امریکی وزیرِ جنگ کا مواخذہ ٹرمپ کے لیے خطرے کی گھنٹی
امریکی ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکن رکن تھامس میسی نے ایران جنگ میں آئینی حدود کی خلاف ورزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد پیش…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
ایران جنگ پر پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد اور ٹرمپ انتظامیہ پر سیاسی دباؤ
امریکی ایوانِ نمائندگان میں وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد ریپبلکن رکن تھامس میسی نے پیش کر دی ہے جس میں ایران جنگ کے دوران نا اہلی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ ایران جنگ، ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور امریکی عوام میں اسرائیل کے خلاف شدید نا پسندیدگی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی اہم وجوہ ہیں۔ دوسری جانب، ایران پر نئے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے خدشات برقرار ہیں۔ ترک انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن نے کہا ہے کہ ترکیہ نئے حملے رکوانے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ مزید جنگ پورے خطے کو تباہی کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ ادھر، صدر ٹرمپ اور قطری وزیراعظم کے درمیان وائٹ ہاؤس میں بند کمرے میں تقریباً ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی جس میں ایران سے مذاکرات اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اسی طرح، امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور ایرانی مطالبات ناقابلِ قبول ہیں۔ علاوہ ازیں، ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی عوام جنگوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ کی بجائے سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے اور امریکا کے ساتھ عزت و احترام کی بنیاد پر تنازعہ کے حل کے لیے تیار ہے، تاہم دھونس اور طاقت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔
امریکی وزیرِ جنگ کے خلاف مواخذے کی قرارداد پیش ہونے سے واشنگٹن میں ایک نیا سیاسی اور آئینی محاذ کھل گیا ہے۔ اس سلسلے میں یہ ایک غیر معمولی بات ہے کہ قرارداد ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالف ڈیموکریٹک پارٹی کے کسی رکن نے نہیں بلکہ خود ان کی ریپبلکن پارٹی کے رکن تھامس میسی نے پیش کی ہے۔ قرارداد میں وزیرِ جنگ پر ایران کے خلاف کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگ جاری رکھنے، اختیارات کے نا جائز استعمال اور آئینی حدود کی خلاف ورزی سمیت آٹھ الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یہ محض ایک وزیر کے خلاف سیاسی کارروائی نہیں بلکہ امریکی انتظامیہ کی جنگی پالیسیوں، صدارتی اختیارات اور کانگریس کی بالادستی سے متعلق ایک اہم آئینی تنازعہ بھی ہے۔ اس قرارداد کی اہمیت اس لیے مزید بڑھ گئی ہے کہ امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کی جماعت کو بھاری سیاسی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں آئندہ مدت کے لیے اکثریت حاصل کر لی ہے۔ صدر ٹرمپ نے انتخابی شکست کی وجوہ بیان کرتے ہوئے ایران جنگ، ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امریکی عوام میں اسرائیل کے خلاف پائے جانے والے منفی جذبات کا ذکر کیا ہے۔ ان کے بقول یہ عوامل ریپبلکن امیدواروں کی انتخابی کارکردگی پر اثر انداز ہوئے۔ یہ اعتراف اس اعتبار سے اہم ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کو اپنی کامیابی قرار دیتی رہی ہے لیکن اب خود امریکی صدر تسلیم کر رہے ہیں کہ جنگ اور اس کے معاشی اثرات نے ان کی جماعت کو سیاسی نقصان پہنچایا ہے۔
دوسری جانب، ایران پر نئے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے خدشات نے سفارتی کوششوں کی اہمیت بڑھا دی ہے۔ ترکیہ کے انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن کے مطابق ان کا ملک نئے حملے روکنے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ مزید فوجی کارروائی پورے خطے کو زیادہ سنگین بحران کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ امریکی صدر اور قطری وزیراعظم کے درمیان ملاقات بھی اسی تناظر میں اہم ہے۔ قطر ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں میں کردار ادا کر رہا ہے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال بہتر بنانے کی کوششوں میں بھی شریک ہے۔ تاہم مذاکرات کے بارے میں متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے مطابق مذاکرات میں کوئی قابلِ ذکر پیش رفت نہیں ہوئی اور ایران کے مطالبات ناقابلِ قبول ہیں۔ اس کے برعکس ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ ایران عزت و احترام کی بنیاد پر امریکا کے ساتھ تنازعہ کا حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران سفارت کاری کو جنگ پر ترجیح دیتا ہے لیکن دباؤ اور دھمکیوں کے سامنے اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہو گا۔ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی یہ موقف اختیار کر رہے ہیں کہ امریکی عوام اسرائیل سے متعلق جنگوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات بدستور گہرے ہیں، لیکن سفارتی راستے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔
اس ساری صورتحال میں امریکی وزیرِ جنگ کے مواخذے کی قرارداد غیر معمولی سیاسی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ امریکی آئین کے مطابق ایوانِ نمائندگان سادہ اکثریت سے مواخذے کی منظوری دے سکتا ہے جس کے بعد معاملہ سینیٹ میں جاتا ہے۔ سینیٹ میں مواخذے کے مقدمے کی سماعت اور عہدے سے برطرفی کے لیے موجود ارکان کی دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔ مکمل حاضری کی صورت میں یہ تعداد 67 ووٹ بنتی ہے۔ اس لیے ایوانِ نمائندگان سے قرارداد منظور ہونا اور سینیٹ میں مواخذے کا کامیاب ہونا دو الگ مراحل ہیں۔ یہاں ایک اہم حقیقت پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے ڈیموکریٹک ارکان جنوری 2027ء میں نئی کانگریس کا حصہ بنیں گے۔ اس وقت تک موجودہ کانگریس میں ریپبلکن پارٹی کی اکثریت برقرار ہے۔ چنانچہ وزیرِ جنگ کے خلاف فوری کارروائی میں ڈیموکریٹس کے ساتھ ریپبلکن ارکان کی حمایت فیصلہ کن اہمیت اختیار کر سکتی ہے۔ اگر موجودہ ایوان میں قرارداد منظور نہیں ہوتی تو نئی کانگریس میں اس معاملے کو دوبارہ اٹھانے کا راستہ موجود ہوگا۔ نئی سینیٹ میں ڈیموکریٹس نے کم از کم 54 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔ اگر تمام ڈیموکریٹک سینیٹر مواخذے کی حمایت کریں تو بھی انھیں دو تہائی اکثریت کے لیے مزید 13 ووٹ درکار ہوں گے۔ یہ حمایت ریپبلکن ارکان سے حاصل کرنا ایک بڑا سیاسی چیلنج ہو گا۔ تاہم چونکہ مواخذے کی قرارداد خود ایک ریپبلکن رکن نے پیش کی ہے اس لیے دونوں جماعتوں کے درمیان اس معاملے پر غیر معمولی تعاون کے امکان کو یکسر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ وزیرِ جنگ کے خلاف ممکنہ کارروائی صدر ٹرمپ کے لیے بھی خطرے کی حیثیت رکھتی ہے۔ اگر کانگریس میں انتظامیہ کی جنگی پالیسیوں کے خلاف دونوں جماعتوں کے ارکان ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں تو مستقبل میں صدر کے فیصلوں کی زیادہ سخت نگرانی اور جواب دہی کا مطالبہ بھی زور پکڑ سکتا ہے۔
امریکی صدر نے ایران کے ساتھ جنگ اور اپنی جنگی پالیسیوں کی سیاسی قیمت وسط مدتی انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کی صورت میں ادا کی ہے۔ انتخابی نتائج نے واضح کر دیا ہے کہ امریکی ووٹروں کے ایک بڑے حصے کے لیے مہنگائی، معاشی تحفظ اور جنگ کے اثرات نہایت اہم مسائل بن چکے ہیں۔ امریکا کو مزید فوجی مہم جوئی کے معاشی اور انسانی نتائج پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر ٹرمپ کو اپنے ملک اور عوام کے بہترین مفاد میں امن اور سفارت کاری کی جانب واپس آنا چاہیے اور دنیا میں پھیلی مایوسی، بے یقینی اور اضطراب ختم کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے، بصورتِ دیگر کانگریس میں ان کی جنگی پالیسیوں کے خلاف احتساب کا مطالبہ مزید شدت اختیار کر سکتا اور نوبت مواخذے تک پہنچ سکتی ہے۔
ایڈیٹوریل نوٹ: یہ مضمون درحقیقت ’روزنامہ نوائے وقت ‘، پاکستان پر شائع ہوا تھا اور اصل مصنف و اشاعت کے حوالے کے ساتھ ’اقبال فورم‘ کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضمون مصنف کی ذاتی آراء پر مشتمل ہے ضروری نہیں کہ یہ آراء اقبال فورم کے مؤقف کی ترجمانی کریں۔
مصنف کے بارے میں
اداریہ نوائے وقت
اداریہ نوائے وقت اس پروفائل میں درج نام ہے۔ دستیاب معلومات میں ان کی زندگی، سرگرمیوں یا تصانیف کے بارے میں مزید تفصیل درج نہیں۔
پروفائل اور تمام تحریریںاس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
اداریہ نوائے وقت. «امریکی وزیرِ جنگ کا مواخذہ ٹرمپ کے لیے خطرے کی گھنٹی.» اقبال فورم، 11 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=55022.
تبصرے