ میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن کے نتیجے میں سیکڑوں عمارتوں اور عسکری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔ ان میں ریڈار، مواصلاتی نظام، طیارے، ہینگر اور ایندھن کی تنصیبات شامل تھیں۔ امریکی عسکری سازوسامان کے نقصانات اربوں ڈالر تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ کویت کا علی السالم ایئر بیس اور کیمپ بیورنگ بھی متاثر ہوئے۔ اسرائیل کے اندر بھی ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں عسکری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔ رامات ڈیوڈ فضائی اڈے کے ایک حصے کو نقصان پہنچنے کی تصدیق اسرائیلی فوج نے بھی کی، اگرچہ نقصان کی نوعیت اور عملی اثرات محدود بتائے گئے۔ یہ واقعات اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جدید جنگ میں فضائی برتری بھی کسی ملک کو مکمل تحفظ کی ضمانت نہیں دے سکتی۔ جنگ کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ امریکہ کے روایتی علاقائی اتحادی بھی اس تنازع کو مزید پھیلانے کے حق میں دکھائی نہیں دیے۔ سعودی عرب نے جنگ بندی اور سفارتی حل کی حمایت کی، قطر نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات اور تجاویز کے تبادلے میں مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ ترکیہ نے مسلسل دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر واپس آنے پر زور دیا۔ قطر کی وزارت خارجہ نے 3 نومبر کو بھی تصدیق کی کہ اس کے سفارتی وفد نے تہران میں ایرانی حکام سے ملاقات کی اور دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ یہ رویہ محض سفارتی احتیاط نہیں بلکہ علاقائی ممالک کے اس احساس کی عکاسی کرتا ہے کہ ایک وسیع جنگ ان کی معیشت، توانائی کی ترسیل، تجارت اور قومی سلامتی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش اور تیل کی عالمی ترسیل میں خلل نے اس خطرے کو پہلے ہی نمایاں کر دیا ہے۔یورپ میں بھی امریکی اور اسرائیلی جنگی کارروائیوں کے خلاف آوازیں بلند ہوئیں۔ لندن میں ہزاروں افراد نے جنگ کے خلاف مظاہرہ کیا، جبکہ سپین نے ایران کے خلاف جنگ میں شریک امریکی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود اور فوجی اڈوں کے استعمال پر پابندیاں عائد کیں۔ یہ اختلاف اس بات کا ثبوت ہے کہ مغربی اتحاد کے اندر بھی جنگ کے طریقہ کار اور اس کی قانونی حیثیت پر اتفاق نہیں تھا۔ دوسری جانب امریکی عوام کی رائے بھی ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آئی۔ پیو ریسرچ سینٹر کے اکتوبر 2026 کے سروے کے مطابق 65 فیصد امریکی صدر ٹرمپ کے ایران جنگ سے متعلق طرزِ عمل سے ناخوش تھے۔ رائٹرز اور اِپسوس کے 3 نومبر کے انتخابی سروے میں 55 فیصد امریکیوں نے جنگ کو اس کے اخراجات کے مقابلے میں غیر ضروری قرار دیا۔ اس طرح جنگ کے خلاف عوامی بے چینی محض سیاسی مخالفین تک محدود نہیں رہی۔ ٹرمپ کے بدلتے ہوئے بیانات، کبھی مذاکرات کی آمادگی اور کبھی مزید حملوں کی دھمکیوں نے عالمی سطح پر غیر یقینی صورت حال پیدا کر دی تھی۔ ایسے میں مشرقِ وسطیٰ ہی نہیں بلکہ عالمی برادری کی نگاہیں امریکی عوام اور ان کے جمہوری اختیار پر مرکوز تھیں۔ دنیا کو امید تھی کہ امریکی عوام اپنے ووٹ کے ذریعے جنگ اور امن کے درمیان اپنی ترجیح واضح کریں گے۔3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کر لی۔ یہ نتائج ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک اہم سیاسی دھچکا ہیں۔ مہنگائی، معاشی مشکلات، حکومتی کارکردگی اور ایران جنگ کے خلاف عوامی ردعمل اس انتخابی تبدیلی کے اہم عوامل میں شامل تھے۔ اب کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت نے ٹرمپ انتظامیہ کی جنگی پالیسیوں پر نگرانی اور احتساب کے امکانات بڑھا دے گی۔اسرائیل کے انتخابات نے بھی ایک اہم سیاسی پیغام دیا۔ نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی 27 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ضرور رہی، لیکن اس کے سیاسی اتحاد کو 120 رکنی کنیسٹ میں صرف 53 نشستیں ملیں، جبکہ حکومت بنانے کے لیے 61 نشستیں درکار ہیں۔ عرب جماعتوں نے مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل کیں۔ یوں نیتن یاہو کا سابقہ حکومتی اتحاد اپنی پارلیمانی اکثریت کھو بیٹھا۔ اس نتیجے کو نیتن یاہو کی قیادت اور گزشتہ برسوں کی حکومتی پالیسیوں کے خلاف سیاسی ردعمل ضرور کہا جا سکتا ہے۔ تاہم اسے پورے اسرائیلی معاشرے کی جنگ سے بیزاری کا قطعی ثبوت قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ البتہ حکمران اتحاد کی اکثریت کا ختم ہونا ایک اہم سیاسی تبدیلی ہے۔اب سوال یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں کیا ہوگا؟ امریکہ میں کانگریس کی نئی اکثریت ٹرمپ انتظامیہ پر جنگ کے حوالے سے سیاسی دباؤ بڑھا سکتی ہے، جبکہ اسرائیل میں حکومت سازی کا تعطل نیتن یاہو کے مستقبل کو غیر یقینی بنا رہا ہے۔ قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی سفارتی کوششیں کسی نئے معاہدے کی بنیاد بن سکتی ہیں۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ فریقین عسکری دھمکیوں کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دیں۔دنیا کو اس وقت کسی فاتح کی نہیں بلکہ ایک ایسے معاہدے کی ضرورت ہے جو ایران کی سلامتی، عرب ممالک کی خودمختاری اور عالمی تجارت کے تسلسل کی ضمانت دے۔ امریکی اور اسرائیلی انتخابات نے کم از کم یہ واضح کر دیا ہے کہ جنگی پالیسیوں کو سیاسی حمایت کی غیر معینہ مدت تک ضمانت حاصل نہیں ہوتی۔دوسرے الفاظ میں انتخاباتکے نتائج کو جنگی جنون پر امن کی خواہش کی فتح کہنا غلط نہ ہو گا۔

مصنف کے بارے میں

اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں

ذوالفقار چوہدری. «امریکی انتخابات :جنگی جنون پر امن کی خواہش کی فتح.» اقبال فورم، 5 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=54191.

حوالہ دینے کے انداز

ذوالفقار چوہدری. (5 نومبر 2026). امریکی انتخابات :جنگی جنون پر امن کی خواہش کی فتح. اقبال فورم. https://iqbalforum.org/ur/?p=54191

متعلقہ تحقیق

تازہ ترین

تبصرے

تبصرہ کریں
1000حروف باقی
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔