مرکزی مواد پر جائیں

ٹرمپ کو ایران، غزہ اور لبنان کی جنگ لے ڈوبی

پاکستانی محقق سید عاصم محمود کے مضمون کے مطابق، مائیکل وولف کی کتاب ’’فائر اینڈ فیوری‘‘ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شخصیت، آمرانہ فطرت اور سیاسی عوراض پر تفصیلی روشنی ڈالی…

متن کی ترتیبات

متن کی ترتیبات

ایران، غزہ اور لبنان کی جنگ

ایران، غزہ اور لبنان کی جنگ کے انتخابی اثرات

سید عاصم محمود پاکستان کے ایک معتبر تحقیق کار ہیں۔ان کی تحریریں اس قدر اچھوتی اور دلچسپ ہوتی ہیں کہ قاری انہیں فراموش نہیں کرسکتا۔وہ اکثر و بیشتر نئی سے نئی تحقیق اور دنیا کی بڑی قد آور شخصیات کی تہلکہ آمیز حرکات و سکنا ت منظر عام پر لاتے رہتے ہیں۔آٹھ سال پہلے ان کا ایک مضمون امریکی صدر ٹرمپ کے حوالے سے شائع ہوا تھا جو انہوں نے Fire and Fury کتاب سے اُخذ کیا تھا۔ یہ کتاب ٹرمپ کے ذاتی دوست مائیکل وولف نے لکھی تھی۔ مائیکل وولف جانا پہچانا کالم نگار ہے اس کے کالم نیویارک ٹائمز،یو ایس ٹو ڈے اورو ینٹی ویئر جیسے موقر امریکی اخبارات میں شائع ہوچکے ہیں۔نیویارک کا رہائشی ہونے کے ناتے وہ صدر ٹرمپ کا پرانا واقف کار بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موصوف کی انتخابی الیکشن مہم کے دوران وولف نے ٹرمپ کے کئی انٹرویو کیے تھے۔ اس لئے کہا جا سکتا ہے مائیکل وولف کوئی معمولی صحافی اور قلم کار نہیں،بلکہ اسے ٹرمپ کے اندرونی حلقوں تک بھی رسائی حاصل تھی۔ گویا اس کی کتاب کے مندرجات اگر سو فیصد نہیں توکم از کم پچھتر تا اَسی فیصد تک ضرور درست ہوں گے۔مصنف کتاب لکھتے ہیں کہ جون 2015ء میں جب ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تو اس وقت ٹرمپ امریکہ میں ایک عیاش، منہ پھٹ اور مکار آدمی کی حیثیت سے مشہور تھے۔ٹرمپ کی کامیابی کا امکان بظاہر نہ ہونے کے برابر تھا، مگر اس نے عیارانہ کھیل کھیلا اور کروڑوں سفید فام امریکیوں کو اپنا گرویدہ بنالیا۔وہ انتخابی مہم کے آغاز ہی میں غیر ملکیوں بالخصوص مسلمانوں پر حملے کرنے لگا تھا بلکہ انہوں نے اسلام کو متشدد مذہب قرار دے دیا، گویا وہ قوم پرست امریکیوں کے کھلے اور چھپے جذبات کا ترجمان بن گئے۔ امریکہ کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ وہاں پریس آزاد ہے، ٹرمپ جیسا تنگ نظر اور آمرانہ فطرت رکھنے والا شخص بھی اس پر پابندیاں نہیں لگا سکتا۔کتاب کے مصنف مائیکل وولف نے ٹرمپ کی نجی اور عوامی زندگی کے ڈھکے چھپے گوشے بھی آشکار کر دیئے۔ امریکہ کے نامی گرامی ماہرین صدر ٹرمپ کو پاگل ”نفسیاتی مریض اور مسخرا“ کے القابات سے نواز چکے ہیں۔وولف لکھتا ہے کہ ٹرمپ اکثر اپنی انتخابی ٹیم کے اراکین سے کہتا تھا کہ ہم سب شکست خوردہ لوگ ہیں۔ میری ٹیم کے لوگ نکمے اور فضول ہیں لیکن الیکشن کی رات جب نتائج آنے لگے تو سب کچھ تبدیل ہو گیا۔ سیٹوبینن کہتا ہے کہ ایک گھنٹے کے اندر اندر ٹرمپ مقبول ترین لیڈر کی حیثیت سے اُبھرکر سامنے آ گئے۔ اس کے بعد ٹرمپ کو محسوس ہونے لگا تھا کہ وہ حقیقت میں امریکہ کا صدر بننے والا ہے۔اس تہلکہ آمیز کتاب نے یہ نکتہ بھی نمایاں کیا ہے کہ ٹرمپ کے ساتھی اسے ذہین نہیں ”غبی، احمق اور چالباز“سمجھتے رہے ہیں انہوں نے کئی بار اس بات کا برملا اظہار بھی کیا کہ ٹرمپ ملک چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے،کچھ لوگ یہ کہتے بھی سنے گئے کہ ٹرمپ زیادہ پڑھا لکھا نہیں اس کا مطالعہ بھی واجبی سا ہے۔دوسروں کے نزدیک وہ بچگانہ حرکتیں کرنیوالا انسان ہے جو معمولی باتوں پر مچل جاتا ہے اور ضد کرنے لگتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلا غیرملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا،وہاں سعودی حکومت کو 11ارب ڈالر کا امریکی اسلحہ فروخت کرنے میں وہ کامیاب رہے۔سعودی حکمرانوں نے اسکی خیر مقدمی تقریبات پر سات کروڑ پچاس لاکھ ڈالر خرچ کر ڈالے۔ کتاب کے مطابق ٹرمپ خاندان کو سونے سے بنی گولف کارٹ پر سیر کروائی جاتی رہی۔اسی دورے میں جیرڈ کشنز اور سعودی شاہ کے فرزند، شہزادہ محمد بن سلمان کے مابین دوستی اور ہم آہنگی پیدا ہو گئی، اسٹیوبینن نے مصنف کتاب کو بتایا کہ جیسے ہی ٹرمپ نے صدارتی الیکشن جیتا اس سے اگلے دن ہی یہ فیصلہ کرلیاگیا کہ امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے یروشلم (بیت المقدس) منتقل کر دیا جائے گا۔کتاب کی رو سے ٹرمپ کا نظریہ یہ ہے کہ دوستوں کی بیویوں کے ساتھ تعلقات رکھنے سے زندگی سنو ر جاتی ہے۔ موصوف دوستوں کو دفتر بلوا کر ان کے ساتھ فحش گفتگو کرتا تھا یہ گفتگو خفیہ طور پر ریکارڈ بھی کرلی جاتی تھی۔ یہ گفتگو پھر ان کی بیویوں کو بھی سنوائی جاتی تاکہ ٹرمپ انہیں اپنے جال میں پھانس سکے۔ مائیکل وولف لکھتا ہے کہ وائٹ ہاوس میں ٹرمپ کے اردو گرد اُٹھتے بیٹھتے سبھی لوگوں کو یقین ہے کہ وہ دماغی طور پر کمزور ہے۔ٹرمپ کو اپنے قریبی دوستوں کی شکلیں بھی یاد نہیں رہتیں،وہ انہیں پہچاننے میں دقت محسوس کرتا ہے۔ جملوں کو بار بار دہرانا بھی اس کی عادت میں شامل ہے۔ حالیہ مڈٹرم الیکشن سے پہلے جتنے بھی سروے کیے گئے ان میں امریکی صدر ٹرمپ کی مقبولیت کم ترین سطح پر آتے ہوئے دکھائی گئی تھی لیکن ٹرمپ نے ایک ہی جملہ کہہ کر تمام سروے کو یکسر مسترد کردیا کہ میں ہی امریکیوں کا سب سے پسندیدہ صدر اور نمائندہ ہوں۔ ٹرمپ نے مدٹرم الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے اپنے سپورٹروں کو پانچ ہزار ڈالر فی ووٹر انعام دینے کا وعدہ بھی کیاتھا لیکن چار نومبر 2026ء کی شام پوری دنیا نے کھلی آنکھوں سے ٹرمپ اور اس کے نمائندوں کو شکست فاش کا سامنا کرتے ہوئے دیکھا۔ اب ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے 241 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کرچکی ہے اس کے برعکس ٹرمپ کی حمایت یافتہ نمائندوں نے 139 سیٹوں پر کامیابی حاصل کیں۔سینٹ میں ڈیموکریٹس کو 54 اور ریپبلکن کو 44 نشستیں ملیں۔پوری دنیا میں ٹرمپ کی بدترین شکست پر اپنے اپنے انداز میں تبصرے ہورہے ہیں۔ سب سے بہترین تبصرہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے کیا۔ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد خود ہی وہ معاہدہ توڑ دیا، توکبھی ایران کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے کا اعلان کیاجاتا رہا۔اس مخبوط الحواس امریکی صدر ٹرمپ ہی کے ایما پر اسرائیل نے غزہ کی جیتی جاگتی ریاست کو 75ہزار مسلمان عورتوں بچوں اور مردوں کو شہید کرکے ملبہ کا ڈھیر بنا دیا ہے، اب بھی اسرائیل کو سکون نہیں مل رہا۔وقتاً فوقتاً بمباری کر کے مسلمانوں کو شہید کرتا رہتا ہے۔لبنان کے آدھے ملک کو پے در پے حملے کرکے تباہ و برباد کردیا۔ اسرائیل کی ہوس کم ہونے کی بجائے بڑھتی ہی چلی گئی اور شام جیسے خوبصورت ملک پر بھی فضائی حملے کرکے تباہ کرنے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی۔ گولا ن کی پہاڑیوں پر پہلے ہی اسرائیل نے قبضہ جما رکھا ہے گویا یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ جہاں غزہ، لبنان، شام اور ایران میں شہید ہوئے مسلمانوں کا خون اسرائیلی وزیراعظم کے سر پر تو ہے ہی،وہاں امریکی صدر ٹرمپ بھی اسرائیلی وزیراعظم سے کہیں بڑا مجرم قرار پاتا ہے جس نے جدید ترین ٹیکنالوجی سمیت اسلحے کے ڈھیر اسرائیل کو فراہم کیے رکھے۔وہ اسرائیلی وزیراعظم جس سے پوری مہذب دنیا نفرت کرتی ہے اور وہ بلاشبہ انسانیت کا بدترین دشمن ہے اسی اسرائیلی وزیراعظم کو امریکی صدر ٹرمپ اپنا بہترین دوست قرار دیتے ہیں، اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا کہ مڈٹرم الیکشن میں بدترین ناکامی امریکی صدر ٹرمپ کے مونہہ پر زور دار طمانچہ ہے جس کی ہوس نے پوری دنیا کو جہنم بنا رکھا ہے،اگر ٹرمپ میں غیرت ہوتی تو اسے منصب صدارت سے مستعفی ہوجانا چاہئے۔وگرنہ ذلت اور رسوائی کی داستان طویل سے طویل ہوتی جائے گی۔

ایڈیٹوریل نوٹ: یہ مضمون درحقیقت ’روزنامہ پاکستان ‘، پاکستان پر شائع ہوا تھا اور اصل مصنف و اشاعت کے حوالے کے ساتھ ’اقبال فورم‘ کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ مضمون مصنف کی ذاتی آراء پر مشتمل ہے ضروری نہیں کہ یہ آراء اقبال فورم کے مؤقف کی ترجمانی کریں۔

مصنف کے بارے میں

اس مضمون کا حوالہ کیسے دیں

اسلم لودھی. «ٹرمپ کو ایران، غزہ اور لبنان کی جنگ لے ڈوبی.» اقبال فورم، 9 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=55305.

حوالہ دینے کے انداز

اسلم لودھی. (9 نومبر 2026). ٹرمپ کو ایران، غزہ اور لبنان کی جنگ لے ڈوبی. اقبال فورم. https://iqbalforum.org/ur/?p=55305

متعلقہ تحقیق

تازہ ترین

تبصرے

تبصرہ کریں
1000حروف باقی
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔