مڈٹرم انتخابات سے آگے
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے نتیجے میں کانگریس پر ان کا کنٹرول قائم ہوگیا ہے، جو ٹرمپ انتظامیہ کیلئے ایک بڑا سیاسی دھچکا ہے اور واشنگٹن میں پالیسیوں…
مصنوعی ذہانت کا تجزیہ
3 نومبر کے امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی شاندار کامیابی، جس کے نتیجے میں ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں پر اس کا کنٹرول قائم ہوگیا ہے، نے واشنگٹن کے سیاسی منظرنامے کو بنیادی طور پر تبدیل کردیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے، یہ نتائج ایک بڑا سیاسی دھچکا ہیں۔ تاہم دنیا کیلئے اس سے بھی اہم سوال یہ ہے کہ امریکی خارجہ پالیسی کا رخ کیا ہوگا اور موجودہ پالیسیوں میں کس حد تک تسلسل برقرار رہے گا۔ ڈیموکریٹس کو اب کانگریسی نگرانی، بجٹ سے متعلق فیصلوں اور قانون سازی کے عمل پر زیادہ اثر و رسوخ حاصل ہوگا۔ اگرچہ ٹرمپ کو خارجہ امور میں وسیع انتظامی اختیارات بدستور حاصل رہیں گے، لیکن اب ان کیلئےبغیر کسی مؤثر قانون ساز مزاحمت کے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانا نسبتاً مشکل ہوگا۔اسلام آبادکیلئے فوری سوال یہ ہے کہ آیا واشنگٹن کی داخلی سیاست میں یہ تبدیلی پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ بہتر ہوتے تعلقات کو متاثر کرے گی، اور پاکستان اس سیاسی ہلچل میں کس قدر مہارت سے اپنا راستہ بناتا ہے۔گزشتہ چند برسوں میںاعلیٰ سطحی روابط، واشنگٹن میں بہتر سیاسی رسائی اور علاقائی معاملات میں تعاون نے پاکستان کو امریکی دارالحکومت میں زیادہ نمایاں مقام دلایا ہے۔لیکن ڈیموکریٹس کی کامیابی کا یہ مطلب نہیں کہ ٹرمپ نے امریکی خارجہ پالیسی پر اپنا کنٹرول کھو دیا ہے، اور نہ ہی واشنگٹن فوری طور پر اپنی موجودہ تزویراتی ترجیحات سے دستبردار ہوجائیگا۔ تاہم کانگریس میں طاقت کے نئے توازن نے انتظامیہ کیلئے ایک زیادہ پیچیدہ سیاسی ماحول پیدا کردیا ہے، اور اسکے اثرات ان ممالک پر بھی پڑ سکتے ہیں جنہوں نے خود کو موجودہ امریکی پالیسیوں سے منسلک کیا ہے۔
پاکستان کی پہلی ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ وہ ان نتائج کی تشریح کو جماعتی وابستگیوں سے بالاتر رکھے۔ اسلام آباد کو نہ تو ٹرمپ انتظامیہ سے فاصلہ اختیار کرنا چاہیے اور نہ یہ فرض کرنا چاہیے کہ کانگریس پر ڈیموکریٹس کا کنٹرول خودبخود واشنگٹن کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہتر کردے گا۔ پاکستان کو امریکی سیاسی نظام کے تمام اہم حلقوں تک اپنی سفارتی رسائی وسیع کرنی چاہیے اور ایسے ادارہ جاتی روابط قائم کرنے چاہئیں جو سیاسی تبدیلیوں سے متاثر نہ ہوں۔کانگریس میں ڈیموکریٹک قیادت، بالخصوص خارجہ امور، دفاع اور بجٹ سے متعلق معاملات میں اثر رکھنے والے ارکان، مستقبل میں اہم رابطہ کار بنیں گے۔ پاکستان کو واشنگٹن میں اپنے سفارتخانے کے تعاون سے ایک مستقل پارلیمانی رابطہ پروگرام تشکیل دینا چاہیے، جسکے ذریعے وہ اپنی علاقائی ترجیحات، سلامتی کے خدشات اور اقتصادی استعداد کو مؤثر انداز میں اجاگر کرسکے۔ تاریخی طور پر ڈیموکریٹک انتظامیہ اور قانون ساز بھارت کے ساتھ مضبوط تعلقات رکھتے آئے ہیں۔ بدلتے ہوئے ماحول میں اسلام آباد کو وقتی جغرافیائی و سیاسی حالات پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی تزویراتی اہمیت خود بڑھانا ہوگی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ، علاقائی استحکام، افغانستان، جوہری خطرات میں کمی، تجارت، اہم معدنیات اور علاقائی رابطہ کاری ایسے شعبے ہیں جہاں امریکی اور پاکستانی مفادات میں اشتراک موجود ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بھی اس پورے معاملے کا ایک اہم پہلو ہے۔ ایران کے ساتھ جنگ امریکی داخلی سیاست میں ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے۔ ڈیموکریٹس کے زیرِ کنٹرول کانگریس کی جانب سے انتظامیہ کی فوجی حکمتِ عملی، اخراجات اور خطے میں امریکی وابستگیوں کا زیادہ سخت جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔ اس سے سفارتی حل کیلئے دباؤ بڑھ سکتا ہے، تاہم اس کامطلب یہ نہیں کہ ٹرمپ ایران کے بارے میں اپنی پالیسی تبدیل کردیں گے۔پاکستان کیلئے اس کے اثرات فوری اور براہِ راست ہیں۔ ایران کے ساتھ کسی بھی کشیدگی میں اضافہ علاقائی استحکام کو خطرے میں ڈال سکتا ہے،پاکستان کی معیشت پر مزید بوجھ ڈال سکتا ہے۔ ایران کے ساتھ پاکستان کی جغرافیائی قربت، توانائی کی ضروریات اور خلیجی ممالک کے ساتھ اقتصادی روابط اس امر کو واضح کرتے ہیں کہ علاقائی امن پاکستان کے براہِ راست قومی مفاد میں ہے۔دریں حالات اسلام آباد کو تہران، واشنگٹن اور خلیجی دارالحکومتوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے چاہئیں، تاہم علاقائی کشمکش میں فریق بننےسے گریز کرنا چاہیے۔البتہ فلسطین کے بارے میں پاکستان کا اصولی مؤقف بھی بین الاقوامی قانون کے مطابق برقرار رہنا چاہیے اور ایسے سفارتی حل کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جو خطے میں تصادم کو روک سکے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کے ساتھ تعلقات میں بھی زیادہ اقتصادی گہرائی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔کیونکہ خلیجی سرمایہ کاری، توانائی، تجارت اور روزگار کے مواقع پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
امریکی مڈٹرم انتخابات پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی اقتصادی بنیادوں پر ازسرنو غور کا ایک موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ معدنیات اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری پر حالیہ توجہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے، جسےمزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔اہم معدنیات میں عالمی دلچسپی پاکستان کیلئے سرمایہ کاری کے حصول کا اہم موقع ہے۔تاہم اقتصادی سفارتکاری کو داخلی اصلاحات کا سہارا حاصل ہونا چاہیے۔ سیاسی عدم استحکام، پالیسیوں میں عدم تسلسل، ضابطہ جاتی غیر یقینی اور حکمرانی کی کمزوریاں طویل المدت سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ بیرونِ ملک پاکستان کی ساکھ بالآخر اسکے اندرونی استحکام اور اقتصادی مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت سے متعین ہوگی۔ایک اور اہم پہلو یہ کہ پاکستان کو امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت میں غیر ضروری طور پر فریق بننے سے گریز کرنا ہوگا۔اس کا مطلب ہر عالمی تنازع میں برابری کی دوری اختیار کرنا نہیں، بلکہ جہاں دونوں شراکت داروں کے ساتھ تعاون ممکن ہو وہاں غیر ضروری انتخاب سے گریزکیا جائے۔واشنگٹن کی نئی سیاسی صورتحال افغانستان کے بارے میں بھی ایک مربوط حکمتِ عملی کی متقاضی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف تعاون، سرحد پار عسکریت پسندی اور علاقائی سلامتی ایسے معاملات ہیں جن پر پاکستان اور امریکا کے مفادات مشترک ہیں۔ اسلام آباد کو ان مشترکہ مفادات کو عملی تعاون میں تبدیل کرنا چاہیے، جبکہ اپنی پالیسی کو قابلِ تصدیق سلامتی کے خدشات اور علاقائی استحکام کی بنیاد پر برقرار رکھنا چاہیے۔ ساتھ ہی افغانستان کو دوبارہ عدم استحکام کا مرکز بننے سے روکنےکیلئے علاقائی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔
امریکی مڈٹرم انتخابات کا سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ پاکستان کو سفارتی رسائی اور دیرپا اثر و رسوخ کے درمیان فرق سمجھنا ہوگا۔ ایک پائیدار تعلق کیلئے ادارہ جاتی روابط، اقتصادی باہمی انحصار اور مستقل سیاسی فہم ضروری ہے۔ اسلام آباد کو موجودہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعمیری روابط برقرار رکھتے ہوئے ڈیموکریٹک کانگریس کی نئی قیادت کے ساتھ بھی مؤثر اور عملی تعلقات استوار کرنے چاہئیں۔ اسے واشنگٹن میں ہونے والی ہر سیاسی تبدیلی کو محض پاکستان کیلئے موقع یا نقصان سمجھنے کے رجحان سے بھی بچنا ہوگا۔پاکستان نہ امریکی داخلی سیاست کے نتائج طے کرسکتا ہے اور نہ ہی اسے اپنی خارجہ پالیسی واشنگٹن کے انتخابی حساب کتاب کے مطابق ترتیب دینی چاہیے۔ اسکی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنا سفارتی سرمایہ مضبوط کرے، اپنی علاقائی اور عالمی پوزیشن کو زیادہ مؤثر بنائے، اپنی تزویراتی ترجیحات واضح انداز میں پیش کرے اور ایسے تعلقات استوار کرے جو دنیا کے کسی بھی دارالحکومت میں سیاسی تبدیلیوں کے باوجود قائم رہ سکیں۔
سبق سادہ ہے: سفارتکاری صرف واشنگٹن میں درست شخصیت کے انتخاب کا نام نہیں؛ اصل کامیابی یہ ہے کہ پاکستان خود کو واشنگٹن کی طاقت کے ایوانوں میں تزویراتی طور پر اس مقام پر کھڑا کرے جہاں اس کی آواز سنی جائے، اسکے مفادات سمجھے جائیں اور اسکی اہمیت سیاسی تبدیلیوں سے ماورا ہو۔
مصنف کے بارے میں
ڈاکٹر ندیم جان
ڈاکٹر ندیم جان ایک مصنف اور سابق وفاقی وزیرِ صحت ہیں۔ وہ اس وزارت کے منصب پر وفاقی سطح پر فائز رہ چکے ہیں۔
پروفائل اور تمام تحریریںاس مضمون کا حوالہ کیسے دیں
ڈاکٹر ندیم جان. «مڈٹرم انتخابات سے آگے.» اقبال فورم، 7 نومبر 2026. https://iqbalforum.org/ur/?p=54497.
تبصرے