خلیج کی جنگ، پاکستانی ثالثی اور امن
گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری خلیجی جنگ نے عالمی معیشت، آبنائے ہرمز اور پاکستان کو انرجی بحران، مہنگائی اور ساٹھ لاکھ پاکستانی مزدوروں کے روزگار کے خطرے سے دوچار کر دیا ہے،…
تحلیل هوش مصنوعی
گزشتہ آٹھ ماہ سے خلیجی ممالک جنگ اور امن کے مابین معلق ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکہ کو جنگ پر تو آمادہ کر لیا لیکن اب جنگ سے نکلنے کا راستہ نہیں مل رہا۔ ایرانی شرائط پر جنگ ختم کرنا صدر ٹرمپ کی پہاڑ جیسی اَنا کیلئے بے حد مشکل ہے۔ جنگ کی وجہ سے مڈٹرم الیکشن بُری طرح ہارے ہیں‘ پھر بھی فرما رہے ہیں کہ الیکشن میں پارٹی ہاری ہے میں نہیں ہارا۔ موصوف بُری طرح نرگسیت کا شکار ہیں اور اب بھی اپنے آپ کو عقلِ کل سمجھتے ہیں حالانکہ ان کے غلط فیصلوں سے پوری دنیا کی معیشت بُری طرح متاثر ہوئی ہے اور جنگ کے منفی اثرات عام امریکی شہری تک بھی گئے ہیں‘ تبھی تو الیکشن میں بھاری شکست ہوئی ہے۔ دوسری جانب ایران کی خود اعتمادی میں انتہائی مشکل حالات کے باوجود اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان اس جنگ سے براہِ راست متاثر ہوا ہے۔ انرجی کی قیمتیں بے تحاشا بڑھی ہیں۔ پٹرول‘ ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے تمام اشیائے صرف کی قیمتوں نے چھلانگیں لگائی ہیں۔ خلیجی ممالک کی معیشت آبنائے ہرمز کی وجہ سے کساد بازاری کا شکار ہے۔ بحری جہازوں اور آئل ٹینکرز کے کرائے اور انشورنس آسمان سے باتیں کر رہے ہیں مگر صدر ٹرمپ کے سر میں ایک ہی سودا سمایا ہوا ہے کہ کہیں ایران جوہری ہتھیار بنا کر اسرائیل کا ہم پلہ نہ بن جائے۔ دبئی کے ہوٹل آدھے خالی پڑے ہیں۔ دوحہ کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں مگر مکمل طور پر نارمل ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔ امن کی آشا لیے قطری حکومت بھی اب ثالثی میں تندہی سے کام کر رہی ہے۔ خلیجی ممالک میں ساٹھ لاکھ پاکستانی کام کر رہے ہیں۔ بے شمار پاکستانی شہریوں کی روزی روٹی‘ تعلیم اور صحت کے اخراجات ہمارے یہ جفاکش لوگ اپنی محنت کی کمائی سے پورے کر رہے ہیں۔ خلیج میں جو اقتصادی حالات ہیں اس کی وجہ سے ہمارے ہزاروں محنت کش روزگار سے محروم ہو سکتے ہیں‘ کیا حکومت نے اس منظرنامے کا کبھی سوچا ہے؟
سعودی عرب اور ایران سے روحانی تعلق کے علاوہ اب خلیجی ممالک کے ساتھ ہمارے اقتصادی مفادات بھی خاصے گہرے ہیں۔ پاکستان کی آئندہ اقتصادی ترقی میں خلیجی ممالک میں اشیائے خوردنی کی ڈیمانڈ کردار ادا کر سکتی ہے۔ لیکن وہاں اشیائے صرف کی مانگ تب بڑھے گی اگر امن ہو گا‘ خوشحالی واپس آ ئے گی‘ قوتِ خرید بڑھے گی۔ پاکستان شروع سے خلیجی امن کیلئے پوری تندہی سے کوشاں رہا ہے۔ جب اسلام آباد ایم او یو پر دستخط ہوئے تھے تو یہ پاکستان کیلئے ایک فخریہ لمحہ تھا۔ لیکن اس ایم او یو پر طرفین نے عمل نہیں کیا اور خلیج کے حالات پھر سے مخدوش ہو گئے۔ آبنائے ہرمز اب دو عملی کا شکار ہے‘ یعنی ایران کا تسلط بھی قائم ہے اور امریکہ کا بھی۔ لبنان میں اسرائیل نے بڑی حد تک حزب اللہ پر برتری حاصل کر لی ہے مگر یمن میں حوثی خاصے فعال ہو گئے ہیں۔ باب المندب سے قربت کی وجہ سے حوثیوں کیNuisance value اچھی خاصی ہے اور یہ باقاعدگی سے سعودی عرب پر ڈرون حملے کر رہے ہیں۔ اسی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے سعودی عرب‘ ترکیہ اور پاکستان کے دفاعی ادارے مسلسل رابطے میں ہیں۔
گزشتہ ایک ماہ میں تین چار ایسے واقعات ہوئے جنہیں پاکستان مخالف میڈیا نے خوب شہ دی اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ پاکستان اور ایران میں دوریاں بڑھ رہی ہیں۔ اس ماہ کے آغاز میں ایرانی حکومت نے اعلان کیا کہ چین‘ بھارت‘ قطر اور عراق کے بحری جہاز بغیر کسی روک ٹوک کے آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں۔ اس لسٹ سے پاکستان کا نام غائب تھا۔ اس سے چند روز پہلے قطر کا ایک گیس بردار ٹینکر خلیج میں حملے کا نشانہ بنا‘ یہ جہاز پاکستان آ رہا تھا۔ عام خیال تھا کہ حملہ ایران کی طرف سے ہوا۔ گو کہ اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ عسکری قیادت نے ایران کا دورہ کیا تو کہا گیا کہ ایرانی رویے میں سرد مہری نمایاں تھی۔ مذکورہ بالا ساری باتیں پروپیگنڈا کے زمرے میں آتی ہیں اور یہ حقیقت سے خاصی دور ہیں۔ پاکستانی جہازوں کو ایرانی استثنیٰ کئی مہینوں سے حاصل ہے۔ قطر کے گیس ٹینکر پر کس نے حملہ کیا‘ یہ بات ابھی حل طلب ہے۔ قطر اور پاکستان دونوں کے ساتھ ایران کے دوستانہ تعلقات ہیں۔ بارڈر پر تجارت بھی ایک ہفتہ بعد دوبارہ کھل گئی اور دراصل بارڈر سکیورٹی عوامل کی وجہ سے بند ہوا تھا۔ اس بارڈر پر نارکوٹکس کی سمگلنگ ہوتی رہی ہے۔ انسانی سمگلنگ ایک الگ مسئلہ ہے۔ دہشت گردی کے خطرات دونوں طرف منڈلاتے رہتے ہیں۔ ان خطرات سے نپٹنے کیلئے ایران اور پاکستان کے مابین تعاون جاری ہے۔ پھر یہ کہا گیا کہ مکہ دفاعی معاہدے کا اصل ہدف ایران ہے‘ اس بیانیے کی قلعی تو خود ایرانی حکام نے کھول دی ہے جب سعودی عرب‘ ترکیہ اور پاکستان کا مشترکہ مشن تہران گیا تو اسے حکومتی سطح پر خاص پذیرائی ملی۔ وفد کو یہ بھی بتایا گیا کہ ایران دفاع کیلئے خطے کے ممالک کا اپنا بنایا ہوا مقامی نظام چاہتا ہے۔ یاد رہے کہ جب مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے تب بھی ایرانی حکومت نے مخالفت نہیں کی تھی۔ تقریباً ایک ماہ قبل اسلام آباد کے ایک معروف تھنک ٹینک نے سابق ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف کے ساتھ آن لائن مکالمے کا اہتمام کیا۔ صدر اوباما کے دور میں امریکہ کے ساتھ جوہری معاملات پر ایران کی نمائندگی جواد ظریف ہی کرتے تھے اور طویل مذاکرات کے نتیجے میں ایک جامع معاہدہ تشکیل پایا تھا۔ صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے عہد صدارت میں اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ بڑی وجہ یہ تھی کہ یہ معاہدہ اسرائیل کو پسند نہیں تھا کیونکہ ایران پر جوہری افزودگی محدود رکھنے کی مدت صرف پندرہ سال تھی اور اسرائیل کو خدشہ تھا کہ پندرہ سال گزر جانے کے بعد ایران ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہو جائے گا۔ بعد میں یہ نیتن یاہو اور ٹرمپ کا مشترکہ خوف بن گیا اور موجودہ جنگ پر منتج ہوا۔ ڈاکٹر جواد ظریف کے ساتھ آن لائن مکالمے کیلئے مڈل ایسٹ اور ایران شناس چیدہ چیدہ شخاص کو بلایا گیا تھا تاکہ نشست دلچسپ رہے اور سودمند بھی ہو۔ ڈاکٹر جواد ظریف نے کھل کر کہا کہ وہ مکہ دفاعی معاہدے کے حامی ہیں۔
ایک تاثر یہ بھی ہے کہ اب ایران اور امریکہ کے مابین ثالثی کے فرائض قطر کو سونپ دیے گئے ہیں۔ یہ تاثر بھی درست نہیں ہے۔ قطر اور پاکستان کی کوششیں متوازی چل رہی ہیں اور دونوں ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔ قطر کے دونوں متحارب ممالک کے ساتھ دوستانہ مراسم ہیں۔ گیس کا بہت بڑا فیلڈ خلیجی پانیوں کی تہہ میں ہے اور یہاں ایران اور قطر دونوں شریک ہیں‘ لہٰذا دونوں کا تعاون قدرتی امر ہے۔ امریکہ کا بہت بڑا ہوائی اڈہ قطر میں موجود ہے۔ آپ کو یاد ہو گا کہ امیر قطر نے ایک اعلیٰ قسم کا ہوائی جہاز صدر ٹرمپ کو تحفے میں دیا تھا۔ ایک بات اور قابلِ ذکر ہے اور وہ یہ کہ ایران کے کچھ منجمد اثاثے قطری بینکوں میں پڑے ہیں۔ ایک رائے یہ بھی ہے کہ اگر یہ ایرانی اثاثے واپس کر دیے جائیں اور اس کے عوض ایران اپنے ایٹمی پروگرام کی عالمی انسپکشن پر راضی ہو جائے تو اس جنگ کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔
پاکستان کا ثالثی کا کردار بھی جاری ہے۔ حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والی ای سی او وزارتی کانفرنس میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ پاکستانی قیادت کا کہنا تھا کہ وہ امن کی کوششوں میں مصروف ہیں اور یہ جاری رہیں گی۔ عباس عراقچی کا ایرانی وفد کے قائد کے طور پر اسلام آباد آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں کوئی تنائو نہیں اور یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان کو ثالثی کیلئے سب سے پہلے امریکہ نے کہا تھا۔ اس جنگ کے بے شمار نقصانات کے برعکس ایک فائدہ یہ ہوا ہے کہ امریکی عوام نے آنکھیں بند کرکے اسرائیل کی سپورٹ بند کر دی ہے۔ پاکستان کو امن کیلئے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔ خلیج میں امن ہمارے اپنے مفاد میں ہے اور اس میں تمام دنیا کا فائدہ ہے۔
ادارتی نوٹ: یہ مضمون پاکستان کے روزنامہ "روزنامہ دنیا" میں شائع ہوا تھا، اور اصل مصنف اور اشاعتی ادارے کے حوالے کے ساتھ اقبال فورم کی ویب سائٹ پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ اس مضمون میں بیان کردہ خیالات مکمل طور پر مصنف کے ذاتی ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ اقبال فورم کے مؤقف کی عکاسی کرتے ہوں۔
دربارهٔ نویسنده
شیوه ارجاع به این مقاله
جاوید حفیظ. «خلیج کی جنگ، پاکستانی ثالثی اور امن.» اندیشکده اقبال، ۲ آذر ۱۴۰۵. https://iqbalforum.org/fa/?p=56560.
نظرات